بکرا بریکنگ نیوز


سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے خریدے گئے قربانی کے جانورنئے مالک اور قصائی کی چھری کو دیکھ کراکثر بپھر جاتے ہیں، بعض مرتبہ کئی خطرناک حادثات بھی رونما ہو جاتے ہیں جو میڈیا پر بریکنگ نیوز بن جاتے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی قربانی کے منہ زورجانوروں اور شہریوں کے درمیان عید کے دنوں میں سخت مقابلہ جاری رہا اس دوران کچھ ایسے واقعات رونما ہوئے جو بریکنگ نیوز بن گئے۔ قربانی کے جانوروں کے حوالے سے کچھ خبریں دلچسپی کا باعث بنی رہیں جبکہ کچھ خبروں نے دیکھنے اور سننے والوں کے دل دہلا دیے۔

کچھ ایسا ہی دل دہلا دینے والا واقعہ راولپنڈی میں ہوا جہاں قربانی کے لیے لایا گیا بیل رسی توڑ کر مصروف شاہراہ پر بھاگ نکلا اور خوفناک انجام سے دوچار ہوگیا۔ مخالف سمت بھاگتے ہوئے تیز رفتار بیل گاڑیوں سے بچتا ہوا کچھ فاصلہ طے کرنے میں کامیاب تو ہوگیا لیکن بدقسمتی سے مخالف سمت سے تیزی سے آنے والی گاڑیوں اور ان کی تیز روشنی کے باعث خود کو بچا نہ سکا۔ اندھا دھند بھاگتے ہوئے بیل مخالف سمت سے آتی ہوئی ایک کار سے ٹکراگیا۔

بیل کار کی ونڈ سکرین توڑتے ہوئے ڈرائیور سے ٹکرایا۔ کار کے ساتھ خوفناک تصادم میں بیل جان سے گیا جبکہ ڈرائیور زخمی شدیدہوگیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بیل جب سڑک پر سرپٹ دوڑ رہا تھا کسی کار سوارنے موبائل سے اس کی ویڈیو بنالی جو بعد میں وائرل ہوگئی جسے دیکھ کر ہر کسی کو بیل کے ہلاک ہونے اور ڈرائیور کے شدید زخمی ہونے پر بے حد دکھ ہوا۔

اسی طرح کا ایک واقعہ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پیش آیا جہاں ایک شہری نے اپنے گھر کی دوسری منزل کی چھت پر سنت ابراہیمی کے لئے بیل پال رکھا تھا۔ بے چارے شہری کوبیل چھت سے نیچے زمین پراتارنا مہنگا پڑگیا۔ واقعہ عیدالضحیٰ سے ایک روز قبل پیش آیا۔ شہری نے گھر کی دوسری منزل کی چھت سے بیل کو نیچے اتارنے کے لئے کرین منگوائی۔ کرین کی مدد سے بیل کو ابھی چھت سے اٹھا کر نیچے لایا جا رہا تھا کہ چند ہی لمحوں بعد کرین کی رسیوں میں بندھابیل اپناتوازن برقرار نہ رکھ سکا اور دھڑام سے نیچے زمین پر گرا اور شدید زخمی ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق بیل کو کرین کی رسیوں کے ساتھ ٹھیک طریقے سے باندھا نہیں گیا تھا جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ بعد میں مالک نے زخمی بیل کو مرنے سے قبل ذبح کروادیالیکن افسوس بیل سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے قربان نہ ہوسکا۔ بیل کے زمین پر گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ یہ ویڈیا سوشل میڈیا پر طرح طرح کے تبصروں کی زینت بننے کے ساتھ ساتھ میڈیا پر بریکنگ نیوز بھی بن گئی۔

اسی طرح گجرانوالہ میں بچے قربانی کے اونٹ کو گھما پھرارہے تھے کہ اونٹ نے ایک لمبا جمپ لگایا اور نالے میں جا گرا۔ بعد میں نالے سے نکلنے کے لئے اونٹ نے پھر سے جمپ لگائے لیکن اس مرتبہ اس کی لمبی ٹانگوں کے بڑے بڑے جمپ بھی کام نہ آئے، باوجود کوشش کے اونٹ خود کو نالے سے باہرنہ نکال سکا۔ اونٹ کو نالے سے نکالنے کے لئے راہگیروں نے بھی بڑی کوشش کی لیکن ناکام رہے یوں اونٹ کافی دیر تک نالے میں ہی پھنسا رہا۔ آخر کار کرین منگوائی گئی اور اونٹ کو نالے سے باہر نکالا گیا۔

اسی طرح رحیم یار خان میں قربانی کے بکرے کو ذبح کرنے کے تنازع پر رشتہ داروں میں خونی لڑائی ہوگئی۔ پہلے قربانی کرنے کے تنازعے پر چچا اور بھتیجے میں تنازعہ ہوگیا اور گولیاں چل گئیں۔ فائرنگ کی زد میں آکر انسپکٹر سرفراز تارڑ سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی انسپکٹر ایس پی شکایات سیل میں تعینات ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔

اسی طرح عید کے پہلے روزایک بیل نے موسمی قصائی کو مشکل میں ڈال دیا۔ صادق آباد میں موسمی قصائی جب چھری لے کر بیل کو ذبح کرنے کے لئے آگے بڑھا تو بیل نے موسمی قصائی کو دولتی مار کر گرا یا اوردوڑ لگا دی۔ بیل کے مالک اور قصائی نے بھی بیل کے پیچھے بھاگنا شروع کر دیا۔ بیل نے قصائی اور مالک سے پیچھا چھڑانے کی کوشش کرتے ہوئے نہر میں چھلانگ لگا دی۔ بیل کا پیچھا کرتے قصائی اور بیل کے مالک نے بھی نہر میں چھلانگ لگادی۔ یہ منظر دیکھ کر لوگ حیرت سے کہنے لگے کہ قربانی بھی قربانی مانگتی ہے۔ خیر قصائی اور مالک نے کسی نہ کسی طرح بیل کو قابو کرکے نہر سے نکال لیا اورگھر پہنچ کر سنت ابراہیمی ادا کی۔

اسی طرح ایک دلچسپ اور ناقابل یقین واقعہ رحیم یار خان کی نیازی کالونی میں ہوا جہاں قصائی نے غلطی سے اصل مالک کا جانور زبح کرنے کی بجائے اس کے ہمسایہ کا جانور قربان کر دیا۔ نیازی کالونی کارہائشی یوسف کمبوہ عید کے روز صبح اٹھا تو دیکھا کہ اس کا قربانی کا جانور غائب تھا، تین گھنٹے کی تلاش اور تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ یوسف کمبوہ کے ہم نام ہمسائے محمد یوسف کے قصائی نے غلطی سے محمد یوسف کی بجائے یوسف کمبوہ کا جانور کھولا اور قربان کر دیا۔

یہی نہیں جانور کو قربان کرنے کے بعد اس کا گوشت بھی تقسیم کر دیا گیا۔ حقیقت سامنے آنے پر محمد یوسف نے اپنا قربانی کاجانور یوسف کمبوہ کے گھر بھجوا دیا تاکہ وہ بھی سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کرسکیں۔ شکر ہے اس دلچسپ واقعہ پرکوئی تنازعہ کھڑا نہیں ہوا بلکہ علاقہ کے لوگ قربانی کے جانور کی اس ادلا بدلی پر خوب لطف اندوز ہوتے رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments