بہاولپور میں خودکشی کرنے والی خاتون سے زیادتی کا ملزم گرفتار


بہاولپور میں زیادتی سے متاثرہ لڑکی کی خودکشی کے بعد پنجاب پولیس نے ملزم گرفتار کر لیا جبکہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو بھی معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے بتایا ہے کہ ڈی پی او بہاولپور نےفوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم لقمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے ساتھ متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او اور چوکی انچارج بھی پابند سلاسل ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ ایس ایچ او اور چوکی انچارج کی کارروائی میں تاخیر نے بچی کوخود کشی پر مجبور کیا۔ تینوں ملزمان کے خلاف دفعہ 322 کےتحت مقدمہ درج کیا گیا۔ بہاولپور میں زیادتی کا شکار لڑکی نے پولیس کی روایتی بے حسی سے دلبرداشتہ ہو کر مبینہ طور پر خود کشی کر لی تھی۔

یاد رہے کہ بہاولپور میں ریپ سے متاثرہ ایک لڑکی نے پنجاب پولیس کی بے حسی سے تنگ آکر خود کشی کرلی۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق محنت کش کی بیٹی کو گزشتہ روز بااثر شخص لقمان نے کھیتوں میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ کے والد نے واقعے کے خلاف متعلقہ تھانے میں رپورٹ درج کرانے کی کوشش کی لیکن پولیس اہلکار ٹال مٹول سے کام لیتے رہے اور اس کے چکر کٹواتے رہے جس سے دلبرداشتہ ہو کر متاثرہ لڑکی نے سپرے پی کر خود کشی کرلی۔

متاثرہ لڑکی کے والد کے مطابق اس کی بیٹی نے خود کشی سے پہلے ایک تحریری پیغام بھی چھوڑا ہے جس میں اس نے کہا ہے کہ ” ابا کل آپ سر اٹھا کر جیو گے۔” متاثرہ لڑکی کی خود کشی کے بعد ڈی پی او بہاولپور متعلقہ تھانے میں جا پہنچے اور اہلکاروں کی سرزنش کی۔

Facebook Comments HS