آسٹریلیا میں ایک مسلمان حاملہ عورت پر حملے کے مجرم کو تین برس قید کی سزا


حملے کا منظر

NSW POLICE
سٹِپ لوزینا نے کیفے میں بیٹھی ہوئی رانا ایلسمار کو تابڑ توڑ گھونسے اور لاتیں ماریں

ایک آسٹریلین شہری کو ایک حاملہ عورت کو زدوکوب کا نشانہ بنانے پر تین سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ شبہ ہے کہ حملے کا محرک مجرم کی اسلام دشمنی ہے۔

سٹیِپ لوزینا نے 32 سالہ رانا ایلسمار پر گذشتہ نومبر میں سڈنی میں حملہ کیا تھا۔

رانا ایلسمار 38 ہفتے کی حاملہ تھیں جب ایک کیفے میں چائے پینے کے دوران لوزینا ان کی میز پر گیا اور ان سے پیسے مانگے۔

مقدمے کی سماعت کے دوران بیان کیا گیا کہ پیسے دینے سے انکار پر لوزینا نے ان پر حملہ کر دیا جس کا محرک مذہبی نفرت تھا۔ استغاثہ کا کہنا تھا کہ حملہ آور نے چلّا کر کہا کہ ’تم مسلمانوں نے میری ماں کو برباد کر دیا ہے‘ اور رانا ایلسمار پر گھونسے برسانا شروع کر دیے جس سے وہ زمین پر گر پڑیں۔

جب تک وہاں موجود لوگ مجرم کو روکتے حملہ آور مضروبہ کو کم سے کم 14 مرتبہ گھونسے اور لاتیں ماریں چکا تھا۔

وقوعہ کی سکیورٹی ویڈیو سے آسٹریلیا میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑ گئی تھی۔

’حجاب میں بھجن کیوں گایا؟‘ مسلمان خاتون پر تنقید

پنجاب میں 50 برسوں میں پہلی مسلمان خاتون وزیر

سویڈن: ہاتھ نہ ملانے والی مسلمان خاتون کی جیت

کیفے میں موجود دوسرے افراد نے رانا ایلسمار کو حملہ آور سے بچانے میں مدد دی

NSW POLICE
کیفے میں موجود دوسرے افراد نے رانا ایلسمار کو حملہ آور سے بچانے میں مدد دی

جمعرات کو جج نے فیصلہ سناتے وقت کہا کہ ’حملہ مضروبہ اور ان کے نومولود بچے کے لیے سنگین نقصان کا باعث بن سکتا تھا۔‘

رانا ایلسمار نے عدالت کو بتایا تھا کہ انھیں ان کے مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا اور یہ کہ انھیں اپنی اور اپنے بچے کی جان کا خطرہ محسوس ہوا تھا۔

انھوں نے کہا: ’اگر کوئی مداخلت نہ کرتا تو میں مر سکتی تھی۔

’میں نے مکوں سے بچنے کے لیے جان بوجھ کر اپنا پیٹ زمین کی طرف کر لیا۔ میں اپنے بچے کو بچانا چاہتی تھی۔‘

انھیں معمولی چوٹیں آئی تھیں اور حملے کے تین ہفتے بعد ان کے ہاں بیٹا پیدا ہوا۔

تاہم عدالت کو بتایا گیا کے ان پر حملے کے نفسیاتی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور وہ عوامی مقامات پر جانے اور اپنے بچوں سے حملے کے بارے میں بات کرنے سے خوف محسوس کرتی ہیں۔

گذشتہ ماہ انھوں نے کہا تھا، ’اسلام سے نفرت کو ختم ہونا چاہئے۔ عورتوں کے خلاف تشدد رک جانا چاہیے۔‘

لوزینا نے قانونی مدد لینے انکار کر دیا تھا اور اپنا دفاع خود کیا۔ آسٹریلین میڈیا کے مطابق سماعت کے دوران وہ کئی مرتبہ بے ربط بولتے رہے۔

جج نے اس بات کا خاص طور سے ذکر کیا کہ مجرم ’سکِٹزوفرینیا اور طویل عرصے سے نفسیاتی امراص کا شکار ہے۔‘

سنہ 2022 میں وہ پرول پر رہائی کے اہل ہو جائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32506 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp