بس کر دیں خان صاحب، اب رلائیں گے کیا؟


گزشتہ دنوں ایک کلپ وائرل ہوا، جس میں ہمارے ہینڈ سم وزیراعظم عمران خان صاحب دانستہ یا نا دانستہ طور پر ”ٹسوے“ بہاتے نظرآ ئے۔ اس ویڈیو میں دکھائی جانے والی افسردگی کی اصلیت جانچنے کے لئے بہت سارے لوگ مغزماری کرنے پر مجبور ہوئے۔ پرسیاسی تاریخ کا بغور جائزہ لیا جائے تو ایسا کلپ مملکت خدادا کی قسمت میں ہر گز برا شگن نہیں تھا۔ اللہ اللہ کر کے ہمیں ایک ایسا حکمران تو نصیب ہوا، جس نے نا صرف عوام کا دکھ درد محسوس کیا ہے بلکہ ازالے کرنے کے لئے ”فنکاری“ بھی دکھائی۔ ماضی میں تو ایسے مناظر صرف اس وقت دیکھنے کو ملتے تھے، جب حکمرانوں کے ذاتی مفادات پرشام غریباں آن پڑتی ہو۔

اس ویڈیو کے پیچھے سرگرداں نیتوں کے احوال تو اللہ میاں ہی جانتے ہوں گے، ہم مخلوق تو صرف اس کی ”پروڈکشن کوالٹی“ پر بات کرسکتے ہیں۔ حسب معمول نا صرف کلپ میں ریکارڈنگ اور ایڈیٹنگ کی کچھ فاش غلطیاں تھیں بلکہ اس بار تو ایکٹر کی کمزور ایکٹنگ بھی نمایاں تھی۔

مبینہ ”ٹوٹے“ کی منظر عام پر آنے کی دیر تھی کہ کچھ لمحوں بعد ہی مختلف سیاسی جماعتوں کے گالم گلوچ برگیڈ کی بورڈ جیسے آتشین اسلحوں سے لیس ہو کر ایک دوسرے کے خلاف اگلی صفوں میں مورچہ زن ہو گئے۔ حکمران جماعت کے ٹائیگرز کی نظر میں یہ کلپ جہاں فادر ٹریسا کی شخصیت کا ایک اور ان دیکھا، ان سنا انکشاف تھا وہاں مخالف پارٹیاں کے بلونگڑے اس کی تشریح مگرمچھ کے آنسووں سے کرتے رہے۔ جبکہ اس بے وقوف اور اں اڑی لکھاری کی نظر میں ایسی غمگین نظارے کی اصل وجہ خان صاحب کی مولانا طارق جمیل صاحب سے قرببی رفاقت تھی۔

خدانخواستہ خان صاحب اپنے ہمنوا پیر کی پیروی اسی طرح کرتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب خان صاحب ہاتھ پھیلا کر ٹی وی پر براجمان ہوجایا کریں گے اورایسی دعائیں کرایا کریں گے کہ خاص و عام زبردستی کے آنسو نکالنے پر مجبور ہو جائیں۔ ہر دلعزیز مولانا طارق جمیل صاحب جن کے کرامات پر اس ناعاقبت اندیش کے دل میں پہلے بہت سے شکوک و شبہات تھے وہ اس دن ہی رفع دفع ہو گئے جب قبلہ نے اللہ میاں سے خان صاحب کے لئے اچھے مشیروں اور وزیروں کی دھڑیلی دعائیں مانگیں اور محترم علیم خان دوبارہ وزارت کے مسند پر براجمان ہو گئے۔ اب یہ نا سمجھ لکھاری مولانا صاحب کی دیانت دار حکمران کے حق میں کی گئی دیگر کئی دعاوں کی قبولیت کا بے چینی و بے صبری سے انتظار کر رہا ہے جس کے بعد ہی شاید اس قوم کے نصیب میں صراط ”مستقیم“ لکھی جانی ہے۔

ویسے دیکھا جائے تو مولانا صاحب کے دعاوں کے بعد اب ساری ذمہ داریاں علیم خان صاحب کے ناتواں کندھوں پر آن پڑی ہیں۔ ایک اچھے وزیر ہونے کے ناتے محترم علیم خان پر واجب ہے کہ وہ خان صاحب کو سمجھائیں کہ ان کا کام رونا نہیں، بلکہ عوام کو ”رولانا“ ہے اور اس کام کو خوش اسلوبی سے سر انجام دینے کے خاطر وہ بھی آپ کے ساتھ سر دھڑ کی بازی لگانے کو تیار ہیں۔ اس کام کے لئے اب خاص محنت یا ریاضت کی ضرورت نہیں۔ بس اس کے لئے سرکاری سطح پر وقفے وقفے سے ”تنہائی“ کے لمحات والی ایسی ویڈیوز کا اجرا کرنا ہے جس پر بدزوق عوام کا ہاسا نکلنے کے بجائے رونا نکل جایا کرے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments