کرونا اور سنتِ صحابہ


رسول اللہﷺ کی ختم نبوت کا ایک مظہر یہ بھی ہے کہ آپﷺ کے اصحاب کی مجموعی سیرت میں اللہ تعالیٰ نے امت کی کامل راہنمائی رکھی ہے۔ موجودہ حالات کا شکار ہر طبقہ اپنے لئے صحابہ کرام کی سیرت سے راہنمائی حاصل کرسکتا ہے۔

صحت مندوں کے لئے : : اس وبائی صورتحال میں جو لوگ صحتمند ہیں۔ ان کے لئے حضرت عمر فاروق اور حضرت عمرو بن العاص کا طرز عمل راہنما کی حیثیت رکھتا ہے۔ حضرت عمر نے وبا زدہ علاقے میں داخل ہونے سے پرہیز کیا۔ اور حضرت عمرو بن العاص نے وبا زدہ علاقے میں رہتے ہوئے لوگوں کو گھروں سے نکل کر پہاڑوں پر جانے کا مشورہ دیا۔ چونکہ طاعون تیزی سے ایک انسان سے دوسرے انسان تک منتقل ہورہا تھا۔ اس لیے حضرت عمرو بن العاص نے یہ تدبیر اختیار کی۔ تاکہ لوگ آبادی کی گنجانی سے نکل کر کھلی فضا میں جائیں۔ نیز اس سے ان کا اجتماع بھی کم ہوگا۔ ایک دوسرے سے دور رہ کر محفوظ رہ سکیں گے۔ اور پھر ایسا ہی ہوا۔ کہ اس تدبیر کی برکت سے اللہ نے وبا ختم فرمادی۔

جو لوگ کرونا وائرس سے بفضل الٰہی محفوظ ہیں۔ وہ گھروں میں رہیں۔ کیونکہ گھر سے باہر کا علاقہ وبا زدہ ہے۔ بایں معنی کہ باہر کسی سے بھی یہ وائرس آپ تک منتقل ہوسکتا ہے۔ نیز باہر جانا بھی ہو، تو انسانوں سے چند فٹ کا فاصلہ رکھیں۔ اس طرح درج بالا دو بزرگوں کی سنت پر عمل کرتے ہوئے اپنی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

بیماروں کے لئے :: جو لوگ تقدیر الٰہی کے تحت اس وائرس کا شکار ہیں۔ ان کو حضرت ابوعبیدہ بن الجراح اور حضرت معاذ بن جبل کا طرز عمل مایوسی کے پاتال سے نکال سکتا ہے۔ یہ دونوں بزرگ طاعون کا شکار ہوئے۔ لیکن انہوں نے مایوس ہونے کی بجائے اس بیماری کو رحمت قرار دیا۔ کہ اس سے انسان کے گناہ معاف ہوتے ہیں۔ اور موت آگئی تو شہادت کی موت نصیب ہوگی

ان حالات میں بیمار کو اپنے اعصاب گرفت میں رکھتے ہوئے اللہ کی رحمت سے امیدوار ہونا چاہیے۔ مسلمان کو مایوسی زیب نہیں دیتی۔

نوٹ: اگر اللہ نے آپ کو صحت دی ہے۔ تو گھر کو لازم پکڑئیے۔ اس سے جیتے جی آپ کو شہادت کا رتبہ نصیب ہوگا۔ فرمان نبوی کا مفہوم ہے کہ طاعون کے وقت جو شخص اپنے گھر میں رہا، اس نیت سے کہ ہوتا وہی ہے جو اللہ چاہتا ہے، تو اس کو اللہ تعالیٰ شہادت کا ثواب عطا فرمائیں گے۔ اس لیے ہر قسم کی احتیاطی تدابیر کو دین کا تقاضا سمجھ کر اپنالیجیے۔ اس سے زندگی بھی محفوظ رہے گی۔ اور ان شاءاللہ شہادت کا ثواب بھی مفت میں ملے گا۔ اللہ تعالیٰ سب کی حفاظت فرمائے۔

سید مجیب الرحمٰن شاہ
Latest posts by سید مجیب الرحمٰن شاہ (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments