عید کہیں دبے پاؤں نہ گزر جائے !


صرف خوشیاں منانے ہی نہیں خوشیاں بانٹنے کا نام عید ہے۔ہر معاشرے اور کلچر میں شادمانیوں و مسرتوں کے رنگ سمیٹنے اور بکھیرنے کا اپنا انداز اور خاص ایام ہیں مگر فلسفہ ایک ہی ہوتا ہے کہ ان دکھوں کی نفی کرکے سُکھوں کو ضرب دی جائے کہ کوچہ و بازار اور در و دیوار بھی شہنائیوں اور رعنائیوں کا حصہ بنیں۔رنگ و بو کا ایک باقاعدہ ایکوسسٹم تراشا جاتا ہے کہ محبتیں، احساس اور اخلاص محدود نہ رہیں بلکہ موسم اور فضا سے ہم جا اور ہم رنگ ہو جائیں۔

 انسانی حقوق کی سلیبریشن کو تقویت بخشنے ہی عید ہے، تجربہ و مشاہدہ یہ کہتا ہے جب آپ وقت، مال و متاع، نفس اور جذبات کو قربان کرکے کوئی منزل یا کامیابی پاتے ہو تو اس کا سرور ہی کچھ اور ہوتا ہے۔حضرت ابراہیم علیہ السلام کے قربان کرنے کے مصمم ارادے اور بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کے بخوشی قربان ہونے کے مستحکم ارادے نے لازوال عشق حقیقی کو جنم دیا، بہرحال اللہ کو پیاری ہے قربانی ،ایک لیول اور اللہ کی خوشنودی کے حصول کیلئے ہمیں ایسا رعایت والا سودا بخشا کہ، جب ہم نے یہ سودا تجارتی نقطہ نظر سے آگے بڑھایا تو اس میں منافع کی حد کا کوئی حساب ہی نہیں۔ایک ٹکٹ میں دو مزے، سنت ابراہیمی کی سعی سے ایک طرف یہ جانور کی قربانی سے رب راضی ، اور دوسری جانب اللہ کے بندے راضی۔نماز میں تو جانتا ہے یا تیرا رب، اور تو اور تیرا رب ہم کلام ہوتے ہیں مگر عیدین میں تو پورا ایکوسسٹم بھی مستفیض ہوتا ہے تاہم قربانی کے عوض ملنے والی تسلی اور خوشی کا اپنا ہی جمال اور اپنی ہی قد و قامت ہے، یوں بات کچھ بڑی ہوجاتی ہے اور عید بھی بڑی! شاید دیگر تہوار کے علاوہ اسلامک لائف میں دو عیدیں رب تعالیٰ کی طرف سے بطور تحفہ ملی ہیں، اور ان عیدین کی فلاسفی اور رنگ ترنگ میں دینیات کے تناظر میں مخصوص زاویے اور قابل غور معاشرتی پہلو ہیں۔گویا قربانی کے بعد، انسانی زندگیوں میں خوشی بانٹنے کا بڑا ہی مزا۔

وہ جو بات کرنا آج لازم ٹھہرا کہ، عیدالاضحیٰ پر قربانی کے علاوہ آپ نے وہ سفید پوش عزیز اور دوست خود دریافت کرنے ہیں، جنہوں نے قربانی نہیں کی۔شہروں میں کئی گھروں کے بچے اور بڑے اپنی دہلیز تکتے رہ جاتے ہیں، اور گوشت نہیں آتا۔سمجھا یہ جاتا ھےکہ، انہوں نے تو قربانی کی ہی ہوگی…۔اپنی خوشیوں کو دوبالا گر کرنا ہے اور ان خوشیوں کو ہواؤں اور فضاؤں کا بھی حصہ بنانا ہے تو قربانی سے قبل تھوڑی سی ریسرچ کرلیں جو آپ کے جذبے، مشقت اور قربانی کو چار چاند لگا دے گی۔ارے یار! دیکھنا تو یہ ہے نا، کہ عید کی تربیت کیا اور فوقیت کیا، یادوں کا دریچہ کون سا کھلتا ہے اور وعدوں کا کون سا در وا ہوتا ہے ؟ دنبہ و بکرا اپنی جگہ، کیا باپ ابراہیم علیہ السلام بیٹے اسمٰعیل علیہ السلام کی گفتگو بھی یاد ہے؟

اس عید الاضحٰی پر میرے جیسا دنیادار یہ بھی دیکھتا ہے کہ، جا اللہ نے تمہارے لئے میدان وسیع کردیا ہے کہ تو اپنی چودھراہٹ کا دھاک بٹھائی چاہتا ہے تو خوشی سے کر استفادہ، کہ تیرے اس عمل سے جہاں تو انجوائے کرے گا وہاں تیری کنٹریبیوشن بھی تو گوشت کی شکل میں لوگوں کے دانا پانی میں شامل ہوگی۔ہاں تو اور کیا، ایک طرف سے تیری محبت کی رب کے در پر دستک تو دوسری جانب تیری الفت کی در یار پر دستک ! نیلی چھتری والے نے عیدالاضحیٰ کے فلسفہ میں ہمارے لئے بیک وقت حقوق اللہ اور حقوق العباد انجوائے کرنے کا گولڈن چانس رکھ دیا۔

زندگی اپنی جگہ جہاں امتحان گاہ ہے وہاں محنت کے پھل اور مثبت نتائج کا حصول بھی، اجتماعی فکر اور اجتماعی معاملات و احکامات ہماری تربیت سازی اور معاشرتی توازن کیلئے ہیں۔ہماری اخلاقی و روایتی اور مذہبی و سیاسی بیٹریاں چارج اور ری چارج ہوتی رہتی ہیں سو مذہبی تہوار ہوں یا ثقافتی معاملات ان کو فکری و عمرانی رنگ میں دیکھنا بھی ضروری ہے۔یاد رکھئے، جہاں جابجا میلے لگے ہوں لال ہونٹوں کے، وہاں بھی کوئی تیرگی ہوتی ہے جسے چشم بینا سے دیکھا جانا چاہیے!

سن 2020 میں عالمی وبا کے پھوٹنے سے پورے عالم میں تلخی نے اب تک بسیرا کر رکھا ہے، جانے اس وبائی امتحان کے ابھی کتنے دن باقی ہیں، نہیں معلوم در و دیوار پر اداسی کتنا عرصہ اور بال کھولے سوئے گی، پس لوگوں کی آنکھوں سے جتنی اداسی دور کرسکتے ہو اس میں اپنے حصے کا کردار تو ادا کر گزرو، یہی قربانی کا پیغام ہے اور عید کا بھی۔اگر اس پینڈیمک میں عیدالفطر پر حقوقِ انسانی اور حقوقِ عزیز داری پورا کرنے کی پاداش میں کوئی کمی رہ گئی تھی تو وہ اس عیدالاضحیٰ پر پوری کرلیجئے! وہ کیا ہے کہ:

رسم دنیا بھی ہے موقع بھی ہے دستور بھی ہے

اس موقع پر جو ایک اور بات نہایت ہی قابلِ غور ہے کہ، کورونا وبا ابھی پنجے گاڑے موجود ہے، کووڈ-19 کی ابھی کامیاب و کامران ویکسین مارکیٹ میں نہیں آئی، نہ ادویہ ساز کمپنیاں تاحال کوئی اینٹی کووڈ-19 ادویہ نہیں بنا پائیں لہذا ضروری ہے کہ ہم حفاظتی تدابیر کا دامن تھامے رکھیں اس کے سوا کوئی چارہ ہے نہ چارہ ساز۔خان ہے تو جہان اس لئے تھوڑی سی قربانی یہ بھی کہ بےجا آزاد خیالی اور لاپرواہی پر کنٹرول نہیں بھولنا۔خوشیوں کو استحکام بخشنے کیلئے احتیاط ضروری ہے اس دفعہ، ہم جو اللہ توکل اور ہرڈ امیونٹی سے بہت حد تک محفوظ رہے پلیز اس کو چیلنج نہیں کرنا جاناں! مگر اس کا مطلب یہ بھی نہیں اعتماد کھو بیٹھیں، اعتماد اور اعتقاد دونوں ہی ضروری ہیں جسمانی و روحانی و اجتماعی خوشیوں کو راحت بخش بنانے کیلئے۔دیسیوں و پردیسیوں کو عیدمبارک! ان کی بھی خیر کہ جو یہ کہتے ہیں:

عید اب کے بھی گئی یوں ہی کسی نے نہ کہا

کہ ترے یار کو ہم تجھ سے ملا دیتے ہیں

ہاں، یہ نہ ہو کہ عید کہیں دبے پاؤں گزر جائے، پس مجھے تیری اور تجھے میری خبر جانے کے سنگ سنگ پرمسرت اور متبرک گوشت کے آنے جانے والا سلسلہ بھی ضروری ہے!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments