کورونا کے ساتھ ساتھ کانگووائرس کا خطرہ


عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظرحکومت پنجاب نے 15 جولائی سے قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے مویشی منڈیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔ اگرچہ یہ منڈیاں شہری حدود سے باہر لگانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ اور اس حوالے سے پنجاب حکومت کی طرف سے عوام کی حفاظت کے لئے متعلقہ ایس او پیز بھی بنائے گئے ہیں لیکن ایک بار پھر مویشی منڈیوں میں عوام کے ہجوم کے پیش نظر نہ صرف کورونا کے پھیلاؤ کے بڑھنے کا امکان ہے۔ بلکہ مویشیوں کی آمد کے ساتھ ساتھ کانگو وائرس کی آ مد کا خطرہ بھی ہو گیا ہے۔

کانگو وائرس ایک خطرناک اور جان لیوا وائرس ہے اور عیدالاضحی کی آمد کے ساتھ کانگو بخار کے کیسز بھی بڑھ جاتے ہیں۔ ایسے موقع پہ اس خطرناک وائرس سے بچنے کے لیے بہت احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ کانگو وائرس کیا ہے، کیسے پھیلتا ہے اور کون اس کا شکار ہو سکتا ہے کے بارے میں آگاہی بہت ضروری ہے۔

کانگو ہیمرجک بخار چیچڑ یا پسو کے جانور ( گائے، بکرا، اونٹ، بیل وغیرہ ) کو کاٹنے سے پھیلتا ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ جانورکی قربانی کے دوران یا بعد میں اس کے خون یا گوشت کو ہاتھ لگانے یا متاثرہ شخص کے خون، سیال مادہ، عضو یاجسم کے کسی بھی حصہ سے نکلنے والے موادسے بھی منتقل ہو سکتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ متاثرہ مویشی کی قربانی اور گوشت بناتے ہوئے دستانوں کا استعمال ضرور کیا جائے۔ مزید یہ کے متاثرہ جانور کے گوشت کو اچھی طرح پکا کر استعمال کیا جائے۔

کانگو وائرس سے زیادہ تر چرواہے اور مویشیوں کے دیکھ بھال کرنے والے افراد متاثر ہو سکتے ہیں لیکن عیدالاضحی کے موقع پر قصائی اورعام افرادجو کہ قربانی کا جانور خریدنے کے دوران ان کو چھونے سے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کانگو مریض سے رابطے میں آنے والے افراد بھی اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

احتیاطی تدابیر میں ضروری ہے کہ جانوروں کی خریدوفروخت کے لئے مویشی منڈی جاتے ہوئے ہلکے رنگ کا پوری آستینوں والا لباس، بند جوتے موزوں کے ساتھ اور ماسک اور دستانے پہنیں۔ دافع حشرات کا محلول جسم کے خالی حصوں پر ضرور لگائیں۔

قربانی کے دوران بھی ماسک اور دستانوں کا استعمال ضروری ہے۔ اگر دستانوں یا ہاتھ پہ خون لگ جائے تو اپنے آنکھ اور ناک کو مت چھوئیں اور ہاتھوں کو صابن اور پانی سے اچھی طرح صاف کر لیں۔ جانور کی انتڑیوں اور دیگر فضلہ کو احتیاط سے ٹھکانے لگائیں۔

اگر چیچڑ کاٹ لے تو اس کو چمٹی سے الگ کریں اور کاٹی ہوئی جگہ پہ جراثیم کش دوا لگائیں۔

کانگو بخار کی علامات یعنی اچانک تیزبخار، پٹھوں اور جسم میں درد، گردن میں اکڑاؤ، قے، جسم پہ نیل پڑنے اور ناک سے خون بہنے کی صورت میں معالج یا ہسپتال رابطہ کریں۔ یہ علامات چیچڑیوں کے کاٹنے کے ایک سے تین دن میں ظاہر ہو سکتی ہیں۔

اس لئے من حیث القوم ہماری ذمہ داری ہے کہ قربانی کے جانوروں کی خرید وٖروخت اور قربانی کے دوران حکومت کی طرف سے متعین کردہ حفاظتی تدابیرپہ عمل کرتے ہوئے نہ صرف کانگو وائرس سے خود کو بچائیں بلکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں بھی اپنا کردار ادا کریں کیونکہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments