انجن التان ( ارطغرل ) اور کپتان


پاکستانی احساس محرومی کے شکار لوگوں کی ایک صفت ایسی ہے جو ہمارے خان صاحب میں پائی جاتی ہے۔ مطلب دوسروں کے کاموں پر اپنے نام کی تختی چپکا دینا۔ مجھے تو ڈر لگ رہا ہے ارطغرل ڈرامہ پاکستان میں نشر ہونے کے بعد ترکی کے ڈائریکٹر و پروڈیوسر اپنے حقوق ملکیت کہیں کھو نہ دیں۔ کیونکہ پاکستانیوں کی نیچر کا کوئی پتا نہیں کہ کل کہہ دیں گے ارطغرل کو اتنی شہرت اس لئے ملی کیونکہ ہمارے خان صاحب نے اس ڈرامے پر تبصرہ کیا تھا لہذا ارطغرل ڈرامے پر ترکوں سے زیادہ ہمارا حق ہے۔

اچھا تو میں کہہ رہا تھا کہ انجن التان ( ارطغرل) کی اداکاری نے مجھے بھی اپنے سحر میں جکڑ دیا تھا مگر اس سب کے باوجود انجن التان صرف ایک اداکار ہے۔ ہمارے ہاں تو کچھ حلقوں میں انجن التان کو حقیقت میں خلیفہ سمجھا جارہا ہے۔ اگر سچ میں انجن التان پاکستان آکر اپنی خلافت کا اعلان کردے تو بہت سے لوگ انجن التان کو اپنا حقیقی خلیفہ سمجھ کر بیعت کرنے کے لئے لبیک کہتے ہوئے پہنچ جائیں گے۔

یقین نہیں آتا تو اپنے خان صاحب کو دیکھ لیں ایک کرکٹر ہی تو تھا جو اپنا شباب دنیا کی حوروں پر قربان کرکے بڑھاپے میں ریاست مدینہ قائم کرنے پاکستان پہنچ گیا اور پاکستانیوں کا وسعت ظرف بھی قابل تعریف و تحسین ہے کہ ریاست مدینہ کا خلیفہ سمجھتے ہوئے آنکھوں پر بٹھا رکھا ہے۔ اگر ایسے میں انجن التان جو ڈرامے میں خلیفہ کا کردار بھی ادا کرچکا ہے اگر پاکستان آکر خلافت کا اعلان کردے تو ہمارا ظرف ایسے حسین و جمیل، ذہین و فطین خلیفہ کو کیسے مسترد کرسکتا ہے۔

سننے میں آرہا ہے کہ انجن التان ( ارطغرل ) کو ہالی وڈ سے کسی بڑے پروجیکٹ کی آفر ہوئی ہے۔ اگر یہی ارطغرل جو آج ہمارا خلیفہ بنا ہوا ہے کل کسی ہالی وڈ بے بی کے ساتھ کسی مووی میں اپنے شباب کو گرماتا ہوا نظر آیا تو خلیفہ کے ماننے والے بہت سوں کے دل ٹوٹ سکتے ہیں۔ اس لئے سوچا کہ انجن التان کا مختصر تعارف کرا دوں کیونکہ کسی دوسرے ڈرامے میں انجن التان کو کسی دوشیزہ سے کشتی کھیلتے ہوئے دیکھ کر مجھے بھی شدید جھٹکا لگا تھا۔ میں نہیں چاہتا کہ کسی اور کو بھی ایسا شدید جھٹکا لگے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments