قومی ٹی ٹوئنٹی کپ: بک میکر کا کھلاڑی سے رابطہ، کھلاڑی نے کرکٹ بورڈ کو مطلع کر دیا


پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ راولپنڈی میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران ایک بک میکر نے ایک کھلاڑی سے رابطہ کیا ہے تاہم اس کھلاڑی نے فوری طور پر اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو مطلع کر دیا۔

پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کرنے کے ساتھ ساتھ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بھی اس بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔

بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ جس کھلاڑی سے بک میکر نے رابطہ کیا ہے اس نے ابھی تک انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔

بک میکر کی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں دلچسپی کیوں؟

کسی بک میکر یا مشکوک شخص کی جانب سے کرکٹرز کو میچ فکسنگ یا سپاٹ فکسنگ کی پیشکش عام طور پر بین الاقوامی میچوں میں کی جاتی رہی ہیں لیکن حالیہ برسوں میں بک میکرز کی نظریں مختلف ممالک میں کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی لیگس پر بھی رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

اعظم خان: والد کی طرح بولرز کے ساتھ بے رحمانہ سلوک

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں اوپنر کی جگہ پانے کے لیے کھلاڑیوں میں سخت مقابلہ

عبداللہ شفیق: ’دو وکٹیں جلد گرنے پر بیٹنگ کے لیے آیا تو بہت نروس تھا‘

پاکستان کی تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری بنانے والے خوشدل شاہ

پاکستان کے کسی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں بک میکر کی جانب سے کسی کھلاڑی سے رابطے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بک میکرز کی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں دلچسپی حیران کن نہیں ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ ایک مقبول ٹورنامنٹ کی حیثیت اختیار کرچکا ہے جسے ملک اور ملک سے باہر بڑی پذیرائی ملی ہے اور اس کے میچز بڑی دلچسپی سے دیکھے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بین الاقوامی کرکٹ میں کرپشن کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں بک میکرز نے مختلف ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کو اپنا ٹارگیٹ بنانا شروع کردیا ہے۔

حالیہ برسوں مختلف خلیجی ممالک میں کھیلی جانے والی نچلے پیمانے کی کرکٹ میں بھی مشکوک افراد کے کرکٹرز سے رابطے رپورٹ ہوچکے ہیں۔

دراصل بک میکرز ہر اس ایونٹ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں جہاں انہیں پیسہ بنانے کے امکانات دکھائی دیتے ہیں۔

معاملہ ایف آئی اے کے سپرد

پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹی کرپشن اینڈ سکیورٹی یونٹ کے ڈائریکٹر لیفٹننٹ کرنل (ریٹائرڈ) آصف محمود کا کہنا ہے کہ بک میکر کی پیشکش اور رابطے کے بارے میں مذکورہ کرکٹر کا پاکستان کرکٹ بورڈ کو فوری طور پر مطلع کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ پر مکمل بھروسہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ اس بات کو بھی ظاہر کرتا ہے کہ کھلاڑی اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ایسی صورتحال میں انھیں کیا کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کو انسداد بدعنوانی کے بارے میں باقاعدگی سے لیکچرز دیتا ہے۔

کرنل (ریٹائرڈ) آصف محمود کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں تحقیقات کرنے کے دوران کچھ اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں جو ایف آئی اے کو فراہم کر دی گئی ہیں جس کے پاس اس طرح کے معاملات سے نمٹنے کے زیادہ بہتر وسائل اور صلاحیتیں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ پچھلی دہائی کے دوران متعدد پاکستانی کھلاڑیوں کو بکیز سے رابطوں کے باعث سزائیں بھی ہو چکی ہیں جبکہ کچھ نے اس بارے میں فوری اطلاع بھی دی ہے۔ گذشتہ آئی پی ایل کے دوران عمر اکمل کو بکیز سے رابطور کے باعث پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس سے قبل شرجیل خان، نوید لطیف کو بھی ایسی ہی پابندیوں کا سامنا رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp