عوام کیساتھ ملکر تخت رائیونڈ گرائیں گے شیر کا شکار بلے نہیں تیر سے ہوتا ہے:بلاول


\"bilawal-informed\"

رحیم یار خان‘ صادق آباد+ کراچی (بیورو رپورٹ‘ نامہ نگار، سٹاف رپورٹر) چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے تخت رائیونڈ کے اب دن گنے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں بہت جلد ایک مثبت تبدیلی کا آغاز ہو گا جو پاکستانی عوام کی امنگوں کی ترجمان ہو گی۔ رحیم یار خان کے علاقے دڑی سانگھی کے مقام پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان میں پہلی بڑی تبدیلی پاکستان پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہی آئی تھی جب ذوالفقار بھٹو نے پاکستان کی غریب عوام کو زبان دی جس کے باعث آج پاکستان میں غریب اور مزدور عوام سر اٹھا کر جی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نواز شریف کو چاہیے پارلیمنٹ میں پیپلز پارٹی کی طرف سے پیش کیے گئے ٹی او آر بل کو فوری طور پر تسلیم کرے جس سے پاکستان میں کرپشن کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے گا۔ حکمرانوں اور اپوزیشن پارٹیوں کو چاہیے تھا وہ مشترکہ ٹی او آرز پہلے ہی سپریم کورٹ میں پیش کرتے تاکہ پانامہ لیکس کے اصل مجرموں تک فوری طور پر پہنچا جا سکتا ۔انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے ہی پانامہ لیکس کے بارے میں سب سے پہلے آواز اٹھائی تھی اور توقع ہے پیپلز پارٹی کی کوششوں سے ہی پانامہ لیکس کے ملزم کیفرکردار تک پہنچ سکیں گے۔ موجودہ حکومت کے دور میں مہنگائی کی شرح میں جس قدر اضافہ ہوا ہے ملکی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی لیکن اس کے باوجود حکمران ہر وقت ملک میں خوشحالی کا راگ الاپتے رہتے ہیں۔ موجودہ حکومت نے اپنے دور حکومت میں جس قدر قرضے لیے ہیں اس سے آنے والی حکومتوں اور پاکستانی عوام کو بے پناہ مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بلاول بھٹو نے چوک بہادر پور، محمد پور لمہ، شہباز پور، موڑ بھٹو واہن، رنگ پور، جمالدین والی میں جگہ جگہ استقبال کیلئے کھڑے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا عوام کی طاقت سے تخت رائیونڈ کو گرائیں گے جنوبی پنجاب کے وسائل لوٹے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں احساس محرومی پایاجاتا ہے ہم سب ملکر ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو تکمیل تک پہنچائیں گے ، بی بی کا بیٹا عوام کے درمیان پہنچ گیا ہے اب کسی کو عوام کیساتھ زیادتی کی اجازت نہیں دی جائیگی ، وسیب کے عوام کے حقوق کا ہر صورت میں تحفظ کیاجائے گاشیر کے شکار کیلئے صرف تیر استعمال کیاجائے گا۔ انھوںنے کہا نوازشریف اور عمران خان دونوں ہی ناکام ہو چکے ہیں عوام پیپلزپارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں ہم محنت کشوں ‘غریبوں‘ مزدوروں‘ ہاریوں کے حقوق کیلئے میدان میں نکل چکے ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا تخت رائیونڈ والے غریب عوام کا خیال نہیں رکھتے۔ بی بی کا بیٹا آپ کے درمیان ہے۔ رحیم یار خان اور جنوبی پنجاب کے غریب عوام مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیر کا شکار بلے سے نہیں تیر سے کیا جاتا ہے۔ پیپلز فورس 27 دسمبر تک تیار ہو جائے گی۔ شیر کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ مطالبات نہ مانے گئے تو سب شیر کے شکار کے لئے نکلیں گے۔ آئی این پی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا وزیراعظم کوپانامہ پیپرز پر احتساب کیلئے خود کو پیش کرنا ہو گا۔ نواز شریف ہمارے چار مطالبات مان لیں، مطالبات نہ مانے گئے تو شیر کا شکار کریں گے۔ ہماری پیپلز فورس شیرکوبھاگنے نہیں دے گی۔ غریب عوام اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا بیٹا مل کر تخت رائیونڈ کو گرائیں گے۔ شیر کے شکار کیلئے صرف اور صرف تیر کا استعمال ہوتا ہے۔ پانامہ دستاویزات دنیا کا سب سے بڑا کرپشن سکینڈل ہے، وزیراعظم کو جمہوری حکومت میں احتساب کیلئے خود کو پیش کرنا ہو گا۔ ملک میں فوری طور پر وزیرخارجہ تعینات کیا جائے جو تخت رائیونڈ کی بجائے عوام کو جوابدہ ہو۔ پارٹی میں تبدیلی لے آیا ملک میں بھی لائوں گا۔ میں پیپلز پارٹی میں تبدیلی لے آیا، ملک میں بھی لائوں گا۔ قبل ازیں بلاول بھٹو نے جناح ہسپتال کراچی کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ٹرین حادثے کی تحقیقات ہونی چاہیے اور وفاقی وزیر ریلوے جوابدہ ہیں کہ داروں کا تعین کریں۔ بلاول بھٹو نے کہا یہ ایک حادثہ ہے اور حادثے پر سیاست نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ سے سفارش کروں گا جاں بحق اور زخمیوں کو معاوضہ اور پلاٹ فراہم کیے جائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments