اسلام کو مندر سے لاحق خطرات


اسلام تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔ یوں تو یہی بات پاکستان کے لیے بھی درست ہے بلکہ ہمیشہ سے رہی ہے لیکن چونکہ ان دونوں سے مراد ہم ایک ہی لیتے ہیں اس لیے اسلام کو لاحق شدید خطرات کو زیر بحث لانا ضروری ہو گیا ہے۔ اسلام آباد کا نام ہی ملک اور مذہب کو سنبھالے ہوئے ہے۔ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کا مطلب یار لوگوں نے ہمیں کچھ یوں سمجھایا کہ جیسے اسلام آباد میں نہیں بلکہ مندر اسلام میں بننے جا رہا ہے۔

ایک انتہائی نیک سیرت اور عبادت گزار دوست جن سے ہم سب کی ملاقات بروز عید ہی مسجد میں ہوتی ہے نے فیس بک پر زبردست الفاظ میں مندر کی تعمیر کی مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی نظریاتی اساس پر حملہ قرار دیا۔ ہم پوچھ بیٹھے کہ میاں یہ ہماری نظریاتی اساس کو ایک مندر سے کیونکر اتنا خطرہ ہے تو ہمیں سیکولر (جسے وہ بطور گالی استعمال میں لاتے ہیں ) کہتے ہوئے مندر سے بڑا خطرہ قرار دیا۔ ان کی باتوں سے اتفاق کرنے کی کوشش بھی کی کہ کسی طرح ہم پر لگا الزام واپس لینے کی کوئی صورت نکلے لیکن انھوں نے بلاک لسٹ میں ڈال دیا۔ یہاں تک تو خیر ہے ہاں ہم کسی اور لسٹ میں شامل اور زندگی کی لسٹ سے خارج نہ کر دیے جائیں اس لیے مناسب سمجھا کہ سوشل میڈیا پر ایسے علماء سے آئندہ گستاخی سے باز رہا جائے۔ اگر آپ کو لگے کہ یہ تحریر کوئی بیلنسنگ ایکٹ کے طور پر وجود میں آئی ہے تو یہ سمجھنے میں بھی آپ حق بجانب ہیں۔

تو اسلام کو مندر سے شدید خطرہ لاحق ہے۔ اسلام کے نام پر مسلمانوں نے مندر توڑے ہیں۔ صرف سومنات کے پیٹ سے نکلے ہیرے جواہرات کے لیے تھوڑی سترہ حملے کیے گئے تھے۔ اب اگر کوئی بدبخت یہ سمجھتا ہے کہ غزنی میں موجود مندر سومنات سے نہ صرف بڑا تھا بلکہ اب بھی موجود ہے تو وہ صرف بغض اسلام میں ہی ایسا کہہ سکتا ہے۔ اور یہ خبر بھلے درست ہو کہ غزنی کا مندر خالی پیٹ تھا آپ جانتے ہیں کہ یہ کہنا سازش ہے اور ویسے بھی خالی پیٹ مظلوم بت پر حملہ اسلام میں جائز نہیں ہے۔

جائز بظاہر قتل بھی نہیں ہے لیکن ہندو مذہب اور مندروں کے ایک اور دشمن مجاہد اسلام اورنگزیب عالمگیر نے بت شکنی کا بیڑا اٹھایا تو یہ کام اپنے محل سے شروع کیا۔ اپنے بھائی دارا کا کام تمام کر کے مسند اقتدار پر براجمان ہونے والے اورنگزیب نے عالمگیریت کی ہر ممکن کوشش جاری رکھی۔ دوسرے بھائی کا انجام بھی ایسا ہی ہوا اور ایک اور بت مارا گیا۔ یاد رہے کہ یہ محض اتفاق تھا کہ ان کے پیٹ بھی خالی نہیں تھے۔ لیکن مسئلہ اسلام کو لاحق خطرات اور مذہبی ہم آہنگی کی آڑ میں موجود سازش تھی جس کی وجہ سے اس وقت دو بت جہنم واصل ہوئے اور تیسرا بھائی اگر بچ گیا تو اس میں عالمگیر کو الزام نہیں دیا جا سکتا وہ بھاگ کہ چھپ گیا تھا پھر تاریخ نے اسے پوشیدہ کر لیا۔ لیکن اس مرد مجاہد جس کا نام عالمگیر تھا نے دو بتوں کا کام تمام کیا اور پھر پورے برصغیر میں مندروں کو ڈھا کر یا مسجدوں میں تبدیل کر کے اسلام کی سر بلندی کے جو کارہائے نمایاں سر انجام دینے تاریخ اس کی گواہ ہے۔ ہم ایسی سنہری تاریخ کو بدلنے نہیں دیں گے کہ اسلام میں مندر تعمیر کیا جائے۔

یہ جو کچھ لوگ مثالیں اٹھا لاتے ہیں کہ فلاں غیر مسلم ملک نے سرکاری سطح پر مسجد تعمیر کی ہے تو ہمیں کسی کا احسان مند ہونے کی ضرورت نہیں یہ کام اللہ ان سے لے رہا ہے۔ ساری زمین اسی کی ہے اس لیے ہر جگہ مسجد بننا عین درست ہے۔ ہم کسی مذہبی ہم آہنگی کو نہیں مانتے کہ اس سے ہمیں یعنی اسلام کو کافی خطرات ہیں۔ کسی کی اتنی جرات کہ کسی بھی سر زمین پر مساجد کو بنانے سے روکے۔ اس عمل کے خلاف جہاد فرض ہو جاتا ہے اور جہاد کے خوف سے ہمارے دشمن لرزاں ہیں۔

ان حالات میں یہ مندر بنا کر ہمارا مذاق اڑایا جا رہا۔ یہ نئی ریاست مدینہ ہے اور اس نئی ریاست مدینہ میں اقلیتوں کو حقوق حاصل ہوتے ہیں مگر نہ وہ اقلیت قادیانی ہو اور نہ ہی ہندو۔ ان کی عبادت گاہیں ہماری نظریاتی اساس کا مسئلہ ہے۔ ہندو تو ہمارے دو۔ قومی نظریہ کی روح سے بھی کسی طرح کے حقوق نہیں مانگ سکتے۔ اور اگر آپ کو یہ لگتا ہے کہ پچیس کروڑ مسلمان ایک ہندو اکثریت والے ملک میں ہیں تو وہ ایک سیکولر ملک ہے اور وہاں کی حد تک ہم سیکولرازم کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ہمارا ملک سیکولر نہیں بلکہ یہاں ہم نے سیکولرازم کے خلاف مساجد کے منبر سے افغانستان کے پہاڑوں تک جہاد کیا ہے۔ ہم سیکولرازم کو نہیں مانتے بہرحال بھارت میں اس کا ہونا بہت ضروری ہے۔ اور مودی کی وجہ سے جہاں مسلمانوں کو خطرہ ہے وہیں سیکولرازم کو بھی خطرہ ہے جو ہم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
ہم ان خطرات سے نمٹ لیں پھر ہم متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی ہندو نواز پالیسیوں کو بھی دیکھ لیں گے۔ وہاں پر بھی مندر کھول کر اسلام کو خطرے میں ڈالا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments