روس میں حزب اختلاف کے رہنما اور صدر پوتن کے مخالف الیکسی نوالنی کو ’نویچوک زہر دیا گیا‘


الکسی ناوالنے

جرمنی کی حکومت کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کے روسی رہنما الیکسی نوالنی کو اعصاب پر اثر کرنے والا زہر نویچوک دیا گیا تھا۔

جرمن حکومت کا کہنا ہے کہ کیمیائی ٹیسٹ سے اس بات کے ٹھوس ثبوت حاصل ہو گئے ہیں کہ انھیں کیمیائی مادے نویچوک دیا گیا ہے۔

روسی حزب اختلاف کے رہنما ناوالنی کی طبیعت روس کے علاقے سربیا میں ایک پرواز کے دوران بگڑ گئی تھی جس کے بعد انھیں علاج کے لیے جرمنی کے شہر برلن لے جایا گیا تھا۔ وہ تب سے بیہوشی کی حالت میں ہیں۔

ان کے رفقا نے الزام عائد کیا ہے کہ انھیں صدر ولادمیر پوتن کے کہنے پر زہر دیا گیا ہے۔ روسی ایوان صدر کریملین کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی گئی ہے۔

جرمنی کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ اس واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور روس سے فوری طور پر اس کی وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

روس میں پوتن کے ناقد کے جسم سے ’مہلک مادہ‘ برآمد

روسی حکومت کے ناقدین کو خاموش رکھنے والے کیمیکلز

’روسی جاسوس کی بیٹی کو زہر نہیں دینا چاہیے تھا‘

جاسوس کو کیمیائی زہر دینے پر امریکہ کی روس پر پابندیاں

جرمنی کی حکومت کے بیان میں کہا گیا کہ یہ بہت پریشان کن واقع ہے کہ الیکسی نوالنی کو اعصاب کو متاثر کرنے والے کیمیائی مادہ دیا گیا۔

جرمن حکومت کے سرکاری بیان میں کہا گیا کہ جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے اپنے وزرا سے ملاقات کی ہے۔

روس کی نیوز ایجنسی تاس کے مطابق روسی ایوان صدر کا کہنا ہے کہ انھیں جرمنی سے اس بارے میں کوئی معلومات موصول نہیں ہوئی ہیں کہ نوالنی کو زہر دیا گیا تھا۔

جرمن حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو اپنے اتحادیوں یورپی یونین اور نیٹو کو اعتماد میں لے گی اور روس سے جواب موصول ہونے کے بعد اس کی روشنی میں اپنی حکمت عملی تیار کرے گی۔

نوالنی کی اہلیہ یولیا نوالنی نے کہا ہے کہ جرمنی میں روس کے سفیر کو بھی ان نتائج سے آگاہ کیا جائے گا جو ان کے شوہر کے معائنے سے حاصل ہوئے ہیں۔

نوالنی کی ترجمان نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا تھا کہ وہ ایک فلائٹ کے دوران بیمار پڑ گئے تھے اور ان کے طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کو شک ہے کہ الیکسی نوالنی کو ان کی چائے میں زہر ملا کر دیا گیا۔

الیکسی نوالنی روس میں سرکاری سطح پر بدعنوانی کے خلاف ایک تحریک چلا رہے تھے۔

جون میں آئینی ترامیم پر ایک ووٹ کو انھوں نے بغاوت اور آئین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ اس ترمیم کے تحت صدر پوتن مزید دو بار صدر بن سکتے ہیں۔

الیکسی نوالنی کی ترجمان کرا یرمش نے بتایا تھا کہ الیکسی نوالنی ٹومسک سے ماسکو واپس آ رہے تھے جب پرواز کے دوران وہ بیمار ہونے لگے۔ طیارے کو اومسک میں ہنگامی لینڈگ کرنا پڑی تھی۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جو کیمیائی مادہ انھیں دیا گیا تھا وہ گرم مشروبات کے ساتھ دیے جانے کی صورت میں بڑی تیزی سے اثر کرتا ہے۔

الیکسی نوالنی کون ہیں؟

روس

الیکسی نوالنی کی وجہ شہرت صدر پوتن کے خلاف آواز اٹھانا اور ان کی مبینہ بدعنوانی کو منظرِ عام پر لانا ہے۔

2011 میں انھیں 15 دن کے لیے گرفتار کیا گیا جب انھوں نے صدر پوتن کی پارٹی کی جانب سے پارلیمانی انتخابات میں مبینہ طور پر دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

2013 میں بھی انھیں مالی بدعنوانی کے الزامات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا تاہم اس مرتبہ بھی کیس کو بطور سیاسی انتقام دیکھا گیا تھا۔

انھوں نے 2018 میں صدارتی دوڑ میں حصہ لینے کی کوشش کی لیکن انھیں ماضی کی سزا کی بنا پر روک دیا گیا تھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ فیصلہ سیاسی بنیاد پر کیا گیا۔

جولائی 2019 میں الیکسی نوالنی کو غیر منظور شدہ مظاہرے کرنے پر 30 دن کی قید سنائی گئی تھی۔ اس قید کے دوران بھی ان کی صحت خراب ہوئی تھی اور انھوں نے کہا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ انھیں زہر دیا گیا ہو۔

2017 میں ان کی دائیں آنکھ کیمیائی مادے سے جل گئی تھی۔ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ انھیں کوئی الرجی نہیں تھی اور ہوسکتا ہے کہ ان پر زہریلے مواد سے حملہ کیا گیا ہو۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32496 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp