تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک کب پہنچیں گے؟


پاکستان میں جونہی پٹرول کی قیمت بڑھتی ہے تو اس کے ساتھ ہی اشیائے خوردونوش سے لے کر روز مرہ استعمال کی ہر شے کی قیمت میں کئی گنا اضافہ کر دیا جاتا ہے لیکن جب پٹرول کی قیمت کم ہوتی ہے تو ضروریات زندگی کی اشیاءکی قیمتیں کم ہونے کا نام ہی نہیں لیتیں۔ پٹرول کی قیمت میں اضافہ کی خبر جونہی ٹی وی پر نشر ہوتی ہے پٹرول مافیا اس کا اطلاق اپنا اخلاقی فرض سمجھ کر کرنا شروع کر دیتا ہے، اس وقت سرکاری نوٹیفیکیشن کا بھی انتظار نہیں کیا جاتا لیکن جب قیمت کم ہونے کی خبر نشر ہوتی ہے توباقاعدہ نوٹیفیکیشن آنے کا انتظار کیا جاتا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے سے لے کرپٹرول پمپ مالکان تک پہنچنے تک مافیا پرانی قیمت پر پٹرول بیچ کر اپنے ٹینک خالی کرچکے ہوتے ہیں جبکہ اشیائے خوردونوش اور دیگر کاروبا ر سے وابستہ مافیا قیمتیں گرنے پر یہ کہتا رہتا ہے کہ ابھی تو سودے پرانے والے چل رہے ہیں، نئے سودوں کے وقت قیمتوں میں کمی کریں گے۔

بدقسمتی سے پاکستان میں ناجائز منافع خوری کرنے والا مافیا ملک کے ہر کاروبار سے منسلک ہے اسی وجہ سے حکومت کی جانب سے عوام کو دیا جانے والا ریلیف بروقت عوام تک پہنچ نہیں پاتا، کچھ اسی طرح کی صورتحال کا سامنا اب بھی عوام کو کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ حال ہی میں حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کے باوجود عوام کو اس کے خاطر خواہ فوائد حاصل نہیں ہورہے جس پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد اشیاءکی قیمتوں میں کمی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کہ ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں کمی کا ثمرعام افراد تک پہنچایا جائے۔ انھوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ناجائزمنافع خوری کے خلاف ایکشن لیا جائے، صوبے مہنگائی میں مزید کمی لانے کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے سمیت ہرصورت قیمتیں کم کروائیں بصورت دیگر ایکشن لیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی کی ہدایت کے بعدوزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے اثرات عوام تک پہنچانے کے لئے صوبائی اداروں اور مقامی حکومتوں کے ذمہ داران کوفعال کردار ادا کرتے ہوئے سبزیوں، پھلوں، دودھ، دہی اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے علاوہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نمایاں کمی لانے اورقیمتوں میں کمی کی بابت رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر صوبائی حکومت کو بھجوانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

سیکرٹری انڈسٹریز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صوبہ بھر میں موجود پٹرول پمپس کی موثر نگرانی کر ائیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ نئی قیمتوں کا اطلاق نہ صرف فوری ہو بلکہ کسی بھی صورت عوام الناس کو پیمانے سے کم پٹرولیم مصنوعات فروخت نہ کی جا سکیں۔ ادھر صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام تک منتقل ہونے سے ثابت ہو گیا ہے کہ ملک میں حقیقی معنوں میں عوامی حکومت بر سر اقتدار ہے، قوم کو وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے مزید خوشخبریاں بھی ملیں گی۔

ٓیہ بات سب بخوبی جان چکے ہیں کہ کورونا وباءکے باعث عالمی مارکیٹ کریش ہوچکی ہے اس خبر نے ساری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ امریکی خام تیل کی قیمت تاریخ میں پہلی مرتبہ 107 فیصد سے بھی نیچے گر کر منفی صفر اعشایہ صفر پانچ پر پہنچ گئی ہے۔ تیل کی قیمتیں صفر ڈالر سے بھی کم ہو گئی ہیں۔ تیل کی قیمت میں کمی کی ایک وجہ دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹرانسپورٹ اور فیکٹریوں کا بند ہونا ہے جس کے وجہ سے پٹرول کے خریدار نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔

ان حالات میں اقتصادی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ وہ ممالک اٹھائیں گے جو لاک ڈاؤن جلد ختم کریں گے کیونکہ کسی ملک کے پاس تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش نہیں رہی۔ تیل کی قیمت کم ہونے سے ایک خطرہ یہ بھی ہے کہ عرب ممالک میں بے روزگاری بڑھے گی جس کا اثر سمندر پار پاکستانیوں اور ان کی طرف سے بھیجے جانے والے زرمبادلہ پر بھی پڑے گا۔

Facebook Comments HS