ترک صدر طیب اردگان 2 روزہ دورے پر کل پاکستان آئیں گے


\"tayyab-erdogan\"

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان، صدر مملکت ممنون حسین کی دعوت پر کل16نومبر کو دو روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ انہیں اس دورے کی دعوت صدر ممنون حسین نے دی۔ دفترخارجہ کے مطابق صدر اردگان کے ہمراہ وزرائ، اعلیٰ اور حکام سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد آرہا ہے جبکہ ترک تاجروں کا ایک وفد بھی ہوگا۔ وہ صدر ممنون حسین سے ملاقات کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ مذاکرات بھی کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مذاکرات میں دوطرفہ امور کے تمام پہلوؤں سمیت علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر بھی بات چیت ہوگی۔ ترک صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ صدر معزز مہمان کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔ صدر رجب طیب اردگان لاہور بھی جائیں گے جہاں وزیراعظم شاہی قلعہ میں ان کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کریں گے۔ آئی این پی کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کو ترک صدر کے دو روزہ دورہ پاکستان کے موقع پر حکومت پاکستان کا وزیر مہمانداری مقرر کر دیا گیا۔ وہ ترک صدر اور ان کے ہمراہ آنے والے ترک مہمانوں کے استقبالیہ پروگرامات کے انچارج ہونگے۔

Facebook Comments HS