پیپلزپارٹی یومیہ اجرت کمانے والوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی: بلاول بھٹو


چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام سے ہیں اور عوام ان سے ہیں۔ ایسے کڑے وقت میں پاکستان پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کسی ضرورت مند کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کی امداد کے میکنزم کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شیری رحمان۔ نیر بخاری۔ سید نوید قمر۔ سلیم مانڈوی والا اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اجلاس شریک ہوئے جبکہ تاج حیدر۔ وقار مہدی۔ امتیاز شیخ۔ مرتضی وہاب اور حارث گزدر کے علاوہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے پی پی پی کراچی کے صدر سعید غنی بھی ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے۔

اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں یومیہ اجرت کمانے والے پریشان نہ ہوں۔ پاکستان پیپلزپارٹی آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ایک ایک مزدور کے گھر پہنچے اور اسے راشن دے اور گھروں کی دہلیز پر یومیہ اجرت کمانے والوں کو راشن پہنچایا جائے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ حکومت کے ذمہ داران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ سندھ کے کسی مزدور کے گھر میں فاقے نہیں ہونے چاہئیں۔

اس موقع پر سندھ حکومت نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی قیادت کو ضرورت مندوں کی مدد کیلئے اپنی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کیلئے سندھ کے ہر ضلع کے ڈی سی کو پہلے مرحلے میں دو کروڑ روپوں کے اجراء پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پہلے فیز کے تحت یومیہ اجرت کمانے والوں کو راشن کی تقسیم فی الفور شروع کی جائے۔ اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کی مدد کیلئے دوسرے فیز پر سندھ حکومت کی بریفنگ بھی لی۔

ویڈیو لنک اجلاس کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے زکوۃ مستحقین کے حوالے سے بھی استفسار کیا جس کے جواب میں سندھ حکومت کے ذمہ داران نے بریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا کہ ایک لاکھ زکوۃ مستحقین کو ان کے اکاؤنٹس میں پیسے منتقل کردئیے گئے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر سندھ حکومت کو یومیہ اجرت کمانے والے افراد کے رابطے کے حوالے سے ہیلپ لائن بنانے کی بھی ہدایت کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments