کورونے سے بچ بھی گئے تو خوف مار ڈالے گا
تمام رات کروٹیں بدل بدل کسی اذیت کی طرح گزاری جاتی ہے۔ نیند کا نہ آنا بھی کسی وائرس نما چیز کی نذر ہو چکا ہے۔ ذہنی دباؤ اس قدر بڑھ چکا ہے کہ کوئی چھوٹی موٹی خوشی بھی کورونا کا شکار ہو کر رہ جاتی ہے۔
بچوں کو گلیوں میں کھیلتے کودتے دیکھتا ہوں، تو اندر ہی اندر کڑھتا رہتا ہوں کہ ان کے والدین کیسے سکون میں ہوں گے؟ یا ہو سکتا ہے کہ اس جان لیوا وبا کے خطرات سے کسی حد تک لاعلم ہوں گے مگر کیسے ممکن ہے؟ ہمارے ہاتھ میں ریموٹ ہوتا ہے اور ہر دوسرا چینل اور صحت کے عالمی ادارے مرنے والوں کی گنتی میں لگے ہیں، روزانہ ہزاروں اموات کے بارے میں خبریں دی جا رہی ہیں صرف پاکستان ہی نہیں، تقریباً ساری دنیا سنسان پڑی ہے ایک کورونائی خوف ہے جس نے تمام دنیا کا نظام درہم برہم کر رکھا دیا ہے۔
میں اس وائرس کے خطرات سے ہرگز لاعلم نہیں ہوں، کیوں کہ انسانی تاریخ ایسی وباؤں سے بھری پڑی ہے۔ کروڑوں لوگ کسی نہ کسی وبا میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
آج اگر حکومتیں ہمیں گھروں میں رہنے کی دہائیاں دے رہی ہیں تو ہمیں بھی سمجھنا چاہیے اور کسی حد تک سمجھ بھی رہے ہیں کہ حالات بہت سنگین ہیں اور احتیاط ایک لازمی جز ہے۔ آج ہم گھروں میں مقید ہیں، لوگوں سے مل جل نہیں رہے خود کو محدود کر رکھا ہے، تو اس کا ہرگز مطلب نہیں کہ ہم کسی پر احسان کر رہے ہیں بلکہ یہ ہماری انسانیت سے اپنے ملک سے اور اپنوں سے ایک طرح کی محبت ہے۔
دوسری طرف ایسے ماحول میں حکومتوں کی ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیں۔ کون نہیں جانتا کہ اس وقت معیشںت کا پہیا جام ہے، روزگار نہیں ہے اور پاکستان جیسے ملک کی اکثریتی آبادی دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہے، تو حکومتوں کا بھی فرض بنتا ہے کہ اپنے شہریوں کی بنیادی ضرورتوں کا خیال رکھیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اب غریبوں کا مذاق اڑانا بند کیا جائے کیمرے آف ہوں تصاویر اور ویڈیو سیشنز پھر کبھی رکھ لیے جائیں۔ ریاست اپنے تمام وسائل کو استعمال میں لائے اور اعلانات کی بجائے فی الفور عملی اقدامات کرے۔ یہ نہ ہو کہیں ہم مزید دیر کردیں اور آنے والے دنوں میں لاکھوں لوگوں کی بھوک اور خوف ایک ہجوم کی صورت سڑکوں پر دندناتا پھرے اور ہم تماشائی بن کر سر پکڑے بیٹھے ہوں۔ ادریس بابر کے دو اشعار پر اپنی بات ختم کرنا چاہوں گا۔
اتنی حیران ہے منزل مِری رفتار پہ کیوں
میرے پیچھے اِسی رفتار سے خوف آتا ہے
کانپنے لگتا ہے کاغذ بھی قلم بھی دل بھی
اپنے سوچے ہوئے کِردار سے خوف آتا ہے


