کراچی میں دو ٹرینوں میں تصادم سے 15 افراد جاں بحق، 40 سے زائد زخمی


\"train\"

کراچی: جمعہ گوٹھ کے قریب دو ٹرینوں میں تصادم سے آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے جمعہ گوٹھ میں 2 ٹرینیں آپس میں ٹکرانے سے کم از کم 15 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرید ایکسپریس جمعہ گوٹھ کے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی تھی کہ ملتان سے آنے والی زکریا ایکسپریس نے پیچھے سے ٹکر ماری۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں فرید ایکسپریس کا گارڈ محمد حسین بھی شامل ہے جب کہ ڈرائیور کو محمد رفیق کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے 15 افراد کی لاشوں اور 40 زخمیوں کو جے پی ایم سی لانے کی تصدیق کی ہے جب کہ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ ذرائع جناح اسپتال کا کہنا ہے کہ 30 کے قریب زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ڈی سی او کراچی ریلوے ناصر عزیز کا کہنا ہے کہ فرید ایکسپریس سگنل پر کھڑی تھی کہ پیچھے سے آنے والی زکریا ایکسپریس نے اسے ٹکر ماری، ریلوے حکام جائے وقوعہ پر پہنچ رہے ہیں اور حادثے کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے گی، غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی سی او کراچی ریلوے کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کراچی سے اندرون ملک جانے اور اندرون ملک سے کراچی آنے والی ٹرینوں کی آمدورفت کو روک دیا گیا ہے اور متاثرہ بوگیوں کو پٹری سے ہٹانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ریلوے پولیس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی 3 بوگیاں اور انجن بری برح متاثر ہوئی ہیں جب کہ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments