کنگنا رناوت کے ٹوئٹر پر ’ہر روز ہزاروں فالوور کم‘ کیوں ہو رہے ہیں؟


بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے انھیں ‘قوم پرستی’ کی وجہ سے حدف بنایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ان کے فالوورز کی تعداد ہر روز تقریباً چالیس سے پچاس ہزار کم ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ ’ناانصافی‘ ہے۔

کنگنا کے ’فالوورز کی تعداد میں ہونے والی کمی‘ کے بارے میں ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ’اس کی وجہ ٹوئٹر کی پالیسی ہو سکتی ہے‘۔ اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کنگنا نے لکھا کہ ‘قوم پرستوں کو ہر جگہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے’۔

پیر کو ٹوئٹر پر کنگنا کے ایک فالوور نے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا ‘کنگنا جی، آپ کے فالوورز میں کمی ہو رہی ہے۔ پہلے مجھے شک تھا لیکن اب یقین ہو گیا ہے کہ یہ ٹوئٹر ہی کر رہا ہے۔ ایک گھنٹہ قبل آپ کے 9 لاکھ 92 ہزار فالوورز تھے، لیکن اب 9 لاکھ 88 ہزار ہی رہ گئے ہیں۔’

اس ٹویٹ کے ایک گھنٹے کے اندر کنگنا نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ‘میں اتفاق کرتی ہوں۔ میں نے بھی اس پیٹرن پر غور کیا ہے کہ ہر روز چالیس سے پچاس ہزار کے درمیان فالوورز کم ہو رہے ہیں۔ میں ٹوئٹر پر نئی ہوں۔ یہ سب کیسے ہوتا ہے؟ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں کیا آپ جانتے ہیں؟’

اس کا جواب دیتے ہوئے ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ انہیں ‘قوم پرستی کے جذبات’ کو فروغ دینے کے سبب ’شیڈو بین‘ کر دیا گیا ہے۔ اس اکاوٴنٹ سے مزید لکھا گیا کہ ‘اصل میں اگر آپ ملک مخالف افراد کے خلاف کچھ بھی کہتے ہیں، قوم پرستی کے جذبات کے ساتھ کچھ کہتے ہیں یا کسی بائیں بازو کے حامی کا پردہ فاش کر دیتے ہیں، اور اس پوسٹ کو بہت شہرت مل جاتی ہے تو ٹوئٹر آپ پر ایک ایسا بھوت نما بین لگا دیتا ہے جس سے آپ کے ٹویٹس زیادہ نظر آنے بند ہو جاتے ہیں۔’

کنگنا نے اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ہاں مجھے پتا ہے کہ قوم پرستوں کو ہر مقام پر دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ گروہ بہت مضبوط ہے۔ مجھے اس لیے احساس ہوا کیوں کہ کل رات ہم فالوورز کے معاملے میں دس لاکھ کے نزدیک تھے۔ خیر میں ان سب سے معذرت چاہوں گی جنہیں خود بخود میرے اکاوٴنٹ کو ان فالو کرنے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ نا انصافی ہے، لیکن کیا ہمیں اس کی عادت نہیں ہو گئی ہے؟’

’خود بخود ان فالو ہوگیا‘

ٹوئٹر پر ان کے اس ٹویٹ پر متعدد لوگوں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی کنگنا کے فالوور تھے لیکن اچانک وہ خود بخود ان کے ان فالوور بن گئے۔

دوسری جانب متعدد صارفین نے انہیں یہ بھی بتانے کی کوشش کی کہ اگر ان کے ساتھ ایسا ہو رہا ہے تو اس کی وجہ ان کا اس پلیٹ فارم پر غیر مناسب رویہ ہو سکتا ہے۔ ’جو خود ان کی نظر میں بھلے صحیح ہو، لیکن اصل میں غلط ہے۔‘

ٹوئٹر پر کنگنا کی حمایت کرنے والوں کے علاوہ ایک بڑی تعداد ان افراد کی بھی ہے جو ان کے رویے پر سخت تنقید کا اظہار کر رہے ہیں۔

یہ بھی تنقید کی جا رہی ہے کہ وہ پوری فلم انڈسٹری پر غیر یقینی الزام تراشی کر رہی ہیں اور بتانے کی کوشش کر رہی ہیں کہ 99 فیصد فلمی ہستیاں منشیات کا استعمال کرتی ہیں جبکہ یہ وہی انڈسٹری ہے جس نے انہیں آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔

ایک صارف نے اسی روشنی میں لکھا کہ کنگنا نے ایک صورت حال سے متاثر ہو کر اپنا کریئر تباہ کر لیا ہے۔

ایک صارف نے اپنی ٹویٹ میں یہ بھی کہا کہ وہ کنگنا کے ساتھ ہیں لیکن اندھے نہیں ہیں۔ انھوں نے کنگنا کے ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کنگنا جو کر رہی ہیں وہ سچائی کا راستہ نہیں ہے۔ اور اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو بہت جلد وہ پچاس فیصد فالوورز کھو دیں گی اور اس کا اثر ان کی فلموں ہر بھی پڑے گا۔ انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ کنگنا حکمران جماعت بی جے پی کے ہاتھوں کنٹرول کی جانے والی کٹھ پتلی بن گئی ہیں۔

گزشتہ دنوں انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بالی وڈ میں مبینہ طور پر کام کرنے والے منشیات کے گروہوں کا ذکر کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ 99 فیصد بالی وڈ کے لوگ نشہ کرتے ہیں۔

وہ گذشتہ چند برسوں سے بالی وڈ میں ‘مووی مافیا’ کے کنٹرول اور باہر والوں کو مواقع نہ دیے جانے کی مبینہ روایات کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہیں۔

متعدد صارفین نے کنگنا کو یہ بھی یقین دلایا کہ ٹوئٹر پر فالوورز کم ہو جانے سے ان کی مقبولیت ان کے مداحوں میں کم نہیں ہوگی۔ ایک صارف نے لکھا ‘آپ فالوورز کی فہرست کے بارے میں بالکل مت سوچیے۔ آپ کا دنیا بھر کے نوجوانوں کے دلوں میں اہم مقام ہے جو کوئی بھی ایپ نہیں سنبھال سکتی ہے۔ آپ ہمت کے کام کرتی رہیے جیسے آپ نے ماضی میں کیے ہیں۔ خدا آپ کی ہر قدم پر مدد کرے۔’

کنگنا کے کئی مداح یہ بھی کہتے نظر آئے کہ ان کے مخالف جذبات رکھنے والی متعدد بالی وڈ ہستیاں مبینہ طور پر ٹوئٹر جیسے پلیٹ فارمز کے اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کو کنٹرول کرتی ہیں۔

جبکہ ایک اور صارف نے کنگنا کی ٹویٹ پر کہا کہ ‘میں آپ کی زبردست مداح تھی۔ مجھے آپ کا بے باک انداز بہت پسند تھا۔ میں آپ کی اداکاری کی مداح تھی۔ لیکن جب آپ نے بیان بازی شروع کی جس میں سشانت کی خودکشی یا قتل کے بارے میں دیے گئے بیانات شامل ہیں، تب سے میری نظر میں آپ کی عزت کم ہونے لگی۔ ہماری آنکھوں پر پٹی نہیں باندھی جا سکتی ہے۔’

کچھ عرصے سے کنگنا رناوت ٹوئٹر کے علاوہ میڈیا چینلوں پر دیے گائے اپنے انٹرویوز میں بھی بالی وڈ کی کئی ہستیوں کے خلاف متعدد الزامات عائد کرتی رہی ہیں۔ انھوں نے انڈین فلم صنعت میں مبینہ مافیا کے کنٹرول کا الزام عائد کیا ہے اور اسی اعتبار سے سوشل پلیٹ فارمز اور میڈیا کے چینلز پر بھی ایک مہم سی چھیڑ رکھی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp