اندرونی کہانی: شہباز شریف کی طبیعت اچانک کیوں بگڑ گئی؟


”نون لیگ“ کے قائد نواز شریف نے حال ہی میں پارٹی صدر شہبازشریف کو ایک اہم پیغام بھیجا ہے جس کے ملتے ہی شہباز شریف گہرے صدمے سے دوچار ہوئے ہیں اور ان کی طبیعت یکایک بگڑ گئی، لندن سے ملنے والے بڑے بھائی اور پارٹی قائد کے اہم پیغام کے فوری بعد اپوزیشن لیڈر دل برداشتہ ہو کر سیاسی آئسولیشن میں چلے گئے ہیں کیونکہ اس پیغام کے شریف فیملی اور ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی سیاست، شریف خاندان کی سیاسی وراثت کے منصوبوں، بالخصوص شہبازشریف کے سیاسی عزائم اور مجموعی طور پر ملک کے سیاسی منظر نامے پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق برطانیہ میں ”جلاوطنی“ کی زندگی گزار رہے سابق وزیراعظم اور ”نون لیگ“ کے قائد نواز شریف نے چھوٹے بھائی اور پارٹی صدر شہبازشریف کو بھیجے گئے اپنے ایک اہم پیغام میں کہا ہے ”پارٹی سے آئندہ وزیر اعظم مریم نواز ہوں گی، پنجاب کی قیادت آپ نے خود سنبھالنی ہے یا حمزہ نے، یہ آپ خود decide کر لیں“ ذرائع کا کہنا ہے کہ ”نون لیگ“ کے قائد نے یہ اہم اور دوٹوک پیغام اپنے چھوٹے بھائی، پارٹی صدر شہبازشریف کے خلاف مریم نواز کی طرف سے آئے روز ملنے والی شکایات اور ان کی سرگرمیوں بارے موصول ہونے والی بعض اہم خفیہ اطلاعات کے تناظر میں بھیجا ہے، جن میں ان کے بالا بالا اسٹیبلشمنٹ سے مشکوک رابطوں اور پیغام رسانی کی بابت بتایا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑے بھائی اور پارٹی قائد کا یہ پیغام سنتے ہی شہبازشریف کو اس قدر ”شاک“ لگا اور ان کے دل پر اس کا اتنا شدید اثر ہوا کہ ان کی طبیعت اچانک واقعتاً خراب ہوگئی، انہیں ڈرپ لگ گئی اور انہوں نے خود کو کمرے میں بند کر لیا اور پارٹی رہنماؤں، خاص کر ”نون لیگ“ میں اپنے گروپ کی اہم شخصیات کو فوری پیغام بھجوا دیا ”میں سخت بیمار ہوں، totally inactive ہو رہا ہوں، فی الحال مجھ سے کوئی نہ ملے“ ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر شدید دل برداشتگی کے عالم میں سر دست سیاسی تنہائی میں چلے گئے ہیں۔

ادھر معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف لندن سے پاکستان میں پارٹی کے اہم رہنماؤں سے رابطے کر رہے ہیں تاکہ جلد لندن میں اہم پارٹی رہنماؤں کا ایک اجلاس بلا کر پارٹی ہائی کمان کو اپنے فیصلے کی بابت اعتماد میں لے سکیں اور شہبازشریف کی جگہ سردست پارٹی کا کوئی قائم مقام صدر نامزد کر دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق لندن میں نواز شریف کی زیر صدارت ”نون لیگ“ کے چیدہ چیدہ مرکزی رہنماؤں کی ایک اہم بیٹھک عیدالاضحیٰ کے بعد لگنے کا امکان ہے۔

پارٹی حلقوں اور تجزیہ کاروں کے مطابق نواز شریف کے شہباز شریف کو بھیجے گئے اس اہم پیغام میں نہ صرف پارٹی قائد نواز شریف کے سیاسی وارث یا جانشین بارے ان کا حتمی فیصلہ پنہاں ہے بلکہ ”نون لیگ“ کے قائد نے اپنے اس پیغام سے پارٹی پالیسی اور سیاسی سمت کا تعین کرتے ہوئے مسلم لیگ (نواز) میں جاری مختلف دھڑوں، بالخصوص شہبازشریف گروپ اور مریم نواز گروپ کی دن بدن شدید سے شدید تر ہوتی چپقلش کو انجام تک پہنچا دیا ہے جس سے پارٹی کی اندرونی صفوں، بالخصوص پارلیمانی پارٹی کے حلقوں میں روز بروز بے یقینی بڑھتی جارہی تھی اور ”نون لیگ“ کے ساتھ ساتھ شریف خاندان کو اس کا شدید سیاسی نقصان ہو رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم اگرچہ مستقبل میں ملکی سیاست اور پارٹی میں بدستور اہم، کلیدی، قائدانہ اور فیصلہ کن کردار ادا کرتے رہیں گے تاہم اب وہ اپنے مجوزہ جانشین یعنی اپنی بیٹی مریم نواز کو عملاً آگے لانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments