پنجاب میں کرونا وائرس بے قابو: 400 نئے کیسز سامنے آ گئے، کل تعداد 1800 سے تجاوز کر گئی


پنجاب میں کرونا وائرس بے قابو ہونے لگا، چند گھنٹوں میں 400 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ صوبے میں وائرس سے متاثرہ کیسز کی کل تعداد 1800 سے تجاوز کر گئی ہے۔ پیر کے روز 3 اموات بھی ہوئیں، ملک میں اموات کی کل تعداد 52 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 400 سے زئد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد پنجاب میں کرونا وائرس کے 1800 سے زائد کنفرم مریض ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق کرونا وائرس کے کنفرم مریضوں کو انتظامی لحاظ سے 4 درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کنفرم مریضوں کے اعداد و شمار زائرین، تبلیغی ارکان، قیدی اور عام شہریوں کی درجہ بندی میں رکھے جا رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ لاہور شہر متاثر ہوا ہے جہاں اب تک 290 کیسز سامنے آئے ہیں۔ پیر کے روز صوبے میں مزید 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد کل اموات کی تعداد 15 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ کیسز بھی لاہور سے ہی رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ صوبے میں کرونا وائرس کے 6 مریض صحتیاب بھی ہو گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ صوبے میں عام شہریوں کے علاوہ ایران سے آنے والے 481 زائرین اور 503 رائے ونڈ سے منسلک افراد میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جبکہ صوبے کی جیلوں میں قید 49 قیدیوں میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ پنجاب کے 28 اضلاع سے کرونا وائرس کے مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں۔ مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments