تحریکِ انصاف کے کچھ ارکان نے لندن پلان کے ذریعے جہانگیر ترین کو نا اہل کرایا: عارف حمید بھٹی
صحافی عارف حمید بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریکِ اںصاف کے کچھ اپنے لوگوں نے لندن پلان کے ذریعے جہانگیر ترین کو نا اہل کروایا ہے۔ اب بھی کچھ بروکرز کو اٹھا کر ان پر جہانگیر ترین اور سلیمان شہباز کے خلاف گواہی دینے کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت سپریم کورٹ میں جہانگیر ترین کی نا اہلی کا کیس چل رہا تھا اسی وقت لندن کے ہلٹن ہوٹل میں میٹنگ میں یہ طے پایا کہ کس طرح جہانگیر ترین کو نااہل کرانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ لندن کے ہوٹل میں ہونے والی میٹنگ میں پاکستان تحریکِ انصاف کے لوگ بھی موجود تھے۔
اس میٹنگ میں ایک بہت بڑا سرمایہ کار بھی شامل تھا، یہ اتنا فراخ دل آدمی ہے کہ اس کا کوئی دوست اگر اسے یہ کہے کہ اس نے مکان بنانا ہے تو یہ سرمایہ کار 4 سے 5 کروڑ ایسے ہی دے دیتا ہے۔ ایک شخص نے 4 جگہوں سے الیکشن لڑا جس پر 25 کروڑ روپے خرچ ہوئے، یہ بھی پتا چلانے کی ضرورت ہے کہ یہ پیسے کس نے دیے تھے۔
عارف حمید بھٹی نے کہا کہ ہلٹن ہوٹل کے 15 ویں فلور پر ہونے والی میٹنگ میں ایک صحافی کے ذریعے ایک ڈاکیومنٹ لیک کروائی گئی جس کی بنا پر جہانگیر ترین نا اہل ہوئے، اسی صحافی نے بعد میں یہ خبر بھی دی تھی۔


