فلسطینی ’لائیوز میٹر‘


ایک آٹسٹک فلسطینی کی اسرائیلی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر فلسطینی اور اسرائیلی دونوں باشندے سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین اس واقعے کا امریکا میں افریقی امریکی باشندے جارج فلائڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت سے موازنہ کر رہے ہیں۔

32 سالہ ایاد الحلاق 30 مئی کو یروشلم کے پرانے شہر میں قائم ’اسپیشل چلڈرن‘ کے ایک اسکول میں رضاکارانہ طور پر خصوصی خدمات انجام دینے جا رہا تھا کہ اسرائیلی پولیس نے اس کا تعاقب کیا اور اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق اسے شبہ تھا کہ ایاد الحلاق کی تحویل میں کوئی ہتھیار تھا جس کے ساتھ وہ اسکول کی طرف جا رہا تھا۔

خیری الحلاق نے اپنے بیٹے ایاد الحلاق کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں بتایا، ”میرا بیٹا سرنڈر کرتے ہوئے زمین پر ایسے لیٹ گیا تھا جیسے کوئی بچہ اپنی ماں کے رحم میں ہوتا ہے۔“

بعد ازاں پولیس نے کہا کہ ایاد کے پاس سے کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہوا۔

رانا الحلاق ایاد کی ماں ہے۔ اپنے آٹسٹک بیٹے کے قتل پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اس نے کہا، ”انہوں نے ایک معصوم نوجوان کا خون بہایا جس نے ابھی اپنی زندگی میں بہت جی تھی۔ وہ خدا کی سب سے کمزور مخلوق تھا۔“

ایاد الحلاق کی ماں نے یہ بیان اپنے بیٹے کے کمرے میں کھڑے ہو کر دیے۔ اس کمرے میں ہر طرف ایاد کی چھوٹی چھوٹی معصوم ملکیت بکھری ہوئی تھی اور اس کا ایک پوسٹر بھی نصب تھا۔

اسرائیلی پولیس فائرنگ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ دو پولیس افسران گواہی بھی دے چکے ہیں۔

46 سالہ فلائڈ اور ایاد الحلاق کے کیسز میں مماثلت نظر آتی ہے۔ دونوں کا تعلق معاشرے کی ایسی برادریوں سے تھا جو اکثر و بیشتر پولیس کی بربریت اور نسل پرستی کا شکار ہونے کی شکایت کرتی ہیں۔

فلائڈ کی موت اس وقت ہوئی جب منیاپولس کے ایک سفید فام پولیس افسر نے اپنا گھٹنا اس کی گردن پر رکھ کر قریب نو منٹ تک اسے دبائے رکھا۔ دم گھٹنے کی شکایت کرتے کرتے سیاہ فام فلائڈ نے آخر کار دم توڑ دیا تھا۔ 25 مئی کو مبینہ قاتل پولیس افسر کو حراست میں لیا گیا۔

جارج فلائڈ غیر مسلح تھا اور اس کی بہیمانہ موت سے پوری دنیا میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور امریکا سمیت پوری دنیا میں نسل پرستانہ ظلم و جبر کے خلاف احتجاج کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

ایاد الحلاق کی موت پر احتجاج یروشلم، تل ابیب، بیت الحم اور غرب اردن میں مقامی باشندوں، جن میں فلسطینی اور اسرائیلی دونوں شامل تھے، نے سڑکوں پر نکل کر کیا۔

مشعل بردار مظاہروں میں ’پیلسٹینین لائیوز میٹر‘ کے نعرے لگا رہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ یہ جارج فلائڈ کے بہیمانہ قتل کے خلاف اور افریقی امریکی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا ایک طریقہ ہے۔

ایک فلسطینی فنکار تقی اسپوتین نے غرب اردن کے ایک علاقے میں اسرائیل کی جانب سے تعمیر شدہ کنکریٹ کی ایک دیوار پر فلائڈ اور ایاد کی رنگین تصویر بنائی۔ ایاد الحلاق کی تصویر پر اس نے انگریزی میں لکھا، ”صرف فلائڈ نہیں ایاد الحلاق بھی“ ۔ تقی اسپوتین کے بقول، ”دونوں افراد نسل پرستی کے تکبر کی بھینٹ چڑھے۔“

فلسطینی فنکار نے ایاد الحلاق کی یہ تصویر اسرائیل کی طرف سے تعمیر کردہ دیوار پر بنائی ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایاد الحلاق کی موت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے اس واقعے کو ’المیہ‘ قرار دیا۔

فلسطینی باشندے ایک طویل عرصے سے مغربی کنارے اور غزہ پٹی میں اسرائیلی پولیس اور فوجی دستوں کے ہاتھوں خود کے خلاف مہلک طاقت کے استعمال کی شکایت کرتے آئے ہیں۔

انسانی حقوق کے لیے سرگرم خود اسرائیلی حقوق کے گروپ ’بی ٹی سلم‘ کا کہنا ہے کہ سن 2019 میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 133 فلسطینی ہلاک ہوئے جن میں سے 56 کا کسی قسم کی دشمنی یا دہشت گردی میں کوئی حصہ نہیں تھا اور ان میں سے 28 نابالغ تھے۔

مغری بینک کے شہر رملہ میں فلسطینی حقوق کے لیے سرگرم ایک وکیل سلیم برہمہ نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ ایاد کی موت کے جرم کے مرتکب اسرائیلی پولیس افسران کو ہلکی سزا دی جائے گی۔ اس وکیل کا کہنا تھا، ”لیکن ایک مناسب سزا؟ مجھے زیادہ امید نہیں ہے۔ یہ وہ انصاف نہیں ہوگا جس کا ایاد الحلاق مستحق ہے۔“

کشور مصطفیٰ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

کشور مصطفیٰ

یہ مضامین ڈوئچے ویلے شعبہ اردو کی سیینیئر ایڈیٹر کشور مصطفی کی تحریر ہیں اور ڈوئچے ویلے کے تعاون سے ہم مضمون شائع کر رہے ہیں۔

kishwar-mustafa has 46 posts and counting.See all posts by kishwar-mustafa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments