آپ کا ہنر اور اور آن لائن کاروبار


”ضرورت ایجاد کی ماں ہے“ یہ ضرب المثل بچپن سے سنتے اور پڑھتے آئیں ہیں پر اس کا عملی مظاہرہ وبا کے دنوں میں دیکھنے میں آ رہا ہے۔

دنیا بھر میں اس وبا سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ معاشرے کا ہر چھوٹا بڑا طبقہ اور شعبہ اس سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ چاہے وہ مصنوعات ساز کمپنیاں ہوں یا خدمات فراہم کرنے والے ادارے، سونار سے لے کر لوہار تک سب ہی اس کے چنگل کا نشانہ بنے ہیں۔ اور معاشی پہیہ جو پہلے ہی سست رفتار سے رواں تھا ایک دم سے رک کر رہ گیا۔

پر رکیے۔ اس وبا سے جہاں معاشی تنزلی دیکھنے مں آئی ہے وہیں اس کے باعث روزگار کے نئے دروازے بھی کھلے ہیں۔ اب کاروباری اور محنت کش پڑھے لکھے طبقے نے بھی روایتی کاروابر پر نظر ثانی کی ہے۔ کاروبار خواہ مصنوعات سے متعلق ہوں یا خدمات سے، اس نے لوگوں کو ای کامرس کی اہمیت سے روشناس کرادیا ہے۔ آن لائن کاروبار کی اہمیت سمجھا دی ہے اور کاروبار کے نئے دروازے ان پر وا کردیے ہیں۔

اب لوگوں کو اپنے ذریعہ معاش پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ اگر کوئی آپ کی بہتر اور دیانت داری کے ساتھ مدد کر سکتا ہے، آپ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتا ہے، تو وہ خود آپ ہیں۔ اور کیا ہی اچھا ہو کہ روایتی کام کے ساتھ اگرانٹرنیٹ کے ذریعے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر وقت ضائع کرنے کے بجائے وقت کا بہترین استعمال کر لیا جائے۔ اپنی مہارت کا بھرپور مظاہرہ آن لائن کاروبار کے ذریعے کیا جائے۔ بالکل ویسے ہی جیسے عام روایتی کاروبار میں کیا جاتا ہے۔ تو کوئی شک نہیں آپ مناسب آمدنی حاصل کر لیں گے۔ پرشرط سنجیدگی اور باقاعدگی ہے۔

اگر چہ آن لائن کاروبار کو ہمارے معاشرے میں سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا اور اسے محض تفریح کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر ہمارے ملک کے نوجوان طبقہ ای کامرس کی جانب متوجہ ہو جائے اور آئی ٹی کے میدان میں کوشش کرے۔ اس کے علاوہ اگر ہمارے ملک کا پڑھا لکھا طبقہ جو سوشل نیٹ ورکنگ سائیٹ سے ہی اگر آن لائن کاروبار کا آغاز کرے تو ان کے لیے کامیابی کے روشن امکان ہیں۔

اس مقصد کی خاطر اگر آپ گوگل سرچ کریں تو ایسی بہت سی ویب سائٹس مل جائیں گی جہاں آپ باآسانی اور با عزت روزگار کما سکتے ہیں۔ جہاں آپ فری لانسنگ کے ذریعے گھر بیٹھے مضامین لکھ کر پیسہ کما سکتے ہیں، آپ یو ٹیوب پر چینل بنا کر ناظرین کو عام معاملات پر ٹپس اینڈ ٹریکس سیکھا سکتے ہیں، یا اپنے شعبے سے متعلق مہارت کا تجربہ بیان کر سکتے ہیں، اگر آپ کو ناول لکھنے کا شوق ہے اور اس کی پبلش کا مسئلہ ہو تو ایمیزون کنڈل ڈائریکٹ پبلش کے ذریعے گھر بیٹھے اپنا مواد پبلش کرواکر اور اس کی آن لائن فروخت سے پیسہ کما سکتے ہیں، اگر آپ تصویر کشی میں ماہر ہیں اور فوٹوگرافی خون میں شامل ہے تو فوٹیلا کے پلیٹ فارم پر اپنی تصویر اپلوڈ کریں اور اس کی فروخت سے آمدنی حاصل کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ مختلف کمپنیوں کی جانب سے کروائے گئے سروے کا حصہ بن کر خاطر خواہ پیسہ حاصل کر سکتے ہیں، اور اگر آپ آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ ہیں یا گرافکس کے بارے میں سوجھ بوجھ رکھتے ہیں تو فیور جیسے پلیٹ فارم پر کسٹمرز کو گرافکس ڈیزائن اور آڈیو ویڈیو ایڈیٹنگ جیسا کام بھی کر کے دے سکتے ہیں اور فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ اور بھی بہت سے پلیٹ فارم آپ کو مل جائیں گے جو آپ کو دفتر کی طرح کا کام دے دیتے ہیں جہاں آپ ان لوگوں کا کام کرتے ہیں جو مصروفیات کے باعث چھوٹے موٹے دفتری امور سر انجام نہیں پاتے آپ ان کے وہ کام کر کے وہاں سے بھی آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔ مند درجہ بالا بیان کردہ پلیٹ فارمز تو آن لائن پیسہ کمانے کی محض ایک جھلک تھی باقی جب آپ اس سمندر میں چھلانگ لگائیں گے تو اس سے زیادہ بہت کچھ جان جائیں گے۔ پر یاد رکھیے آن لائن کاروبار میں جہاں آسانیاں ہیں تو وہیں فراڈ اور ہیکنگ جیسی مشکلات کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔ کسی بھی پلیٹ فارم پر کام کا آغاز کرنے سے پہلے اس کے متعلق خوب ریسرچ کریں، اس کی شرائط کو پڑھیں اور جب دل مطمئن ہوتو پھر آغاز کریں۔

یاد رکھیے کوئی بھی کاروبار ہو وقت، محنت اور انویسٹمنٹ کے بغیر نہیں چلتا۔ کاروبار ایک ہی جست میں ترقی کے بام عروج پر نہیں پہنچتا بلکہ بتدریج آگے بڑھتا ہے۔ آپ زندگی کے کسی بھی شعبے کا حصہ ہوں آپ استاد ہو، ڈاکٹر ہو، وکیل ہو، انجینئیر ہوں غرض معاشرے کے کسی بھی کارآمد شعبے سے تعلق رکھتے ہوں تو ای کامرس کے ذریعے کاروبار کو ترقی دینا انتہائی آسان ہے۔ اور اب چونکہ لاک ڈاٶن کے باعث گھر میں وقت ہی وقت ہے تو کیوں نہ اس موقعے سے فائدہ اٹھا کر پہل کی جائے۔ اگر کل کلاں کو خدانخواستہ اگر نوکری سے دل بھر جائے یا کاروبار میں نقصان کے باعث جیب میں کچھ نا رہے تو کچھ تو ایسا ذریعہ معاش ہونا چاہیے جس سے کچھ نہ کچھ پیسہ آتا رہے۔ اور نوکری کے ساتھ ساتھ اگر آن لائن سائٹس سے کچھ اضافی مل جائے تو برا کیا ہے۔

کیونکہ آن لائن کاروبار بھی عام کاروبار کی ہی طرح ہے بس فائدہ یہ کہ آپ کہیں بھی کسی بھی جگہ بیٹھ کر با آسانی کام کر سکتے ہیں۔ ہینڈز فری لگائے یا گھر پر بیٹھ کرٹی وی دیکھتے ہوئے کام کر سکتے ہیں آن لائن کاروبار، آنے والے کل کی جدید شکل ہے۔ اس میں بھی وقت کا دورانیہ کسی طور بھی روایتی کام سے کم ہر گز نہیں۔ اگر آپ اس طرف آنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ کو اپنے مواد یا خدمات کو ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر سے بہترین کی جانب رواں رکھنا ہوگا۔ کیونکہ یہاں آپ کو اپنے کاروبار کو پروان بھی چڑھانا ہے، مسابقت کا سامنا بھی کرنا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ پیسہ بھی کمانا ہے، جس کے لیے اپنی اسکلز کو شارپ کرتے رہنا ہوگا۔ تبھی آنے والے کل کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کیا جاسکتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments