سائنسی طریقہ کار، تنقیدی سوچ اور پاکستانی معاشرہ
انسانی تاریخ میں سائنسی طریقہ کار کے ارتقاء نے جتنے اثرات مرتب کیے ہیں اس کی نظیر شاید ہی کہیں اور ملے۔ اگر ہم سائنسی طریقہ کار کے بنیادی اجزا کا جائزہ لیں تو مفروضہ، تجربہ اور نتائج اس کے تین بنیادی اجزا ہیں۔ یہاں پہ یہ بات سمجھنا بہت ضروری ہے کہ ہم کبھی بھی مفروضے کی بنیاد پر نتائج اخذ نہیں کر سکتے۔ مفروضے کو ہمیشہ تجربے کی بھٹی سے گزار کر ہی نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اور ان نتائج کی بنیاد پر مفروضے کے غلط یا درست ہونے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ سوچ کے اس طریقہ کار نے انسانی دنیا میں جتنے انقلابات لائے ہیں اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آج کی دنیا میں جتنی بھی ایجادات ہیں وہ اسی بنیادی طریقہ کار کی مرہون منت ہیں۔
سائنسی طریقہ کار اور تنقیدی سوچ نہ صرف سائنس کے میدان میں بنیادی اہمیت کی حامل ہے بلکہ سوچنے اور کسی نظریے کے پرکھنے میں بھی اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ حقیقت کو جانچنے اور سچ کو سمجھنے کے لئے بھی بہت ضروری ہے کہ فقط مفروضے کی بنیاد پر نتائج نہ اخذ کیے جائیں بلکہ ٹھوس حقائق، منطقی دلائل اور اپنے نظریات کے سخت محاسبے کے بعد ہی کسی نتیجے تک پہنچا جائے۔ یہاں پر اپنے نظریات کے محاسبے اور اپنی سوچ کو تعصب سے پاک رکھنا بہت ضروری ہے۔
تعصبات ہمیشہ حقیقت کی تلاش اور سچائی کو جانچنے میں ایک بہت بڑی رکاوٹ رہے ہیں۔ حتی کہ سائنس کے میدان میں بھی جب بھی تعصب کی بنیاد پر کوئی تحقیق کی گئی تو اس کے نتائج نا صرف ہمیشہ ایک سوالیہ نشان رہے بلکہ آنے والی کئی نسلوں کی گمراہی کا بھی سبب بنے۔ ایک محقق کے لئے ضروری ہے کہ وہ تعصب کی عینک اتار کر صرف حقیقت کو ڈھونڈھنے اور سچائی کو جانچنے کی جستجو میں نکلے اور اس بات سے قطع نظر کہ وہ جس نتیجے تک پہنچے گا وہ اس کے موجودہ نظریات کے مطابق ہو گا یا اس کے خلاف۔
تنقیدی سوچ کے لئے سوال کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ درست سوال حقیقت تک پہنچنے اور سچائی کو پرکھنے کے لئے مشعل راہ ہوتے ہیں اس ضمن میں تعلیمی نظام کو اس انداز میں مرتب کیا جانا چاہیے کہ وہ طالب علموں میں سوال اٹھانے اور سچائی تک پہنچنے کی حوصلہ افزائی کرے۔ تحقیقی میدان میں قوموں کی ترقی کی بنیاد بھی ایسا ہی تعلیمی نظام ہے جو طالب علموں میں سوال کرنے کی استعداد کو بڑھائے۔ یہاں پر یہ بات بھی بہت ضروری ہے کہ سوال کرنے والا اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کے سوال کا مقصد صرف اور صرف حقیقت کی تلاش ہو نہ کہ سامنے والے کی علمی صلاحیت کا امتحان۔ اور جواب دینے والے کے لئے بھی ضروری ہے کہ وہ ہمیشہ یہ گمان رکھے کہ سوال اخلاص پر مبنی ہے اور اپنے علم کے مطابق اس کا جواب دے۔
پاکستانی معاشرے اور تعلیمی نظام میں سائنسی طریقہ کار اور تنقیدی نقطہ نظر کا فقدان شدت سے محسوس کیا جا سکتا ہے۔ اگر ہم سوشل میڈیا یا ٹیلی ویژن کے مباحثوں کا جائزہ لیں تو ہمیں یہ اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں بحث کا بنیادی مقصد دلیل کے بجائے گالی اور تحقیق کے بجائے مقابل کو نیچا دکھانا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ تعصب اور اپنے غلط یا درست نظریات پہ اندھا یقین ہے۔ اور اس کا ایک اور خطرناک پہلو تعلیمی اداروں میں سوال کو دبانے کا رجحان ہے۔
حتی کہ ہمارے بہت سے طالب علم تحقیقی میدان میں بھی فقط دوسروں کی ریسرچ کی نقل کرنے اور علمی دھوکہ دہی سے کام لے کر فقط ڈگری لینے کی جستجو میں نظر آتے ہیں۔ اور یہی وجہ ہے کہ جب ہم سائنسی میدان میں تحقیق کا جائزہ لیں تو ایک قوم ہونے کے ناتے سے ہمارا حصہ بہت کم نظر آتا ہے۔ اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم اپنے تعلیمی نظام میں ان خامیوں کا جائزہ لیں اور اسے از سر نو صرف اور صرف سائنسی بنیادوں پر دوبارہ مرتب کریں۔ تعصب سے پاک، حقائق پر مبنی اور سوال کی حوصلہ افزائی کرنے والا تعلیمی نصاب ہی ہمارے معاشرے کی ان بنیادی خامیوں کو دور کر سکتا ہے۔


