بے راہرو شوہر، وفا شعار بیوی اور نوادرات کی محبت


ثامرہ چیخ پڑی، میں کیوں جاؤں گی بھلا، مجھے کیا ضرورت ہے کسی دوسرے مرد کے پاس جانے کی، مجھے ایک ہی برا لگنے لگا ہے۔ اس نے کشن نے اسے مارنا شروع کر دیا۔ تبریز نے اسے قابو کر لیا، ثامرہ رونا شروع ہو گئی، تبریز بہت نادم ہوا، وہ اس کے آنسو برداشت نہ کر سکا، اس نے معافی مانگی اور آئندہ ایسا نہ کرنے کا عہد کیا۔ لیکن وہ اپنے عہد پر صرف چند ماہ ہی قائم رہ سکا۔ ثامرہ نے اسے اس کے حال پر چھوڑ دیا، اور خود دوسرے امور میں مشغول ہو گئی۔

اس نے آبائی شہر میں لڑکیوں کا اسکول اور کالج کھول لیا اور تعلیم کے فروغ کے لئے کام کرنے لگی۔ اس طرح علاقے کی کئی پڑھی لکھی لڑکیوں کو روزگار ملا، تعلیم عام ہوئی، اور آبائی علاقے میں ثامرہ کی نیک نامی اور اچھے اخلاق کے ڈنکے بجنے لگے۔

رہائشی شہر میں ملازمت پیشہ خواتین کے لئے ہاسٹل بنوایا اور اپنی فیکٹریوں میں خواتین ورکرز کو ملازمت فراہم کرنے کو ترجیح دی۔ وہ بہت مصروف ہو گئی، اور تبریز کے ساتھ اس کے تعلقات سرد مہری کا شکار ہوتے گئے۔

خیام علوی نے اس کی ان سرگرمیوں کے بارے میں کہا، کیا آپ یہ سمجھتی ہیں، کہ اس طرح آپ کسی کو روک سکیں گی۔ ثامرہ نے کہا، روک نہ بھی سکوں تو کم از کم کوئی تو خود سے عقل پا کر ڈسٹ بن یا ٹشو پیپر بننے سے بچ جائے گی، کوئی تو خود کو استعمال ہونے والی شے نہ سمجھے گی۔ شاید اس طرح یہ ناقص العقل مخلوق خود کو انسان سمجھنے لگے۔ آپ نے اپنے بارے میں کیا سوچا ہے، خیام نے پوچھا، کیا سوچنا چاہیے مجھے ثامرہ نے الٹا سوال کر دیا، خیام نے ڈرتے ڈرتے کہا کہ میرا مودبانہ اور مخلصانہ مشورہ ہے کہ آپ آسٹریلیا چل کر گائناکولوجسٹ سے ملیے اور اولاد کی بابت ذہن بنایئے۔ ثامرہ چپ رہی۔

اب اس کا دل اولاد کی خواہش بھی نہیں کرتا تھا۔ نہ جانے میری یہ فطری خواہش کیسے ختم ہو گئی ہے، اس نے بہ مشکل کہا۔ خیام نے تاسف سے اسے دیکھا اور کہا ایسا نہ سوچئے۔ ثامرہ نے گفتگو کا رخ کاروبار کی طرف موڑ دیا تھا۔

صبح اس کی آنکھ تبریز کے بازو کے دباؤ سے کھلی۔ وہ بے خبر سو رہا تھا لیکن اس کا بازوثامرہ کی گردن پر تھا، اس نے آہستگی سے اس کا بازو ہٹایا، اور بستر سے اتر گئی۔ جب وہ لباس بدل کر اور ضروریات سے فارغ ہو کر باہر آئی تو تبریز دیوار گیر کھڑکی سے باہر لان میں دیکھ رہا تھا۔ ثامرہ اس کے قریب آ گئی، پردے ہٹا دینے سے صبح کی روشنی کمرے میں داخل ہو رہی تھی۔ ثامرہ نے تبریز کی طرف دیکھا اور پوچھا کیا سوچ رہے ہو رات سے۔

تبریز نے صرف سر ہلا دیا، ثامرہ نے اسے غور سے دیکھا، اس کی کنپٹیوں پر چند سفیدی مائل بال صبح کی روشنی میں چمک رہے تھے، ثامرہ مسکرائی اور اس نے اس کے ڈریسنگ گاون کی ڈوریاں کھول دیں اس کے سینے کے کالے سیاہ بال بھی سفیدی مائل ہو رہے تھے، تم بوڑھے ہو رہے ہو، وہ شرارت سے ہنسی، دیکھو تمھارے کتنے بال سفید ہو رہے ہیں۔ تبریز نے اسے بانہوں میں جکڑ لیا اور آنکھ مار کر بولا، ویسے جوان ہوں فکر مند نہ ہو۔ ثامرہ کھکھلائی اور بولی مجھے کیا ضرورت ہے فکر کرنے کی، فکر مند تو تم ہو کل رات سے شاید تمھاری کسی گرل فرینڈ کو کمی محسوس ہوئی ہو۔

تبریز نے قہقہہ لگایا، اگر بوڑھا ہو جاؤں گا تو مجھے یقین ہے گرل فرینڈز مجھے دوبارہ جوان بنا دیں گی۔ تم بہت معصوم ہو ثامرہ، تبریز نے اس کے کئی بوسے لئے، پھر بولا، میں تمھارے لئے فکر مند ہوں، میں نے فیصلہ کیا ہے، کہ دو ہفتے کے بعد ہم یورپ کی ایک قابل گائناکولوجسٹ سے مل رہے ہیں۔ تا کہ ہم اولاد حاصل کر سکیں، اس بار ہر مرحلے پر میں تمھارے ساتھ ساتھ رہوں گا۔ ثامرہ بحث کرنا چاہتی تھی لیکن چپ رہی۔ ناشتے کا کہہ کر خواب گاہ سے باہر آگئی۔ ان کے باورچی نے ناشتے کی میز کو تبریز کے پسندیدہ پکوان سے سجایا تھا۔

خیام علوی صبح بخیر کہتا ہوا ڈائٹنگ ہال میں داخل ہوا، تینوں نے ساتھ ناشتہ کیا۔ تبریز نے خیام کو گائناکولوجسٹ کے متعلق معلومات فراہم کیں اور دو ہفتے کے بعد وقت لینے کا کہا۔ دو ہفتے بعد کیوں خیام نے سوال کیا۔ مجھے ابھی امارات میں ایک ہوٹل خریدنے کے معاملات نمٹانے ہیں، کل شام کی فلائٹ بک کرواؤ۔ اگلے ہفتے تم دونوں بھی وہاں آ جانا، پھر ہم ساتھ ہی یورپ چلیں گے۔

ہم ساتھ ہی چلتے ہیں ثامرہ نے دخل اندازی کی۔ نہیں اگلے ہفتے آنا، ابھی ضرورت نہیں ہے، تبریز کے لہجے میں قطعیت تھی۔ ناشتے کے بعد وہ بنگال ٹائیگر کے ساتھ مصروف ہو گیا۔ اس کو آبائی شہر میں واقع ذاتی زو تک پہنچانے کے انتظامات کرنے تھے۔

سارے دن کی مصروفیت کے بعد شام کو بریکنگ نیوز آئی کہ ملک میں نقل و حرکت بند کر دی گئی ہے۔ اندورنی و بیرونی فلائٹ آپریشن بھی معطل کر دیے جائیں گے۔ اچانک سے ملک میں وبا کے شکار افراد شناخت ہو گئے تھے۔ اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔ تبریز اور خیام ٹی وی اسکرین پر نظریں جما کر بیٹھ گئے، اپنے کاروبار سے سوچ و نظریں ہٹیں تو ان کو معلوم ہوا کہ دنیا میں پہلے ہی اودھم مچا ہوا تھا انہوں نے توجہ نہ دی تھی۔

ثامرہ بھی متوحش نظر آتی تھی، ہمارے ملک میں تو ویسے ہی وسائل کی کمی ہے۔ ہماری حکومت کیسے مینیج کر پائے گی، اس نے تشویش سے کہا۔ لیکن تبریز اور خیام علوی اپنی ہی ادھیڑ بن میں تھے۔ انہوں نے مارکیٹ میں چلتی ہوئی رقم کو ادھرادھر کرنا شروع کر دیا، اور کاروباری مسائل میں محو ہو گئے۔ آدھی رات تک یہی کچھ جاری رہا۔ ہر گھنٹے کے بعد بریکنگ نیوز آ رہی تھی۔ صوبائی سطح پر تالہ بندی کے اعلان کر دیا گیا۔

صبح سب بند ہو گا، خیام نے مضطرب ہو کر اپنی ران پر ہاتھ مارا، اس غریب جانور کو چڑیا گھر پہنچانا تھا، وہاں موسم بہتر ہے۔ یہاں تو گرمی سے پریشان ہو گا۔ وہ تبریز سے مخاطب ہوا۔

کچھ انتظام یہیں کرنا ہو گا اس کے لئے تبریز نے کہا، فی الحال تو ہم بند ہونے جا رہے ہیں۔ سب کچھ چھوڑو اپنی فکر کرو، جاؤ جا کر آرام کرو، اور صبح ممکن ہو تو اپنے لئے اور تمام ملازمین کے لئے حفاظتی ادویات کا انتظام کر رکھو، تم کو پہلے ہی یہ سب کر رکھنا چاہیے تھا۔

خیام نے کہا، وہ سب موجود ہیں آپ فکر نہ کریں بس گھر میں آمد و رفت بند کرنی ہوگی۔ ٹھیک ہے شب بخیر، تبریز کہتا ہوا اپنی خواب گاہ میں آگیا۔ ثامرہ نہ جانے کہاں تھی، اس نے ادھر ادھر دیکھا اور پھر لباس تبدیل کرنے چلا گیا۔

واپس آیا تو ثامرہ چھوٹے سے فرائنگ پین میں سلگتا ہوا کچھ لے کر خواب گاہ میں داخل ہوئی وہ زیر لب دعائیں پڑھ رہی تھی۔ اس نے خواب گاہ میں دھونی دینی شروع کر دی۔ تبریز کو دھویں سے کھانسی آگئی، اوہ احمق عورت یہ کیا کر رہی ہو، تبریز بھنا کر غرایا۔ ثامرہ سنی ان سنی کر کے دھونی دیتی رہی پھر خواب گاہ سے نکل کر وہ اور ان کا باورچی دھونی دیتے ہوئے پورے گھر اور لان میں چکراتے پھرے۔ فراغت کے بعد وہ واپس آئی اور طویل عبادت کرنے کے بعد تبریز پر دم کیا۔

تبریز تاسف سے بولا، کتنی فرسودہ و عقل سے پیدل باتیں کر رہی ہو، وبا ایک طبی مسئلہ ہے، اس سے بچاؤ کے لئے ہائی جین، صفائی اور علاج کے انتظامات کرنے چاہیئں نا کہ یہ دھونی، ٹوٹکے اور دم شم۔ ثامرہ کچھ نہ بولی، دعائیں پڑھتے ہوئے سو گئی۔ تبریز کو بھی نیند آ گئی۔

صبح کا، آغاز شہر میں پھیلے گمبھیر سناٹے سے ہوا۔ بارونق شہر سائیں سائیں کر رہا تھا۔ سڑکیں سنسان تھیں، فضا جامد محسوس ہوتی تھی، ہفتہ گزر گیا۔ تبریز فراغت میں جی بھر کر بور ہوا۔ ثامرہ خوش تھی وہ اس کے قریب تھا، ان دونوں کے بیچ کوئی نہ تھا، نہ ہی کاروبار اور نہ ہی کوئی دوسری عورت۔ وہ تبریز کو دوبارہ سے اپنی پسندیدہ کتب سے اقتباسات اور کہانیاں سنانے لگی، اپنے ہاتھوں سے کھانا بنایا، تبریز کے منہ میں لقمے دیے۔ بھرپور قربت و سپردگی کے لمحات سے اسے اور خود کو سیراب کیا۔ ایک شام لان میں چہل قدمی کرتے ہوئے وہ گنگنا رہی تھی،

جہاں پر ہیں تیری بانہیں میری جنت بھی وہیں ہے
لیکن تبریز کسی سوچ میں تھا۔
کیا ہو گیا آخر آپ کو وہ چڑ گئی۔
کچھ نہیں ٹائیگر سست اور بے چین نظر آتا ہے، خوراک بھی نہیں کھا رہا ہے، مجھے ڈر ہے مر نہ جائے، تبریز فکر مندی سے بولا۔

مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


صفحات: 1 2 3 4