لاہور کے مختلف علاقوں کو کل سے 2 ہفتوں کے لیے بند کرنے کا اعلان
لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور کے مختلف علاقوں کو 2 ہفتوں کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کل رات بارہ بجے کے بعد لاہور کے کئی علاقوں کو بند کر دیا جائے گا، کم سے کم ان علاقوں کو دو ہفتے کے لیے بند کیا جائے گا اور بعد ازاں صورتحال کو دیکھتے ہوئے علاقوں کو کھولنے کا فیصلہ کریں گے تاہم ان علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا اور فارمیسی کھلی رہے گی۔
یاسمین راشد نے کہا کہ ان علاقوں میں شاہدرہ، شادباغ، ہربنس پورہ، گلبرگ کے کچھ علاقے، نشتر ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن میں کچھ سوسائٹی کوبھی بند کر دیا جائے گا۔ عوام ایس او پیز کو سختی سے فالو کرتے رہیں، تاکہ کورونا کا پھیلاو روکا جاسکے، صرف ماسک کے استعمال سے وبا کے پھیلاؤ کو پچاس فیصد تک روکا جاسکتا ہے۔
صوبائی وزیرصحت کا کہنا تھا کہ ہم ان علاقوں پر پابندیاں لگا رہے ہیں، جہاں کورونا کے کیسز زیادہ ہیں، مریض کے اہل خانہ گھر سے بیٹھ کرمطالبہ کرتے ہیں وینٹی لیٹر چاہیے، مریض کو وینٹی لیٹر پر رکھنے کا فیصلہ اسپتال پہنچ کر ڈاکٹرز کرتے ہیں، کورونا کے ہر مریض کو وینٹی لیٹر کی ضرورت نہیں ہوتی، افسوس ہوتا ہے جب ہمارا موازنہ نیوزی لینڈ جیسے ملک سے کیا جاتا ہے۔
بشکریہ ایکسپریس۔
دنیا نیوز نے اس بارے میں مندرجہ ذیل خبر دی ہے :
اہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے لاہور میں کورونا سے متاثرہ علاقوں کو کل سے سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا، متاثرہ علاقے 2 ہفتے کے لئے بند رہیں گے۔
لاہور کے اندرون شہر، مزنگ، شاہدرہ، شاد باغ، ہربنس پورہ، علامہ اقبال ٹاؤن، کینٹ، گلبرگ، نشتر ٹاؤن کے ہاٹ سپاٹ ایریاز شامل ہیں، پابندی کم سے کم 2 ہفتے کے لئے ہوگی۔ سیل کیے گئے علاقوں میں تمام مارکیٹس بند ہوں گی، سیل علاقوں میں کسی بھی فرد کو نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، لاہور کے اہم علاقوں اور گلیوں کو مکمل بند کر دیا جائے گا، گروسری، میڈیکل سٹورز، دددھ دہی کی دکانیں اور تندور کھلے رہیں گے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا لاہور میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، وزیراعظم نے کہا جن علاقوں میں پھیلاؤ ہے وہاں اقدام کریں، متاثرہ علاقوں کو کل رات 12 بجے تک بند کر دیا جائے گا، صورتحال دیکھ کر علاقے کھولنے کا فیصلہ کریں گے، افسوس ہوتا ہے جب ہمارا موازنہ نیوزی لینڈ جیسے ملک سے کیا جاتا ہے، عوام ایس او پیز کو سختی سے فالو کرتے رہیں۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا لاہور کورونا کا گڑھ بنتا جا رہا ہے، علامہ اقبال ٹاؤن کے محلے میں 358 اور واپڈا ٹاؤن کے متاثرہ علاقے میں 250 سے زائد کیسز سامنے آئے، عوام کو حفاظتی تدابیر پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا، ماسک پہن کر بیماری سے 50 فیصد بچا جاسکتا ہے۔


