لاہور ہائیکورٹ نے میر شکیل الرحمان کی درخواست ضمانت خارج کردی


لاہور ہائیکورٹ نے جنگ گروپ اورجیو نیوزکےایڈیٹرانچیف میرشکیل الرحمان کی درخواست ضمانت خارج کر دی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں 2 رکنی بینچ نے میر شکیل الرحمان اہلیہ شاہینہ شکیل کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب، احتساب عدالت کےجج اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔

میر شکیل الرحمان کی جانب سے بیرسٹر اعتزاز احسن عدالت میں پیش ہوئے جب کہ نیب سے اسپیشل پراسکیوٹر فیصل رضا بخاری اورعاصم ممتاز عدالت میں حاضر ہوئے۔ دوران سماعت نیب پراسکیوٹر نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کوویڈیو لنک کے ذریعے تمام حقائق سے آگاہ کیا گیا تھا، آج کل توسپریم کورٹ میں اور حکومتی فیصلے بھی ویڈیو لنک کے ذریعےہوتے ہیں۔ پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ کیس کی تمام کارروائی چیئرمین نیب کےعلم میں ہے ان کی ہدایات پر تحقیقات ہو رہی ہیں۔

قریقین کے وکلاء کے تمام دلائل سننے کے بعد عدالت نے میرشکیل الرحمان کی درخواست ضمانت خارج کرنے کا حکم جاری کردیا۔

خیال رہے کہ جمعرات کو میرشکیل الرحمٰن کے وکیل معروف قانون دان اعتزاز احسن نے اپنے دلائل مکمل کر لیے تھے۔  اعتزاز احسن نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی تھی کہ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کو نیب کے دائرہ اختیار سے تجاوز قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔

میر شکیل الرحمان کی ضمانت کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے اختیارات سےتجاوز کیا اور 34 سال پرانے سول ٹرانزکشن کے معاملے میں گرفتار کیا جب کہ جس معاملے میں انہیں گرفتار کیا گیا وہ نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ درخواست میں کہا گیا کہ نیب نے اپنے ایس او پیز اور حکومت کی بزنس پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے، جو الزامات عائد کیے وہ سراسر بے بنیاد ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ میرشکیل الرحمان ثبوت لےکر نیب کے دفتر گئے مگر شکایت کی تصدیق کے مرحلہ پر ہی گرفتار کر لیا گیا، انہیں صفائی کا موقع بھی نہیں دیا گیا اس لیےعدالت نیب کی کارروائی کو کالعدم اور قانون کے برعکس قرار دے اور میر شکیل الرحمان کو فوری طور پر نیب کی غیر قانونی حراست سے آزاد کرنے کا حکم دیا جائے۔

ادھر احتساب عدالت نے بھی ہائیکورٹ کی کارروائی تک میر شکیل الرحمان کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی ہے۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 12 مارچ کو 34 برس قبل مبینہ طور پر حکومتی عہدے دار سے غیرقانونی طور پر جائیداد خریدنے کے کیس میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو حراست میں لیا۔

Facebook Comments HS