بالی وڈ اداکارہ کاجل اگروال کا رواں ماہ شادی کرنے کا اعلان



بالی وڈ کے ہیرو اجے دیوگن کے ساتھ فلم ’سنگم‘ میں کام کر کے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کاجل اگروال بھی پیا دیس سدھارنے والی ہیں۔

انہوں نے اپنے انسٹاگرام پوسٹ میں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ 30 اکتوبر کو ممبئی کے ایک تاجر گوتم کچلو سے شادی کرنے والی ہیں۔

کاجل اگروال کے افیئر اور شادی کی خبریں کافی عرصے سے گردش میں تھیں جو اب سچ ہونے والی ہیں۔

بالی وڈ اداکاراؤں کا تاجروں سے شادی کرنے کا رجحان نیا نہیں ہے۔ ماضی میں شلپا شیٹھی راج کندرا سے شادی کر چکی ہیں جو ممبئی کے کروڑ پتی تاجروں میں سے ایک ہیں۔

جوہی چاولہ نے جے مہتا نامی تاجر سے شادی کی تھی جن کا کاروبار بھارت کے علاوہ افریقہ، کینیڈا اور امریکہ تک پھیلا ہوا ہے۔

اسی طرح سلینا جیٹلی نے آسٹریلوی تاجر پیٹر ہگ سے شادی کر کے اپنی الگ دنیا بسائی۔ ایشا دیول، آسین، ٹینا منیم، سمیرا ریڈی، عائشہ تاکیہ اور امرتا اروڑا نے بھی گھر بسانے کے لیے تاجروں کا انتخاب کیا۔

اب اس فہرست میں کاجل اگروال کا نام بھی شامل ہونے جا رہا ہے۔

کاجل اگروال نے منگل کو اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں کہا کہ ​انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ وہ 30 اکتوبر 2020 کو گوتم سے ممبئی میں شادی کر رہی ہیں۔ شادی کی تقریب میں مہمان کم اور زیادہ تر خاندان کے قریبی لوگ ہی شریک ہوں گے۔

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ وبائی مرض کے سبب پہلے ہی ان کی خوشیوں پر سنجیدگی کا سایہ ہے۔ لیکن نئی زندگی کا آغاز کرنے پر وہ خوش بھی ہیں۔

سوشل میڈیا پر شادی کی خبر سن کر کاجل کے بہت سے پرستار چونک گئے جب کہ کئی نے کاجل کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

کاجل نے اپنی پوسٹ میں اس بات کا بھی برملا اعلان کیا ہے کہ وہ شادی کے بعد بھی فلموں میں کام کرتی رہیں گی۔

کاجل اگروال فلم ساز و اداکار کمل حسن کی نئی آنے والی فلم ’انڈین‘ میں مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa