فردوس عاشق اعوان سے کس نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی سٹائل میں مال بنائیں: ممتاز قومی رہنما وینا ملک
وزیراعظم کی سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کو عہدے سے اچانک ہٹائے جانے پر ابھرتی ہوئی قومی رہنما اداکارہ وینا ملک نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ "کس نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی والے سٹائل میں مال بنائیں۔ عمران خان تو بسکٹ بھی گنتا ہے”۔
اس سے قبل فردوس عاشق اعوان نے عہدے سے علیحدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ "وزیراعظم عمران خان کا شکریہ۔ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ ایک سال کے عرصے میں اپنی بھرپور صلاحیتوں سے فرائض سر انجام دینے کی کوشش کی۔ وزیر اعظم کا استحقاق ہے کہ ٹیم کے کس کھلاڑی کو کونسے بیٹنگ آرڈر یا کونسی فیلڈ پوزیشن پر کھلانا ہے۔ میں ان کے فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔”
فردوس عاشق اعوان کے ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے وینا ملک نے الزام لگایا کہ "آپ کا بیٹنگ آرڈر تبدیل نہیں کیا گیا۔ آپ کو میچ فکسنگ – کرپشن کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ کس نے کہا تھا پی پی والے سٹائل میں 10% مال بنائیں۔ وینا نے کہا کہ یہ عمران خان ہے (جو اتنا دیانت دار ہے کہ) جو بسکٹ بھی گنتا ہے۔ "
خیال رہے گزشتہ روز حکومت نے فردوس عاشق اعوان کی جگہ سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات بنا دیا تھا۔ اس خبر کے ساتھ کچھ ایسے الزامات بھی سامنے آئے تھے کہ فردوس عاشق اعوان نے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کی تھی جس پر انہیں منصب سے الگ کر دیا گیا۔


