فردوس عاشق اعوان نے لابنگ کے ذریعے وزارت حاصل کی تھی، وہ اس کی اہل نہیں تھیں: فواد چودھری
وفاقی وزیربرائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے لابنگ کے ذریعے وزارت حاصل کی تھی اور وہ اس وزارت کی اہل نہیں تھیں۔ وفاقی وزیربرائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک انٹرویوکے دوران کہا کہ فردوس عاشق اعوان وزارت اطلاعات کی کبھی بھی اہل نہیں تھیں، اس وزارت کوسنبھالنا آسان نہیں کیونکہ یہ اب ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے، ان کو بہت پہلے ہٹا دینا چاہیے تھا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان نے لابنگ کے ذریعے وزارت تو حاصل کر لی تھی پر وہ اسے چلا نہیں سکیں، جس کا پی ٹی آئی سمیت وزیراعظم آفس کو بہت نقصان ہوا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں عاصم سلیم باجوہ کی شمولیت سے وزیراطلاعات شبلی فرازکو بڑی مدد ملے گی کیونکہ عاصم سلیم باجوہ کو میڈیا کے حوالے سے سارے کام آتے ہیں۔ وفاقی وزیر سے جب کورونا وبا کے باعث لاک ڈاون کے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ دوا سازکمپنیوں کے مطابق اگلے سال ستمبرسے پہلے ویکسین کی تیاری ممکن نہیں تو ڈیڑھ سال ملک بند نہیں کیا جا سکتا۔ اسی لیے لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے۔ اس ضمن میں صوبوں اور ماہرین کی روزانہ مشاورت سے فیصلے کیے جاتے ہیں۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).