سوشانت سنگھ راجپوت کیس: بہار حکومت کی سی بی آئی سے انکوائری کروانے کی سفارش


انڈین ریاست بہار کی حکومت نے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کیس کی تحقیقات سی بی آئی کے حوالے کرنے کی سفارش کی ہے۔ بہار میں حکمران اتحاد کی بڑی جماعت جے ڈی یو کے ترجمان سنجے سنگھ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی ہے۔

سنجے سنگھ نے بی بی سی کے نامہ نگار نیرج پریادرشی کو بتایا ’سوشانت کے خاندان کے افراد سے بات کرنے اور پورے معاملے کو دیکھنے کے بعد ، وزیر اعلیٰ سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات پر راضی ہوگئے ہیں۔‘

اسی دوران بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ بہار کے ڈائریکٹر جنرل پولیس گپتیشور پانڈے نے سوشانت سنگھ راجپوت کے والد سے بات کی ہے اور انھوں نے سی بی آئی انکوائری کے لیے رضامندی دے دی ہے۔

تاہم مہاراشٹرا حکومت سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کے مطالبے کو پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سُشانت سنگھ خودکشی: بالی وڈ اداکارہ ریا چکربرتی کا پولیس کو بیان

اداکار سُشانت سنگھ کی موت کی سی بی آئی سے تفتیش کا مطالبہ

بالی وڈ کے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کر لی

’کسی انسان کی قدر اس کے جانے کے بعد ہی کیوں ہوتی ہے‘

اداکار سوشانت سنگھ راجپوت جو بہار سے تعلق رکھتے ہیں، 14 جون کو ممبئی میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔ ممبئی پولیس اس معاملے کی خود کشی کے طور پر تحقیقات کررہی ہے۔ ممبئی پولیس نے اس معاملے میں ریا چکرورتی سمیت ہندی فلمی صنعت کی بہت سی نامور شخصیات سے پوچھ گچھ کی ہے۔ ان میں مہیش بھٹ سے لے کر سنجے لیلا بھنسالی تک شامل ہیں۔

لیکن حال ہی میں سوشانت سنگھ راجپوت کے والد کے کے سنگھ نے پٹنہ میں ایف آئی آر درج کروائی تھی۔ اس ایف آئی آر میں انھوں نے سوشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کے خلاف بہت سارے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

ریا پر ایف آئی آر

یہ ایف آئی آر 25 جولائی کو پٹنہ کے راجیو نگر پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی۔ سوشانت سنگھ راجپوت کے والد نے ایف آئی آر میں ریا پر رقم جمع کرنے اور خودکشی کا سبب بننے والے دیگر الزامات عائد کیے ہیں۔

جب بہار پولیس اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ممبئی پہنچی تو ایک نیا تنازعہ شروع ہوگیا۔ ممبئی پہنچنے والے بہار پولیس کے ایک سینئر افسر ونئے تیواری کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ اس پر بہار پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گپتیشور پانڈے نے سخت اعتراضات اٹھائے۔

ریا چکرورتی نے بھی بہار پولیس کی تحقیقات پر سوال اٹھاتے ہوئے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے۔

https://twitter.com/ANI/status/1290540164977106944

سوشانت سنگھ راجپوت کے خاندان نے ممبئی پولیس پر الزام لگایا ہے کہ ممبئی پولیس اس معاملے کی ٹھیک سے تحقیقات نہیں کررہی ہے۔ سوشانت سنگھ کے والد نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ انھوں نے فروری میں ممبئی پولیس کو اطلاع دی تھی کہ سوشانت کی جان کو خطرہ ہے۔

لیکن ممبئی پولیس نے پیر کو ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشانت کے بہنوئی نے واٹس ایپ پر ممبئی پولیس آفیسر کو اطلاع دی تھی۔ لیکن انھوں نے اس بارے میں تحریری شکایت نہیں کی اور کہا کہ وہ غیر رسمی طور پر ایسا کہہ رہے ہیں۔

لیکن ممبئی پولیس نے واضح کیا ہے کہ تحریری شکایت کے بغیر تحقیقات نہیں ہوسکتی ہیں۔

حال ہی میں ریا چکرورتی نے ٹویٹ کیا اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے سی بی آئی سے سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے لکھا ’سر، میں سوشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ہوں۔ سوشانت کی موت کے بعد ایک ماہ گزر گیا۔ مجھے حکومت پر مکمل اعتماد ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ اس معاملے میں انصاف کو یقینی بنایا جائے، لہذا اس کی تحقیقات سی بی آئی کو کرنی چاہیے۔ میں صرف یہ جاننا چاہتی ہوں کہ سوشانت نے اتنا بڑا قدم کس دباؤ میں اٹھایا۔‘

سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ہندی فلمی صنعت میں اقربا پروری پر کافی بحث ہوئی۔ اداکارہ کنگنا رناوت نے بہت سارے سنگین الزامات عائد کیے جبکہ انوراگ کشیپ جیسے کئی ہدایت کاروں نے بھی اسے مسترد کردیا۔ بہت سے الزامات ذاتی نوعیت کے تھے جو لوگوں نے ایک دوسرے پر عائد کیے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32538 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp