کورونا اور لاک ڈاؤن
کورونا کی وباء چین کے شہر ووہان سے شروع ہوئی۔ اس وبا نے چین کے شہر ووہان کی آبادی کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ یہاں تک کہ ووہان کو لاک ڈاؤن کرنا پڑ گیا۔ لیکن کورونا وائرس پوری دنیا میں پھیل چکا تھا۔ امریکہ، چین، اٹلی، اسپین، فرانس، برطانیہ اور اس وباء کا شکار تمام ممالک بے بس نظر آتے ہیں۔ کورونا وائرس کی کوئی ویکسین ابھی تک کسی ملک میں تیار نہیں ہوئی۔ اور یہ وائرس ہزاروں جانیں لے چکا ہے۔ اس وائرس سے بچنے کا واحد حل خود کو آئسولیٹ کرنا ہے۔
اسی وجہ سے اس وائرس کے مریض کو الگ رکھا جاتا ہے۔ تا کہ یہ وائرس مزید نہ پھیلے۔ تقریباً تمام ممالک لاک ڈواؤن کر چکے تھے۔ لیکن پاکستان میں لاک ڈاؤن بروقت نہ ہو سکا۔ اور ایران سے آئے زائرین کو قرنطینہ میں رکھنے کے باوجود یہ وائرس پاکستان میں پھیلتا گیا۔ یہ وائرس جس بھی ملک میں پھیلا اس ملک نے شروعات میں اس وائرس کو اہم مسئلہ کے طور پہ نہ سمجھا۔ لیکن بعد میں اس کے خوفناک نتائج نکلے۔ سب سے پہلے پاکستان کے صوبہ سندھ میں یہ وائرس پھیلا۔
اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے پورے پاکستان میں یہ وائرس پھیل چکا ہے۔ سندھ حکومت نے لاک ڈواؤن کا فیصلہ کر لیا۔ اور کھانے پینے کی اشیاء کے علاوہ سب دکانیں اور فیکٹریاں بند کر دی گئیں۔ اس کے بعد پورے پاکستان کو لاک ڈواؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اور پورا پاکستان آج لاک ڈواؤن ہے۔ پاکستان کے ہوائی اڈے، ریلوے اسٹیشن، بس اسٹیشن اور آمدورفت کے دوسرے ذرائع بند ہیں۔ لیکن کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ڈیڑھ ہزار سے اوپر ہے۔ عوام میں کورونا وائرس کے حوالے سے آگاہی کی کمی تھی۔ اور منافع خور لابی نے کریانہ اسٹورز پہ آٹا اور چینی کا مصنوعی بحران پیدا کیا ہے۔ یومیہ اجرت والے طبقے کے لئے یہ لاک ڈواؤن قیامت سے کم نہیں ہے۔ مزدور کے پاس کسی قسم کی کوئی سیونگ نہیں ہوتی۔ وہ روزانہ کماتا ہے۔ اور روزانہ گھر کا راشن اپنی ضرورت کے مطابق خریدتا ہے۔ مزدور مہینے کا پورا راشن نہیں خریدتا۔
حکومت کو مزدوروں اور غریب طبقے کو خصوصی اور فوری ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔ تا کہ وہ اپنی گزر بسر کر سکیں۔ فلاح تنظیموں کی طرف سے غریب عوام کی بھرپور مدد کی جا رہی ہے۔ حکومت پاکستان کو ہنگامی بنیادوں پر مزدوروں کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ تا کہ مزدور طبقہ اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پال سکے۔ اگر پاکستان کے دیہاتوں کی بات کی جائے تو وہاں کورونا وائرس کے حوالے سے لوگوں میں آ گہی نہیں۔ نہ ہی دیہاتوں کے لوگ سماجی فاصلے کے اصول کی پیروی کر رہے ہیں۔
اور نہ ہی عوامی میل جول سے گریز کر رہے۔ اس کے علاوہ دیہاتوں میں صحت اور صفائی کی بہتر سہولیات میسر نہیں ہیں۔ خدانخواستہ اگر ہہ وباء دیہاتوں میں پھیل گئی۔ تو بہت بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عوامی نمائندوں کو چاہیے کہ دیہات کے لوگوں میں کرونا وائرس کے حوالے سے آگاہی مہم چلائیں۔ تا کہ دیہات کے لوگوں میں کرونا وائرس جیسی وباء کے حوالے سے شعور بیدار ہو۔ پاکستان میں اس وقت کرونا کی تشخیص کے لئے کیے جانے والے ٹیسٹوں کی تعداد بہت کم ہے۔
روزانہ کی بنیاد پہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ ہونے چاہئیں۔ تا کہ کورونا وائرس سے تشخیص شدہ مریضوں کو آئسولیشن وارڈز میں رکھ کر کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ نزلہ، زکام اور کھانسی کی صورت میں خود کو الگ کمرے میں آئسولیٹ کریں۔ اور بروقت میڈیسن لیں۔ بار بار ہاتھ دھونے سے کورونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کسی بھہ وباء کی صورت میں پینک نہیں ہونا چاہیے۔ اور ضرورت سے زیادہ اشیاء خوردونوش کی خریداری سے گریز کیا جائے۔
اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ لاک ڈواؤن کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اور ہمیں معاشی طور پہ بھی بھی بہت نقصان ہو رہا ہے۔ لیکن لاک ڈواؤن کے سوا اور کوئی حل نہیں۔ جس سے اس وباء سے لڑا جا سکے۔ اس لیے زیادہ سے زیاہ گھروں میں رہیں۔ اور بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ ہمیں بہادری سے اس وباء کی مقابلہ کرنا ہے۔


