اسلام اور دہشت گردی


گزشتہ چند دہائیوں اور بالخصوص نائن الیون کے بعد مغربی پالیسی سازوں اور برطانوی سامراج کی حمایت کرنے والوں نے اسلام دشمنی میں مسلمانوں کے بارے میں عوام الناس کی ایسی متعصب ذہن سازی کرنے کی کوشش کی جس سے پوری دنیا اور بالخصوص مغرب کے حامیوں نے مسلمانوں کو مجرم کہتے ہوئے کٹہرے میں لا کھڑا کیا۔ بنیاد پرستی اور انتہا پسندی جیسے الزامات کے بعد کئی برسوں سے دہشت گردی کا ٹھپہ لگا کر مسلمانوں کو عالمی امن کے لیے نہ صرف خطرہ قرار دیا رہا ہے بلکہ مسلم ممالک کو تباہ و برباد کرنے کے لیے نت نئی پالیسیاں بنائی گئیں اور آئے روز نئے نئے پروپیگنڈے کیے جاتے رہے۔

ستم ظریفی یہ ہے کہ یہ الزامات وہ طاقتیں لگا رہی ہیں جنہوں نے مسلمانوں کے سو فیصد جائز حقوق بھی علی الاعلان غصب کر رکھے ہیں اور اس کی تازہ ترین مثال مسئلہ کشمیر ہے جو صرف اور صرف مغربی حمایتی ٹولے کی وجہ سے آج تک لٹکتا آ رہا ہے اور بھارت جو خود کو دنیا کی سب سے بڑی سیکولر ریاست کہلواتا ہے، وہی سیکولر ملک کشمیر میں مسلمانوں کے حقوق کیسے غصب کیے ہوئے ہے، ہم دیکھ رہے ہیں اور اس سے بڑا ظلم یہ ہوا کہ اپنی تجارتی منڈی کو خسارے سے بچانے کے لیے کئی اہم ترین مسلم ممالک نے بھی اقوام متحدہ میں کشمیر اور پاکستان کو تنہا چھوڑ دیا تو ایسے میں دہشت گردی کا مقدمہ کس پہ چلنا چاہیے؟

یہ واقعی اہم ترین سوال ہے۔ اب یہ حقیقت بھی پوری طرح عیاں ہو چکی ہے کہ عالم اسلام کے خلاف مغربی پالیسی سازوں کی جارحانہ کارروائیاں کسی دہشت گردی کی روک تھام کے لیے نہیں بلکہ ان کے وسائل پر قبضے کے لیے ہیں۔ یہ عالمی سرمایہ داری کی جنگ زرگری ہے، جسے دہشت گردی کے جعلی نعرے کی آڑ میں مسلمانوں پر مسلط کیا گیا ہے اور ظلم کی بات یہ ہے کہ کئی مسلم ممالک کے حکمران مسلمانوں کے خلاف اس عیارانہ مہم کی حقیقت دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کی بجائے مغربی پالیسی سازوں کے آلہ کار بن کر انہی کی بولی بولتے نظر آ رہے ہیں۔

یہ ساری باتیں آج اس لیے کرنی پڑیں کہ حال ہی میں ثروت جمال اصمعی کی کتاب ”اسلام اور دہشت گردی“ پڑھی اور انہوں نے اسلام کا مقدمہ جس انداز میں عالمی ضمیر کی عدالت میں پیش کیا، واقعی حیران کن ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے آج یہ ساری باتیں کرنی پڑیں جو گزشتہ دو دہائیوں سے میرے مشاہدے اور مطالعے میں تھیں۔ یہ بات بھی گزشتہ ایک دہائی میں کھل کر سامنے آئی ہے کہ مغربی ممالک کے عمائدین، شہریوں، سماجی رہنماؤں، سیاسی کارکنوں اور اساتذہ و طلبا و طالبات کی ایک کثیر تعداد ایسی بھی ہے جو مسلم دنیا اور مسلمانوں کے خلاف اپنے ہی حکمرانوں کی استحصالی پالیسیوں سے شدید اختلاف رکھتے ہیں۔

یہی لوگ ہیں جنہوں نے افغانستان اور عراق پر امریکہ کے بے جواز حملے کے خلاف پورے یورپ اور امریکہ میں لاکھوں افراد پر مشتمل احتجاجی ریلیاں نکالیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مسلم دنیا میں عالمی سرمایہ داری کی وحشیانہ کارروائیوں کی مخالفت بڑھ رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج مسئلہ کشمیر ہو یا کوئی بھی دہشت گردی کا واقعہ، جہاں مسلمان مخالف لابیاں حرکت میں آ جاتی ہیں اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کوشش کرتی ہیں، وہاں ایسے لوگ اور گروہ بھی سامنے آتے ہیں جو مسلمانوں کی نہ صرف حمایت کرتے ہیں بلکہ مغربی پالیسی سازوں کی سازشوں کے بھی بے نقاب کرتے ہیں۔

مزید آج صورت حال یہ بن چکی ہے کہ دو تہائی سے زیادہ امریکی شہری آج امریکی قیادت اور صدر ٹرمپ کے جنگی جنون اور عراق و افغانستان میں ان کی غاصبانہ اور وحشیانہ کارروائیوں کو برملا غلط قرار دے رہے ہیں اور امریکہ طالبان معاہدے کو سر عام سراہا جا رہا ہے کیونکہ یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ ظلم کی عمر اگرچہ ظاہری طور پر تو لمبی ہوتی ہے مگر اس کا پردہ چاک ہو کر رہتا ہے۔ آپ اگر مزید تھوڑا پیچھے جائیں اور 2006 ء میں دیکھیں کہ کیسے امریکی کانگرس کے انتخابات میں حکمران ری پبلکن جماعت کے مقابلے میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے نمائندوں کو واضح اکثریت سے منتخب کر کے انھوں نے مسلم دنیا میں جاری صدر جارج بش کی پالیسیوں سے اپنا اختلاف بھرپور انداز میں ریکارڈ کروایا تھا۔

ثروت جمال اصمعی کی یہ بات واقعی سچ ہے اور سوچنے کے قابل ہے کہ ”اب ایک طویل عرصے بعد صیہونیت اور عالمی سرمایہ داری کے ایجنٹ مغربی حکمرانوں کے مقابلے میں مغرب کے عام لوگ مسلمانوں کی بات یقیناً توجہ اور سنجیدگی سے سننے اور سمجھنے کے لیے تیار ہیں۔“ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے محققین اور دانشوروں سمیت تمام صحافیوں اور قلم کاروں کو پوری سنجیدگی کے ساتھ اس موضوع پر سوچنا چاہیے اور ڈٹ کر لکھنا چاہیے۔ ان مغربی پالیسی میکرز اور بونے دانشوروں کی قلعی کھول کر رکھ دینی چاہیے جو اندرون خانہ مغربی حمایت کر کے اپنے مقاصد پورے کرنا چاہتے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ آج ہم عالمی ضمیر کی عدالت میں عالم اسلام کا مقدمہ انتہائی جانفشانی اور تن دہی کے ساتھ لڑیں اور مسلم امہ کو درپیش ان چیلنجز کا مقابلہ کریں اور حل نکالیں جو ہمیں صہیونی تحریکوں اور مغربی پراپیگنڈے سے ملے اور آج ہم اس میں پستے چلے جا رہے ہیں۔ ہمیں آج مسلمانوں کا مقدمہ مغربی رائے عامہ اور مغربی لابیوں کے سامنے رکھتے ہوئے حق کا پیغام دینا چاہیے اور بنیاد پرستی، انتہا پسندی اور دہشت گردی سمیت ایسے تمام الزامات کو رد کرنا چاہیے جو مسلمانوں پر ایک عرصے سے لگائے جا رہے ہیں۔ اگر ہم بطور قلم کار مسلمانوں کا مقدمہ نہیں لڑ سکتے تو پھر ہمیں یہ بھی کوئی حق حاصل نہیں کہ ہم مسلم ملک میں برتے ہوئے مغربی سرمایہ دار طبقوں کی حمایت کریں اور ان کی پالیسیوں کو اس ملک میں لاگو کرنے والی لابیوں کو سپورٹ کریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments