ہوپ ہکس: وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ’سب سے قریبی‘ تصور کی جانے والی مشیر میں کورونا وائرس کی تصدیق


ہوپ ہکس اور ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مشیر اور قریبی ساتھی ہوپ ہکس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صدر ٹرمپ اور خاتون اوّل میلانیا کے بھی کورونا ٹیسٹ ہوئے ہیں، جن کے نتائج کا انتظار ہے۔

ہوپ ہکس منگل کے روز ریاست اوہائیو میں منعقد ہونے والے مباحثے میں شرکت کرنے والے ان اہلکاروں میں تھیں جو صدر ٹرمپ کے ساتھ ان کے طیارے ایئر فورس ون پر موجود تھے۔

اس کے بعد بدھ کو، وائٹ ہاؤس کے نمائندوں کے مطابق وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ان کے ہیلی کاپٹر مرین ون میں بھی سوار ہوئی تھیں۔ 31 سالہ ہوپ ہکس صدر کی ٹیم میں کورونا پازیٹیو آنے والے سب سے قریبی اہلکار ہیں۔

ہوپ ہکس میں کورونا کی تشخیص ہونے کے بعد اپنی تازہ ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ بھی اپنے کورونا ٹیسٹ کے نتائج کے منتظر ہیں اور انھوں نے اپنے آپ کو قرنطینہ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

منگل کو فوکس نیوز کے ساتھ انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ وہ اور خاتون اوّل ہوپ کے ساتھ کافی وقت گزار چکے ہیں۔ ’تو پھر دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

پہلا صدارتی مباحثہ: وہ رات جب امریکی جمہوریت بدترین تنزلی کا شکار ہوئی

ٹرمپ اور جو بائیڈن کا پہلا مباحثہ بدنظمی اور تند و تیز تکرار کی نذر

’ٹرمپ نے کورونا وبا کی سنگینی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی‘

کورونا وائرس نے امریکہ کو کیسے بے نقاب کیا؟

منگل کو کھینچی گئی تصاویر میں ہوپ ہکس کو ایئر فورس ون سے بغیر ماسک پہنے اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس سے اگلے روز انھوں نے صدر کے ہمراہ ریاست منی سوٹا میں منعقد ہونے والی ایک ریلی میں بھی شرکت کی۔

وائٹ ہاؤس ایسے تمام اہلکاروں اور مشیروں کے کورونا ٹیسٹ کرتا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر صدر ٹرمپ سے رابطے میں آتے ہیں۔

ہوپ ہکس

ٹرمپ کو ماسک پہننا پسند نہیں اور سرکاری تقاریب میں لی گئی زیادہ تر تصاویر میں انھیں ماسک اور سماجی دوری اختیار کیے بغیر اپنے ٹیم کے اہلکاروں یا دیگر افراد کے ساتھ گھلتے ملتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بلومبرگ نیوز کے مطابق منی سوٹا سے واپسی پر ہوپ ہکس میں کورونا کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئی تھیں اور انھیں اسی وقت طیارے میں ہی قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

کورنا وائرس سے اب تک تقریباً 72 لاکھ امریکی متاثر ہو چکے ہیں اور ملک میں دو لاکھ سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں۔

ہوپ ہکس نے ماضی میں ٹرمپ کی صدارتی مہم کی ترجمان طور پر کام کیا اور ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ ان کی کمیونیکیشنز ڈائریکٹر بن گئیں۔

اگرچہ مارچ 2018 میں انھوں نے استعفیٰ دے کر فوکس نیوز میں نوکری قبول کر لی تھی، لیکن رواں برس فروری میں وہ وائٹ ہاؤس لوٹ آئیں۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس کے متعدد اہلکاروں میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ مئی میں نائب صدر مائیک پینس کی پریس سیکریٹری کیٹی ملر کووڈ 19 کا شکار ہوئیں تاہم وہ اب صحتیاب ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ صدر ٹرمپ کے ساتھ براہ راست کام کرنے والے ایک امریکہ بحریہ کے اہلکار میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

ہوپ ہکس

ہوپ ہکس کون ہیں؟

  • ان کا تعلق امریکی ریاست کنیکٹیکٹ کے علاقے گرینچ سے ہے
  • انھوں نے نوجوانی میں ماڈلنگ شروع کی اور مشہور برانڈ ریلف لارن کے اشتہار میں بھی آ چکی ہیں
  • وائٹ ہاؤس آنے سے قبل وہ ایک تعلقاتِ عامہ کی کمپنی سے منسلک تھیں جو ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا کے فیشن برانڈ اور ٹرمپ کے پراپرٹی کے کاروبار کی تشہیر کا کام سنبھالتی تھی
  • وہ سنہ 2014 میں ٹرمپ کی کمپنی کا حصہ بنیں اور سیاست میں تجربہ نہ رکھنے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سال بعد ہی انھیں اپنی صدارتی مہم چلانے والی ٹیم میں شامل کر لیا
  • صدر ٹرمپ انھیں ’ہوپسٹر‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔ ہوپ کے بارے میں خیال ہے کہ وہ صدر کی سب سے بھروسہ مند اور قریبی مشیر ہیں اور ان چند لوگوں میں سے ہیں جنھیں ٹرمپ کی باتوں سے اختلاف کرنے کی اجازت ہے
Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp