اپنی اگلی پسندیدہ کتاب سے ملیے


سوشل میڈیا ہماری آنکھوں کے سامنے زندگیوں کا ناگزیر حصہ بن گیا۔ یونیورسٹی میں پہلی دفعہ ٹویٹر اور فیس بک کا نام سنا۔ پہلے پہل ان کا مقصد کچھ سمجھ نہیں آیا۔ ٹویٹر تو لگا کہ یہ عوام کے لیے ہے ہی نہیں۔ صرف مشہورشخصیات مداحوں کو باخبر رکھنے کے لئے اسے استعمال کرتے ہیں۔ میں نے بھی اپنے پسندیدہ لوگوں کی تلاش شروع کر دی۔ کوئی خاطر خواہ کامیابی نہ ملی۔ ایک رائیٹر کا خود ٹویٹر اکاؤنٹ بنا کر اس کے اقوال ٹویٹ کرنا شروع کر دیے۔ دنیا بھر سے لوگوں نے اسے فالو کرنا شروع کر دیا۔

یہی معاملہ فیس بک کے ساتھ ہوا۔ پوچھنے پر معلوم ہوا کہ یار دوست اس پر ایک دوسرے سے منسلک ہونے کے لئے ریکویسٹ بھیجتے ہیں۔ ایک صارف اپنی پروفائل پر بنیادی معلومات، دلچسپی کے امور اور تصاویر شیئر کر سکتا ہے۔ یاہو چیٹ اس سے بہتر معلوم ہوئی۔ کافی روز اکاؤنٹ بنانے سے گریزاں رہے۔ پھر دیکھا دیکھی کمپیوٹر لیب میں فیس بک جوائن کر لی۔ فیس بک سے استفادے کا سفر آج تک جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر میری سب سے اہم دریافت گڈ ریڈز تھی۔ اسے عرف عام میں کتابوں کی فیس بک بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے ہوم پیج پر آپ کو یہ جملہ لکھا ہوا ملے گا: اپنی اگلی پسندیدہ کتاب سے ملیے۔ یاد رہے گڈ ریڈز سے آپ کتابیں ڈاؤن لوڈ نہیں کر سکتے۔ آپ یہاں کتاب اور اس کے مصنف کا تعارف، خریداری کے لئے آن لائن اسٹورز کا لنک اور قارئین کے تبصرے وغیرہ دیکھ سکتے ہیں۔

گڈریڈز پر ہر کتاب کے لیے ایک صفحہ مختص ہے۔ اس پر کتاب کا سرورق، مختصر تعارف، صنف، ریٹنگ، پڑھنے والوں کی تعداد، تبصرے اور ایڈیشنز وغیرہ کی معلومات موجود ہوتی ہیں۔ ضروری کوائف فراہم کر کے آپ خود بھی کوئی کتاب شامل کر سکتے ہیں۔ گڈریڈز کے ڈیٹا بیس میں کروڑوں کتابوں کی انفارمیشن موجود ہے۔ گڈ ریڈز پر کسی بھی کتاب کے لئے تین بنیادی خانے ہوتے ہیں، جنھیں بک شیلف کہا جاتا ہے۔ اگر آپ کسی بھی کتاب میں دلچسپی رکھتے ہیں تو آپ اسے ’پڑھنا چاھتے ہیں‘ کی شیلف میں شامل کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کتاب شروع کر دیتے ہیں تو ’پڑھ رہا ہوں‘ کی شیلف میں داخل کر سکتے ہیں۔ کتاب پڑھنے کے بعد آپ ’پڑھ چکا ہوں‘ کی شیلف میں بھیج سکتے ہیں۔ اس طرح گڈریڈز آپ کے پڑھنے کی مکمل تفصیل برقرار رکھ سکتا ہے۔

صرف یہی نہیں آپ اپنی مرضی سے کوئی بھی بک شیلف تخلیق کر سکتے ہیں اور اس میں کتابیں شامل کر سکتے ہیں۔ گڈریڈز پر مقبول عام بک شیلف میں فیورٹ، فکشن، شاعری، تاریخ، مضامین، سیاست اور نفسیات وغیرہ شامل ہیں۔ آپ کتابیں پڑھتے جائیں اور بک شیلف میں ان کی درجہ بندی کرتے جائیں۔ اس طرح آپ کو یہ معلوم رہے گا کہ آپ کسی موضوع پر کتنی کتابیں پڑھ چکے ہیں۔ بک شیلف کا سیکشن آپ کی پروفائل پر نمایاں طور پر موجود ہوتا ہے۔

آپ کسی بھی صارف کی بک شیلف سے اس کی دلچپسی اور میلانات کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ مثلاً مجھے کتاب کی جیوگرافی میں انٹرسٹ ہے۔ سو میں نے دنیا کو پڑھنے کے حساب سے مختلف زونوں میں بانٹا ہوا ہے اور اسی کے مطابق بک شیلف بنائے ہوئے ہیں۔ کہیں یہ پورے کا پورا براعظم کور کر لیتا ہے جیسا کہ ’لاطینی‘ اور ’افریقی‘ بک شیلف، یا پھر صرف ایک ملک جیسا کہ ’جاپان‘ اور ’انڈیا‘ کے بک شیلف۔

گڈریڈز صارف آپ کو فرینڈ ریکویسٹ بھیج سکتا ہے۔ آپ بھی من پسند لوگوں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ آپ اپنی اور ان کی کتابوں کا موازنہ کر سکتے ہیں۔ مثلاً آپ دونوں کے درمیان کتنی مشترکہ کتابیں ہیں۔ آپ ان کے تبصروں پر کمنٹ کر سکتے ہیں اور انہیں پرائیویٹ میسج بھیج کر کتابوں کے متعلق تاثرات معلوم کر سکتے ہیں۔

گڈریڈز پر لوگ مختلف انداز میں تبصرے لکھتے ہیں۔ ہر کسی کا اپنا ذوق اور ترجیحات ہیں۔ کوئی یہ بتانے کی کوشش کرتا ہے کہ اس نے کتاب کا انتخاب کیوں، کب، اور کیسے کیا۔ ہر کتاب سے عموماً کچھ یادیں منسلک ہوتی ہیں۔ سو بہت سے لوگ کتاب کے حوالے سے اپنا نوسٹلجیا بیان کر جاتے ہیں۔ کچھ لوگ کتاب کا تنقیدی جائزہ لیتے ہیں اور اس کے خواص اور کمیاں گنواتے ہیں۔ اور بہت سے لوگ کتاب سے پسندیدہ اقتباسات اور ان کی تشریح وغیرہ بیان کرتے ہیں۔

گڈریڈز کا ایک دلچسپ فیچر اس کا ریڈنگ چیلنج ہے۔ ہر سال کے شروع میں گڈریڈز آپ کوچیلنج پیش کرتا ہے کہ آپ اس سال کتنی کتابیں پڑھنا چاہیں گے۔ آپ دس، بیس، پچاس یا سو حسب توفیق نمبر کا اندراج کر سکتے ہیں۔ آپ کے چیلنج کے مطابق گڈریڈز آپ کو بتا دیتا ہے کہ آپ کو ایک ہفتے یا مہینے میں کتنی کتابیں پڑھنے کی ضرورت ہے۔ کسی بھی وقت آپ یہ دیکھ سکتے ہیں کہ آپ شیڈول کے مطابق چل رہے ہیں یا ہدف پر پہنچنے کے لئے زیادہ مطالعے کی ضرورت ہے۔ یہ فیچر اس لئے بھی اہم ہے کہ یہ مطالعے کی عادت کو پختہ بناتا ہے۔ آپ کو معلوم رہتا ہے کہ ہر سال آپ کی ریڈنگ پروگریس کیا رہی۔ اور آپ کی کوشش رہتی ہے کہ کوئی کتاب شروع کریں تو اسے مکمل کر کے چھوڑیں۔

گڈریڈز پر آپ اپنی تصاویر اپلوڈ کر سکتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ کتابوں کے ساتھ سیلفی، کیفے میں مطالعہ کرتے ہوئے لی گئی فوٹو یا اپنی پرسنل لائبریری کی تصاویر شایع کرتے ہیں۔

آپ اپنے پسندیدہ رائیٹرز منتخب کر سکتے ہیں اور ان کی درجہ بندی کر سکتے ہیں۔ پہلے چھ رائیٹرز آپ کی پروفائل پر نظر آتے ہیں۔

آپ اپنے پسندیدہ اقوال لائک کر سکتے ہیں۔ مثلاً مجھے مندرجہ ذیل اقوال پسند ہیں :
’میں نے ہمیشہ جنت کو ایک لائبریری کی مانند تصور کیا ہے‘ ۔ جارجے لوئس بورجیس

’اگر آپ ایسی کتاب پڑھنا چاہتے ہیں جو ابھی تک لکھی نہیں گئی تو آپ کو یہ کتاب ضرور لکھنی چاہیے‘ ۔ ٹونی موریسن

اگر آپ بھی کتابیں پڑھنا پسند کرتے ہیں اور آپ نے اب تک گڈریڈز کا نام نہیں سنا تو آج ہی اس کے ویب پیج کا وزٹ کیجئے اور اپنی اگلی پسندیدہ کتاب سے ملیے۔ اور میں آپ کا پہلا دوست بننا پسند کروں گا۔

فرحان خالد

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

فرحان خالد

فرحان خالد تعلیمی اعتبار سے انجنیئر ہیں. ایک دہائی سے سافٹ ویئر انڈسٹری سے منسلک ہیں. بچپن سے انہیں مصوری، رائٹنگ اور کتابیں پڑھنے کا شوق ہے. ادب اور آرٹ کے شیدائی ہیں.

farhan-khalid has 36 posts and counting.See all posts by farhan-khalid