کرونا کے مریض کا اپنی محبوبہ کو آخری خط


سلام متاع جان!
اس خاک کے تودے میں جس قدر جان باقی ہے وہ محض آپ کی صحت کی درستگی و سلامتی کی امید کو زندہ رکھنے میں صرف ہو رہی ہے۔ امید کرتا ہوں کہ آپ خیریت سے ہوں گی اور ان وبا کے دنوں میں بھی تمہارے گال کا ننھا گڑھا درماندہ آنکھوں کو لذت دید بخش رہا ہوگا۔

ان دنوں کرہ راض جس قدر غیر یقینیت کے دیو کا مسکن بن چکا ہے اس کا پہلے کبھی اس کے باسیوں کو نہ تو اندیشہ تھا اور نہ ہی اندازہ۔

خیر!
جو انسان سکھ کے جھولے میں جھولتا ہو اسے لگتا ہے کہ آفات، بلائیں، وبائیں، غم و الم، ناولوں کے کالے کرداروں کے اعمال کی جزا کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات و احساسات ہیں۔ مگر زندگی انسان کو ہمیشہ نت نئے جسمانی و روحانی تجربات سے گزارتی ہے۔ انسان شب کی سیاہی میں چور ہو کے بستر کو بستر مرگ سمجھ کے گرتا ہے تو صبح کا سویرا کچھ انجان نگری کی توانا روشنی سے امیدوں کا سینہ بھر دیتا ہے۔ اور پھر سارا دن اسی امید کی روشنی کو گنوانے کا ادراک وجود کے بخیئے ادھیڑتا رہتا ہے۔

اے ماہ جبیں!
زندگی کی جو ساعتیں تمہاری گھنی زلفیوں کی چھاوں میں گزری ہیں ان کی دلکشیاں چاہے آج کے غموں کا ازالہ نہ بھی کر پائیں پھر بھی ان کی شدت کے احساس کو کم ضرور کر دیتی ہیں۔

کچھ ایک ماہ قبل ایک نجی فارماسوٹیکل کمپنی کے کال سینٹر کو وبا کے پھیلاؤ کو کم کرنے کی غرض سے بند کر دیا گیا۔ جس میں کئی روز بھوکے رہنے کے بعد میں نے نوکری کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پھر بھوک سے تنگ آ کر دو ماہ قبل نوکری شروع بھی کر دی تھی۔ کمپنی کے صدر دروزے پہ لگے تالے کا مطلب میری بھوک کے ایک نئے دور کا آغاز تھا۔ اس لاک ڈاؤن میں کسی اور نوکری کی امید رکھنا مجھے دماغی عیاشی اور معدے کو دھوکا دینے والی بات لگی۔

خیر پورے مہینے کام کرنے کے بعد جو آدھی تنخواہ پائی تھی وہ تو موجودہ مہنگائی کے دور کا ایک ہفتہ نہ نکال پائی۔ پیسے ختم ہوئے تو بھوک درد کے گھنگھرو پہن کمرے کہ دہلیز پہ رقص کناں ہوئی۔ شاہ بابا کے مزار کا لنگر جسے ان ک مریدین قیامت تک چلانے کا ارادہ رکھتے تھے اب بند پڑا تھا (شاید ان کے نزدیک قیامت آ چکی ہوگی) ورنہ اس وبا پہلے بارہا کئی بار پیٹ کی آگ اس لنگر سے بجھانے کا تجربہ کیا۔ کچھ دن پہلے ایک خیراتی ادارے کے رضاکاروں نے دو چار وقت کے کھانے کا سامان پہنچا کے اس بے مصرف جان کو بچا لیا مگر اس دن کے بعد طبیعت میں مسلسل گرانی آتی گئی۔ آخر کار اس کا نتیجہ بخار اور کھانسی کی صورت سامنے آیا۔

دو دن پہلے جب ہم بخار، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت لے کے ایک سرکاری معالج ( نجی معالج کو دکھانے کی استداد نہیں مگر اس کی مرض کو جانچنے کی قابلیت پہ یقین زیادہ ہے ) کے ہاں پہنچے تو تشخیص سے معلوم ہوا کہ ہم بھی کرونا کا ہدف بن چکے ہیں۔ کرونا نے جیسا کہ آپ جانتی ہیں پورے ملک بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں لوگ ملک کے مختلف قرنطینہ مراکز میں قید کر دیے گئے ہیں۔

ان مراکز میں طبعی سھولیات جن میں ونٹیلیٹرز وغیرہ شامل ہیں بالکل ہی دستیاب نہیں ہیں اور اس میں بالکل تعجب کی بات نہیں کہ جب ناروے جیسے ملک میڈیکل ایکوپمنٹس بنا رہے تھے تب ہم اسلحہ ساز کمپنی کے مالکین سے بھاری مقدار میں اسلحہ خریدنے کے لیے میٹنگز فکس کر رہے تھے کہ اس میں ہی چند خاندانوں کی فلاح جڑی تھی۔ فلاحی ریاستیں بنائیں ہمارے دشمن لیکن ہمارے دشمن بھی تو ہم سے کچھ مختلف نہیں۔ قرنطینہ مراکز بس قید خانے بن کے رہ گئے ہیں ایسے لگتا ہے کہ جیسے حکومت آبادی کے بڑے حصے کو قید میں رکھنے کا دانستہ تجربہ کر رہی ہے اور اس میں بتدریج کامیاب بھی ہو رہی ہے۔

اب جبکہ مریضوں کی تعداد نا قابل شمار حد تک بڑھ چکی ہے، سرکار بے سروکار نے مریضوں کو ان کے گھر ہی میں قرنطینہ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس پہ شک نہیں کہ مستقبل قریب و بعید میں رہبران سیاست و تجارت اس تجربے کی افادیت کو اپنے ذاتی مفادات کے سانچے میں ڈھالنے کی ترکیب پہ سوچ کے گھوڑے دوڑائیں اور کامیاب ہونے کے بعد ہماری زندگیوں کووسیع دوزخ سے نکال کے چار دیواری کے جہنم میں جھونک دیں۔

میری تشخیص کی بعد مجھے ہسپتال کے ایک انتظاری ہال میں لایا گیا جہاں درجنوں کرونا کے مریضوں کو گھر میں رہ کر احتیاطی تدابیر اپنانے کی ترغیب دی جا رہی تھی۔ ان مریضوں کے سامنے کھڑا ایک ڈاکٹر ان کو اپنی گرجدار آواز میں بتا رہا تھا کہ کرونا کا واحد حل سماجی فاصلہ اور ہاتھ دھونا ہے کیونکہ اس کی ویکسین تیار کرنے میں اداویات بنانے والی کوئی کمپنی ہنوز کامیاب نہ ہو سکی۔ مایوسی اور خوف مریضوں کے چہرے سے چھلک رہا تھا۔ موت کے دیو کا سایہ ہال میں موجود مریضوں کے سر پہ منڈلا رہا تھا اور اس کی چھاپ ہر ماندہ چہرے پہ نمایاں تھی۔

ڈاکٹر احتیاطی تدابیر بتانے کے ساتھ دلاسے بھی دیے جاتا تھا کہ یہ مرض جان لیوا نہیں اگر آپ احتیاط کی تمام شرائط پہ پورے اتریں۔ موت کا خوف تسلی و دلاسے کے تمام اثرات کو زائل کر دیتا ہے۔ تقریبا تمام مریض پہلے سے ہی خبر رساں اداروں کے توسط سے جانتے تھے کہ دنیا بھر میں اس وبا نے لاکھوں جانے لی رکھی ہیں، لحظہ بھر کو مطمئن نہ ہوئے اور ایک پراندیش چپ سادھے کھڑے رہے۔

جب ڈاکٹر کو لگا کہ اس نے اپنی حوصلہ افزا مہارت سے مریضوں کے ذہن کی ٹنکیاں امید کے تیل سے بھر دی ہیں تو مریضوں کو گھر کو لوٹنے کی تنبیہ کی گئی۔

میں ہسپتال سے دوائی کے بجائے تسلی لے کر نکلا تو اپنے کمرے کو پہنچنے تک راستے نے بھوک بیماری اور افلاس سے سسکتی انسانیت کے کئی دل خراش مناظر دکھائے۔ میں نے تب اس نظام زر، جس نے صدیوں محنت کشوں کا خون چوسا اور آج ان کو زندہ رکھنے جتنا بھی مہیا کرنے کو نہ تیار ہے اور نہ ہی اہل، کا وہ چہرہ دیکھا جس کی نشاندہی صدیوں پہلے انسانیت کے مسیحا نے کر رکھی ہے۔

کمرے میں پہنچا تو وہاں پہلے سے موجود مایوسیوں، پریشانیوں اور دکھوں میں اضافہ کرنے کے سوا کچھ کرنے کو تھا ہی نہیں۔ جب موت کا منہ زور و بے لگام گھوڑا گلیوں کوچوں میں دوڑتا پھر رہا ہو تو اس کی دہشت روزن دیوار سے کمروں کے اندر جھانکنے لگتی ہے۔ اور زندگی سہم کر کونوں کھدروں میں پناہ ڈھونڈتی پھرتی ہے۔ اگر موت کا اندیشہ نہ ہو تو موت ایک خوبصورت موضوع ہے۔ وبائیں شدت اختیار کر لیں تو سب سے پہلے لقمہ اجل بننے والی چیز انسانیت ہوتی ہے کہ جب جنگ جسم کے بقاء کی ہو تو انسان اجسام بن جاتے اور ہر جسم اپنے تحفظ کے لئے دوسرے جسم کی بلی چڑھاتا ہے۔

جان تمنا
مجھے تمہاری فتنہ انگیز چشم سیاہ کی قسم کہ زندگی کے تمام جابرانہ رویوں، جن کی بناوٹ یزداں کی سرپرستی میں اس نظام زر کو سونپی گئی، کے باوجود نہ تو کبھی موت کی خواہش کی اور نہ ہی اس سے خوفزدہ ہوا۔ خواہش اس لئے بھی باقی نہ رہی کہ زندگی کے تمام ترش زائقوں کے احساس کو تمہاری قربت کی مٹھاس نے مدھم کر دیا تھا۔ اور خوفزدہ اس لئے نہیں تھا کہ موت سے کسی بھی طرح فرار ممکن نہیں۔ لیکن

اے قرار دل و جاں اب تمام حوصلے ٹوٹ رہے ہیں۔ اب بھوک اور بیماری نے تمام تخیلاتی حفاظتی حصاروں کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے۔ سانس لینے سے پیدا ہونے والی خوفناک آواز ایسے ہے جیسے گہرے کالے کنوے میں پتھر پھینکنے سے پیدا ہوتی ہے۔ اب انسان کے تمام سہارے ٹوٹ رہے ہیں۔ میں نے ہسپتال کے باہر لوگوں کو اپنے گلوں سے تعویز اتار کے پھینکتے دیکھا ہے۔ میں نے بوڑھی عورتوں کو گندی نالیوں میں خون تھوکتے پایا ہے۔ میں نے اس ریاست خداد کی سڑکوں پہ بھوک سے مرے بچوں کی کی برہنہ لاشیں دیکھیں۔

ذہن ان تمام تجربات کی اذیتوں کو سہنے سے گریزاں ہے۔ اب اس گرد میں کچھ نہیں دکھائی دیتا۔ میں نے بڑی مکاری سے اس گرد میں تمہارے چہرے کا ساتھ ڈونڈھ لیا۔ اگر اس چہرے کا ساتھ میسر نہ آتا تو شاید میں اپنے پڑوسی کی طرح ان احساسات سے تنگ آکر اس پنکھے سے جھول جاتا جس کا اس سے سوا کوئی تصرف اگلے پانچ ماہ تک ممکن نہیں۔

میں اس گرد میں تمہارے چہرے کو پرنم آنکھوں سے دیکھتا رہتا ہوں اور لب ہی لب میں پکارے جاتا ہوں کہ
اے جان بے کس و بیکراں کہاں ہو تم؟ آؤ کہ میری آنکھیں امید سے خالی ہو رہی۔ میرے صبحیں بے نور پیدا ہو رہی ہیں۔ میری دھڑکنیں توازن کھو رہی ہیں۔ تم اپنی اس جادوئی مسکراہٹ سے پھر میرے سینے میں زندگی پھونک دو۔ شاید تمہارے لمس سے زندگی پھر اس نیم مردہ جسم میں لوٹ آئے۔ مگر میں جانتا ہوں تم اب کے بار نہیں انے والی کہ زندہ رہنے جیسی انسانی لیکن سریعا اضافی لالچ سے تم بھی مبرا نہیں ہو۔ اب اجازت چاہوں گا کہ مجھ میں اور لکھنے کا دم نہیں اور میں جانتا کہ آپ نازک طبع میں اس زیادہ سے پڑھنے کا۔