کورونا وائرس کے متعلق چینی ڈاکٹرز کا پاکستان میں حیرت انگیز انکشاف


چینی ڈاکٹرز کی ٹیم جیسے ہی پاکستان پہنچی تو اسے وائرس زدہ مریض کا معائنہ کرنے کے لئے ہسپتال لے جایا گیا۔ سب سے پہلے انتہائی اہم مریض ایک پارٹی کے ممبر اور حکومتی وزیر جس کا کورونا پازیٹو آیا تھا کا معائنہ کروایا گیا۔ چینی ڈاکٹرز تین دن تک رات دن معائنہ کرنے میں مصروف رہے۔ لیباٹری رپورٹ بتاتی کہ کورونا کا ٹیسٹ پوزیٹو آرہا ہے مگر سخت محنت کے باوجود کورونا وائرس جسم میں نظر نہیں آرہا تھا۔ چینی ڈاکٹرز حیرت میں پڑگئے کہ یہ تو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔

چینی ڈاکٹرز بہت ہی زیادہ غور فکر کرنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ پہلے موصوف مریض کا ایک ایسا ٹیسٹ کیا جائے کہ جس سے جسم میں موجود تمام وائرس کا پتا لگایا جاسکے۔ پھر ان وائرسز سے کورونا کو الگ کرکے دیکھا جائے۔ ڈاکٹرز کی ٹیم متفق ہونے کے بعد سب سے بڑا ٹیسٹ کروانے کے لئے وزیر موصوف کو لیباٹری لایا گیا۔ لیباٹری میں ٹیسٹ کرنے کے بعد ایک عجیب و غریب رپورٹ سامنے آئی۔

ایک چینی ڈاکٹر نے پاکستانی ڈاکٹر سے کہا کہ کچھ ایسے وائرس بھی سامنے آرہے ہیں جو ہماری سمجھ میں نہیں آرہے اور یہ صرف پاکستان میں ہورہا ہے۔ آپ پاکستانی ڈاکٹر ہیں آپ ہی رپورٹ پڑھ کر ہمیں بتا دیں کہ یہ وائرسز کی کون سی قسمیں ہیں۔ شاید آپ کو کچھ سمجھ آجائے۔

پاکستانی ڈاکٹر رپورٹ پڑھتے پڑھتے پہلے تو بیہوش ہوگیا پھر ہوش میں آتے ہی خوشی سے اچھلنے لگا۔ چینی ڈاکٹرز نے پوچھا کیا بات ہے کیوں اتنا خوش ہورہے ہیں۔ پاکستانی ڈاکٹر نے جو جواب دیا ذرا وہ ملاحظہ کریں۔

پاکستانی ڈاکٹر نے کہا موصوف وزیر کی رپورٹ بتا رہی ہے کہ اس میں جھوٹ وائرس، کرپشن وائرس، دونمبری وائرس، حرامخوری وائرس، لالچ وائرس، پارٹی بدلنے کا وائرس نجانے اور کتنے ہی ایسے وائرس ایکٹو ہوچکے ہیں جن کے سامنے کورونا وائرس دب چکا ہے۔ امید ہے موصوف مریض دو تین دن میں بالکل تندرست ہوجائیں گے۔

چینی ڈاکٹرز نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو گھبرانا نہیں چاہیے کیوں کہ کورونا وائرس جو پوری دنیا کے لئے بہت بڑا مسئلہ تھا پاکستان میں پہنچ کر بہت کمزور ہوچکا ہے۔ امید ہے کچھ ہی عرصہ میں کورونا وائرس اپنی موت آپ مر جائے گا۔ پاکستانی ڈاکٹرز ناچتے ہوئے اپنے اسٹاف کی طرف چلا گیا اور اچھل اچھل کر گلے ملتا رہا اور سب کو خوشخبری سناتا رہا کہ گھبرانا نہیں ہے۔

پاکستانی قوم زندہ باد کورونا وائرس مردہ باد


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments