آج یوم ملالہ ہے


12 جولائی کو دختر پاکستان ملالہ یوسف زئی کا جنم دن ہے اور اسے اقوام متحدہ نے ملالہ ڈے قرار دیا ہے۔ اس مبارک دن پر برادر بزرگ عطا المصور پیرزادہ کے قلم کی عطا، یہ گلاب کے پھول، ملالہ یوسف زئی اور آپ سب کی نذر جو ملالہ کو علم کے امکان، انسان کی حریت اور عورت کی عظمت کا نشان جانتے ہیں۔

درویش نے تین دہائی پہلے وادی غربت میں قدم رکھا یعنی صحافت کو وسیلہ بے روزگاری سمجھ کر اپنایا تھا تو تین ہم عمر صحافیوں سے واسطہ پڑا۔ علم، ذہنی دیانت اور پیشہ ورانہ مہارت میں انہیں اعلیٰ جانا اور بڑا مان لیا۔ الحمدللہ، تیس برس گزر گئے۔ یہ تینوں زمانے کے بحران اور ضمیر کے امتحان میں پورے اترے۔ اسمائے گرامی؟ محترم عطا المصور پیرزادہ، محترم رفعت عالم اور محترم حماد غزنوی۔ یہ نظم عطا المصور کی ترواش فکر ہے۔ نظم کا عنوان ہے، ” عجز اعجاز”

٭٭٭       ٭٭٭

عجز اعجاز

اک بچی نے خواب یہ دیکھا

کئی ستارے، چاند اور سورج

 گھر کر آئے

 سیس نوائے

خواب امید ہیں، خواب اثاثہ

خواب لگن ہیں

 خواب عذاب ہیں

خواب بجھارت، خواب طہارت

خواب بشارت

 خواب کہانی، خواب کہاوت

باپ نے شکر کا کلمہ کہہ کر ہمت باندھی

بولا  بیٹا رت بدلے گی

رت بدلے تو مت گھبرانا

نور کی راہ کو چھوڑ نہ جانا

بچی یہ پھولوں میں پلی تھی

بہت غنی تھی

گھر پر اماں، دادی، خالہ، پھوپھی، نانی

آگے پیچھے باپ اور بھائی

مکتب میں بہنیں ہی بہنیں

موسم بدلا، کالے بادل گھر  گھر آئے، بجلی کڑکی

چمن میں ہر سو آگ لگی تھی

پھول لہو تھے

مکتب مقتل

 حسد کی یورش

 جہل کے لشکر

وحشت، دہشت، نفسانفسی

لوح و قلم پر پیہم حملے

کاغذ اور کتاب پہ پہرے

خواب پہ پہرے

بچی یہ کانٹوں میں پڑی تھی

بہت جری تھی

اس ساعت میں باپ نے سوچا

وہی بچے گا جسےخدا خود راہ دکھائے

اپنی سی تدبیر تو کر لیں

گھرکو چھوڑ کے غار میں رہ لیں

چھپ کر پڑھ لیں

نام بدل لیں

ہیرا کیا چھپتا گدڑ میں۔۔۔ آخر چمکا

آفت آئی

ظالم نے تو کسر نہ چھوڑی

بس مولا نے جان بچائی

سو اندیشے، دیس سے دوری، جان کا خدشہ، زحمت، زحمت

صبر، یقین، ثبات، دعائیں، رحمت، رحمت، رحمت

بچی یہ بستر میں پڑی تھی

خلقت اس قصے پہ حیراں

 کئی ستارے دیکھنے آئے

نذریں لائے

بچی دل والوں میں پلی تھی

بہت سخی تھی

ساماں بہم ہوا تو ٹھانی

دینے والا ہات بنے گی

خوابوں کی تعبیر ملے تو

سکھ کی وہ سوغات بنے گی

غربت میں غیروں کی الفت

طلب علم کی ایسی حرمت

حق کو حق کہنے کی جرات

دیوانوں پہ ایسی شفقت

اپنے وطن میں یہ ناقدری

شرق و غرب میں ایسی عزت

فاعتبروا یا اولی الابصار

فاعتبروا یا اولی الابصار

عطاالمصور پیرزادہ
Latest posts by عطاالمصور پیرزادہ (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments