اعظم خان: والد کی طرح بولرز کے ساتھ بے رحمانہ سلوک کے لیے مشہور ہیں


ان کی بھاری جسامت دیکھ کر پہلی نظر میں کوئی بھی اعظم خان کو کرکٹر کے طور پر قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔ لیکن جب وہ انتہائی جارحانہ بیٹنگ کر رہے ہوتے ہیں تو پھر ان کی جسامت کو بھول کر سب ان کے ٹیلنٹ کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

اعظم خان کی بیٹنگ میں وہ خاص بات ہے جو ان کے والد معین خان میں تھی یعنی بولرز کے ساتھ بے رحمانہ سلوک۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سندھ کی طرف سے ناردن کے خلاف میچ میں اعظم خان نے محض 43گیندوں پر 88 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل ڈالی جس میں 8 چھکے اور5 چوکے شامل تھے، جس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے 68 رنز باؤنڈریز کی مدد سے سکور کیے۔

اعظم خان نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں رنز کا اضافہ کیا۔ سرفراز احمد نے صرف 28 گیندوں پر 52 رنز ناٹ آؤٹ کی اہم اننگز کھیلی۔

اعظم خان نے اس سے قبل اس نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ناردن ہی کے خلاف ملتان کے پہلے مرحلے کے میچ میں 55 رنز کی جارحانہ اننگزصرف 28 گیندوں پر کھیلی تھی جس میں 5 چھکے اور4 چوکے شامل تھے۔

22 سالہ نوجوان بیٹسمین اعظم خان اپنے ٹیلنٹ کی ایک جھلک اسی سال پاکستان سپر لیگ میں بھی دکھا چکے ہیں جب افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف ان کی تین چھکوں اور پانچ چوکوں سے سجی 59 رنز کی جارحانہ اننگز نے نہ صرف دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ لوگوں کی ان کے بارے میں منفی رائے بھی بدل دی تھی۔

اعظم خان کون ہیں؟

اعظم خان پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین معین خان کے بیٹے ہیں۔ اپنے والد کی طرح وہ بھی وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں جنہیں جارحانہ بیٹنگ کرنے میں مزا آتا ہے۔

معین خان بھی بڑے بڑے بولرز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے چوکے چھکے لگانے کے لیے شہرت رکھتے تھے۔

اعظم خان نے او لیول کیا ہے لیکن اب ان کی تمام تر توجہ کرکٹ پر ہے اور ایک پروفیشنل کرکٹر کی حیثیت سے وہ اپنا کریئر بنانے کے بارے میں بہت سنجیدہ ہیں۔

اعظم خان نے بارہ سال کی عمر میں اس وقت اپنی دھاک بٹھادی تھی جب انٹر سکول ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں انہوں نے ڈبل سنچری سکور کی جس کے بعد انہوں نے اپنے والد کی کرکٹ اکیڈیمی میں آنا شروع کردیا۔ معین خان کے بڑے بھائی سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے اپنے بھتیجے میں موجود ٹیلنٹ کو بھانپ لیا اور اس بارے میں معین خان کو بتایا۔

اعظم خان کلب کرکٹ کے ایک کامیاب بیٹسمین ہیں۔ وہ اپنے کلب کریئر میں پچاس سے زیادہ سنچریاں بناچکے ہیں۔ انہیں جن لوگوں نے بیٹنگ کرتے دیکھا ہے وہ بتاتے ہیں کہ ڈی ایچ اے معین خان اکیڈیمی میں بیٹنگ کرتے ہوئے ان کے بلند و بالا چھکے میدان سے باہر جاکر گرتے ہیں جو معمول کی بات ہے۔

ایک کلب میچ میں انہوں نے اپنے والد کے ساتھ اوپننگ کی اور آٹھ چھکوں کی مدد سےصرف اڑتیس گیندوں پر 88 رنز اسکور کیے۔ ان کے سامنے بولنگ کرنے والوں میں عمر رشید اور ندیم خان بھی شامل تھے۔

اعظم خان نے ابھی تک ڈومیسٹک کرکٹ میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں تاہم وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کریئر کے آغاز کے منتظر ہیں۔

بہت زیادہ تنقید کیوں؟

اعظم خان کو جب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل کے لیے اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا توفرنچائز کے چیئرمین ندیم عمر نے اس نوجوان بیٹسمین کو کرس گیل پلس قرار دیا تھا۔ لیکن کچھ حلقوں کی جانب سے اعظم خان کی ٹیم میں شمولیت کو معین خان سے تعلق کے تناظر میں دیکھا گیا۔ ان پر تنقید کی ایک بڑی وجہ ان کی جسامت بھی رہی جس میں اسوقت اضافہ ہوگیا جب گزشتہ سال انہوں نے پی ایس ایل فور میں اپنا پہلا میچ ابوظہبی میں کھیلا۔

جب وہ پی ایس ایل فائیو کے پہلے میچ میں بیٹنگ کے لیے جارہے تھے تو اس وقت بھی کچھ لوگوں نےان پر فقرے کسے لیکن جب وہ 59 رنز کی اننگز کھیل کر واپس آرہے تھے تو یہ تنقید تعریف اور تالیوں میں بدل چکی تھی۔

اعظم خان نے اس اننگز کے بعد بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ منفی باتیں سن کر ُبرا لگتا ہے لیکن آپ کسی کی زبان روک نہیں سکتے اس کا بہترین جواب یہی ہے کہ آپ اچھی پرفارمنس دے دیں۔

معین خان کا اس بارے میں کہنا تھا کہ اعظم خان کے ساتھ چونکہ ان کا نام جڑا ہوا ہے لہذا لوگ باتیں کرتے رہیں گے۔ یہ صورتحال شعیب محمد کے ساتھ بھی رہی کہ وہ حنیف محمد کے بیٹے ہیں۔ حالانکہ انہوں نے اپنی کارکردگی سے اہلیت ثابت کی تھی۔ دیگر کرکٹرز کے ساتھ بھی یہی معاملہ رہا ہے لیکن کرکٹر کا بیٹا ہونا کوئی زیادتی نہیں ہے اگر آپ میرٹ پر کھیل رہے ہیں۔ اعظم خان کو وہ یہی بات سکھاتے آئے ہیں کہ پریشر میں کھیلنا سیکھو اور اپنی کارکردگی سے ناقدین کو جواب دو۔

معین خان کا کہنا ہے کہ پچھلے چند ماہ کے دوران اعظم خان نے اپنی فٹنس پر بہت زیادہ توجہ دی ہے اور تقریباً تیرہ کلوگرام وزن کم کیا ہے۔ لیکن اعظم کی جسامت ہی ایسی ہے۔ وہ موٹا لگتا ہے لیکن انہوں نے اسے یہی کہا ہے کہ اپنی فٹنس کے ساتھ ساتھ مہارت پر بھی کام کرو اور پرفارم کرو کیونکہ انہوں نے اپنے کریئر میں ایسے کئی بیٹسمین دیکھے ہیں جنہوں نے اپنی جسامت اور فٹنس پر بے پناہ توجہ دی لیکن کھیل کی مہارت نہ ہونے کے وجہ سے ناکام رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp