بھوک کے دروازے پر احساس کی دستک
شہنشاہِ فلک اپنی پوری آب وتا ب سے دن بھر آسمان کی وسعتوں میں حکومت کرنے کے بعد غروب ہورہا تھا اس کی تابناکی ماند ہونے لگی تھی بدلتی ہوئی رنگت نے پورے منظر کو سوگوار سا بنا دیا تھا غروب آفتاب اس بات کی گواہی دے رہا تھا کہ ہرعروج کو زوال ہے ہرروشن اور دلنشیں صبح کی ایک تاریک اور غمگین شام ہے ہر ابھرنے والے نے ڈوب جانا ہے ہر طاقت کو ناتوانی اور ہر حیات کو وفات کا عذاب جھیلنا ہے
سرخی مائل زرد روشنی مکان کی ٹوٹی ہوئی کھڑی سے اندر داخل ہو کر گھر کے درو دیور سے لپٹی ہوئی اداسی، بو سیدگی اور غربت و افلاس کے نقوش عیاں کر رہی تھی کمر ے کے جا بجا اکٹھرے ہوئے فرش پر بچھی پھٹی پرانی چٹائی پر بیٹھے بھوک سے نڈھال بچے حسرت بھری نگاہوں سے اپنی ماں کے افسردہ چہرے کو دیکھ رہے تھے ان بچوں کی پُرسوال نگاہوں کا جواب ماں کی پُر نم آنکھیں دے رہی تھیں یہ منظر اس بات کی گواہی دے رہاتھا کہ ماں اور معصوم بچوں نے کئی دن سے کچھ نہیں کھایا۔ کرونا لاک ڈاون نے ان کا روزگار چھین لیا تھا اسے لگ رہاتھا کہ وبا سے پہلے بھوک کی بلا ان کی جان لے لے گی۔ سورج کی سرخی مائل زرد روشنی کمرے کے فرش پر سرکتی سرکتی شام کے دھندلکے میں غائب ہونے لگی اور رات کی سیاہی دبے پاوں گھر میں داخل ہو گئی
ماں بچو ں کے سر اپنی گود میں رکھے انہیں بہلانے اور سلانے کی کو شش کر رہی تھی کہ ساتھ پڑوس میں بننے والے خوشبو دار کھانے نے بھوک کو اور تیز کر دیا بچے دبی دبی آواز میں ماں سے کھانے کا تقاضا کررہے تھے بچوں کے ہر سوال پر ممتا کی اذیتوں میں اضافہ کر رہا تھا خالی پیٹ، خالی آنکھیں اور راشن کے خالی ڈبے اس کی مفلسی کی داستاں سنا رہے تھے وہ لاشعوری طور پر گھر کے دروازے کی طرف دیکھ کر کسی غیبی مدد کی منتظر تھی۔
لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا اور دروازے پر جمی منتظر آنکھیں نا امید واپس پلٹ آئیں بے کسی و بے بسی کی تصویر بنی ماں کے پاس آنسو بہانے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں تھا مایوسی اپنی انتہا پر پہنچ گئی کہ اچانک دروازے پر دستک ہوئی جا کے دیکھا تو الجھے بالوں، بوسیدہ کپڑوں اور پھٹے پرانے جوتوں میں رحیم بابا ہاتھ میں کچھ لیے کھڑا اسے کہ رہا تھا بیٹی یہ ایک روٹی لے لو اور خود اللہ اللہ کہتا آگے نکل گیا یہ ایک روٹی اس کے لئے کل کائنات سے کم نہ تھی تشکر سے اس کے آنسو نکل آئے اس نے روٹی پانی میں بھگو کر بچوں کو کھلا دی روٹی کے چند نوالوں کھانے کے بعد بچے اسی چٹائی پر سو ئے گئے رات مزید گہر ی ہوتی جا رہی تھی دکھ سے بوجھل پلکیں آپس میں جڑنے لگیں کمرے میں لگے بلب کی نارنجی روشنی آہستہ آہستہ تاریکی میں بدل گئی وہ نیند کی وادی میں اترتے ہی تما م غموں سے آزاد ہو گئی
نیند کی تاریک وادی میں ایک ستارہ ابھراجس کی روشنی پھیلتی چلی گئی اور اسی روشنی میں ایک دربار کا منظر ابھر ا جو تمام جہانوں کے بادشاہ کا تھا فرشتے دست بستہ ادب سے سر جھکائے کھڑے ہیں کسی کو بولنے کا اجازت نہیں سوائے اس کے جسے تمام جہانوں کا شہنشاہ اجازت دے اسے لگا کہ یومِ حساب ہے نفسا نفسی کا عالم، ہر کسی پر لرزہ طاری ہے اعمال ناموں کی پیشی، فیصلے اور سزا اور جزا کا عمل جاری تھا وہ اللہ کی بارگاہ میں عرض کر رہی تھی اے مالکِ ارض و سما ہم دکھ میں تھے، مصیبت میں تھے، خستہ حالی میں تھے بھوک اور افلاس کی اذیتیں جھیل رہے تھے لیکن تیرے بندوں جنہیں تو نے بے پناہ عطا کیا ہماری مدد نہ کی ہماری خبر گیری نہ کی ہمیں مصیبت میں تنہا چھوڑ دیا پھر مالک ِ کل کی بارگاہ میں کچھ لوگوں کو لایا گیا وہ اس کے محلے کے معتبر اور صاحب حیثیت افراد تھے
جن میں ہر سال کئی کئی عمرے اور حج کرنے والے حاجی صاحب، لاکھوں لگا کر حمد ونعت کی بڑی بڑی محافل کرانے والے سیٹھ صاحب، جا بجا مسجدیں، جنازہ گاہیں بنوانے اور نام کی تختیاں لگوانے والے شیخ صاحب، محرم کے چالیس دن امام حسینؑ کی نذونیاز دینے والے شاہ جی، ہزاروں مریدین کو لنگر کھلانے والے گدی نشین پیر صاحب، مربعوں زمین کا مالک، سیاست دان، وڈیرے، صاحب ِ حیثیت دکاندار، زمیندار اور عہدیدار جو اپنی نمودو نمائش کے لئے لاکھوں لگا کر افطاریاں اور بڑی بڑی دعوتوں کا اہتمام کیا کرتے تھے وہ سب موجود تھے ان کے ساتھ ایک طرف رحیم بابا بھی کھڑا تھا
میزان ِ عدل پر ایک طرف رحیم بابا کی ایک روٹی اور دوسری طرف حاجی صاحب کے حج و عمر ے، محافل و مجالس، لنگرونذرانے، افطاریاں یہاں تک کہ ان کی آخری نیکی تک رکھ دی گئی لیکن پھر بھی ایک روٹی والا پلڑا وزنی تھا ان کی ساری نیکیاں ان کے منہ پر ماردی گئی انہیں عذاب کی وئید سنا دی گی اور کہا گیا آج تمہارا مال و زر، طاقت و عزت، مقام و مرتبہ کسی کام نہ آیا تمہاری ساری عمرکی نیکیاں مجبوروں اور مفلسوں کی بھوک نہ خرید سکیں
رعب دار آواز بار بار گونج رہی تھی یاد کرو ہم تمہارے اوپر نعمت ودولت کے خزانے کھول دیے تھے کیا ہماری رحمت کا اتنا بھی حق نہیں تھا کہ تم ہمارے دیے ہوئے سے ہمارے بندوں پر خرچ کرتے۔ سامنے کھڑے دنیا کے دولت مند اور طاقت ور افراد تھر تھر کانپ رہے تھے حیرانی و پشیمانی سے گردنیں جھکتی جا رہی تھیں وہ رحم کی بھیک مانگ رہے تھے وہ گڑگڑا رہے تھے گریہ و زاری کر رہے تھے جان ِ رحمت اورجگر گوشہ رسول کے واسطے دے رہے تھے لیکن قدرت نے اپنا فیصلہ صادر فرما دیا تھا رحمت ِ عالم ﷺ کے رخ ِ زیبا کا رنگ بدلا ہو ا تھا کریم آقا ﷺ بھی ا ن کی سفارش نہیں فرما رہے تھے امام عالی مقام نے بھی ان سے چہرہ پھیر لیا۔ وہ آرزو کر رہے تھے کہ کاش ہمیں ایک موقعہ اور دیا جائے تو ہم اللہ کے بندوں کو راضی کریں ان کی ضرورتوں کا خیال کریں پڑوسیوں کے حقو ق کو پورا کریں انہیں احساس ہو رہا تھا کہ اللہ کو منانا کتنا آسان ہے وہ ابھی تک رحم رحم پکار رہے تھے لیکن اب بہت دیر ہو چکی تھی درِتوبہ بند ہو چکا تھا
جبکہ دوسری طرف رحیم بابا کا چہرہ روشن تھا اس نے ایک روٹی کے بدلے اللہ کی رضا اور جنت خرید لی تھی رحمت عالمﷺ اس سے محبت فرما رہے تھے وہ اللہ کی حمد و ثنا بیان کر رہاتھا اللہ اکبر اللہ کے کلمے اس کی زبان پر جاری تھی یہ صدائیں تیز ہوتی چلی گئی یہاں تک کہ مفلس ماں کی آنکھ کھل گئی موذن صبح کی اذان میں یہی کلمے دہرا رہا تھا خواب کا ہر منظر اس کی آنکھوں کے سامنے گھوم رہا تھا اور وہ سوچ رہی تھی کہ اللہ کو راضی کرنا اور جنت خریدنا کتنا آسان وہ سوچ رہی تھی کہ وہ جب عطا کرنے پے آئے تو ایک روٹی پر جنت دے دے اور پکڑنے پے آئے تو عمر بھر کی عبادتیں رد کردے وہ سوچ رہی تھی کہ مسجد، مندر، و کلیسا و کعبہ میں اللہ کو تلاش کرنے والے کیونکہ نہیں سمجھتے کہ وہ تو اپنے بندے کے دل میں موجو د ہے وہ سوچ رہی تھی کہ کاش لوگ اللہ کی رضا کو اللہ کے بندوں کی خوشی میں تلاش کرتے۔
وہ یہ پیغام دے رہی تھی کہ بہت سے مجبور، محصور، معذور اور مزدور اپنے خستہ حال دروازے پر آنکھیں جمائے آپ کی دستک کی منتظر ہیں خدارا ان غریبوں، بے سہاروں اور لاچاروں کی امداد کیجے اس صورت ِ حال میں ان کے در پر دستک دینا جنت کے دروازے پر دستک دینے کے برابر ہے آؤ اللہ کی رضا اور جنت بطور صلہ حاصل کر لیں سورج کی کرنیں گھر میں اتر رہی ہیں، بچے بھوک سے کروٹیں لے رہیے ہیں نگاہیں دروازے پر جمی ہیں سماعتیں درِجنت پہ دستک سننے کی منتظر ہیں


