حمایت علی شاعر: ایک بیدار مغز اور عہدساز شخصیت


باشعور اور بیدار مغز لوگ کسی بھی سر زمین کا ایک قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی بدولت معاشروں میں نئے سے نئے خیالات و تصورات کے تخلیقی سر چشمے رواں دواں رہتے ہیں اور ان سرچشموں سے بہت سارے علم و شعور کے طالب اپنی اپنی بساط کے مطابق سیراب ہوتے رہتے ہیں۔ یہ سلسلہ کروڑہا سالوں سے یونہی چلتا آ رہا ہے اور اسی طرح سے چلتا رہے گا کیونکہ تغیر اور ارتقاء ہی زندگی کا حسن ہے اوراسی حسن کو رنگنے کے لیے کچھ ایسے دماغوں کا بھی جنم ہوتا ہے جو معاشروں کی ٹھہری ہوئی زندگی میں ارتعاش پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔

دنیا کی چاشنی اور حسن انہی اعلٰی دماغوں کی مرہون منت ہے۔ ان روشن دماغوں میں ایک روشن دماغ حمایت علی شاعر بھی تھے جو اورنگ آباد (حیدرآباد دکن) میں 14 جولائی 1926 ء کو پیدا ہوئے تھے۔ آپ نے ایک بھر پور زندگی گزاری، علمی طور پر آپ ایک قدآور شخصیت تھے اور اپنے فکر وشعور کو شاعری میں ڈھالتے رہتے تھے۔ حمایت علی شاعر ایک پروگریسو دانشور تو تھے ہی مگر اس کے ساتھ ساتھ آپ ایک اردو شاعر، لکھاری، ادیب، فلم سونگ رائٹر اور ریڈیو ڈرامہ آرٹسٹ بھی تھے۔

آپ کی خدمات کے صلے میں 1958 ء میں آپ کو صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ حمایت علی شاعر ایک باوقار شخصیت کے مالک تھے اور علمی حلقوں میں ایک قدآور شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ آپ نے 1949 ء میں معراج نسیم سے شادی کی اور یہ خوبصورت بندھن لاتعداد میٹھی یادوں کے ساتھ 52 سال تک قائم رہا پھر معراج نسیم جگر کے کینسر میں مبتلاء ہوگئیں اور اسی عارضے کے ساتھ اس دنیا سے چل بسیں۔ قسمت نے ان دونوں کے اس بندھن کو یوں برقرار رکھا کہ آج معراج نسیم اور حمایت علی شاعر دونوں کی کینیڈا کی سر زمین میں دفن ہیں۔

آپ 16 جولائی 2019 ء کو زندگی کی کامیاب 93 بہاریں دیکھ کر کینیڈا میں ہی وفات گئے تھے۔ آپ کے چار بیٹے اور چار بیٹیاں ہیں۔ ان کا ایک بیٹا جو کہ بالکل ان کی شبیہ ہے اس کا نام ڈاکٹر بلند اقبال ہے جو کہ اپنے والد کے قلمی اثاثہ کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ ڈاکٹر بلند مختلف کتابوں کے مصنف اور کینیڈا ون ٹی وی پر ”دی لائبریری ود ڈاکٹر بلند اقبال“ کے نام سے ایک علمی پروگرام بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس کے علاوہ بھی مختلف ٹی وی پروگرانز کیے ہیں جن میں قابل ذکر ”in search of wisdom“ جو کہ 35 سیریز پر مشتمل ہے یہ پروگرام انہوں نے ایک مشہور سائیکالوجسٹ اور دانشور ڈاکٹر خالد سہیل کے ساتھ مل کر کیا تھا، اس کے علاوہ ایک لمبے عرصہ تک ”password“ کے نام سے بھی ایک پروگرام ہوسٹ کرتے رہے۔

ڈاکٹر بلند اقبال کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے اپنے عظیم والد حمایت علی شاعر کی بھر پور خدمت کی اور ان کی عالمانہ صحبت کو بھر پور طریقے سے انجوائے کیا اور اب ان کے دنیا سے چلے جانے کے بعد بھی ان کے ساتھ بیتے لمحوں کی حسین یادیں اپنے گلے سے لگائے ہوئے ہیں۔ حمایت علی شاعر اپنی ذات میں ایک انجمن تھے اور ان کی یادوں اور کاموں سے یہ چمن یونہی مہکتا رہے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments