‘جیمز بانڈ’ کا کردار نبھانے والے شان کونری کا انتقال، مداحوں کا خراجِ تحسین



ہالی وڈ فلموں میں جیمز بانڈ کا کردار نبھانے والے شان کونری 90 سال کی عمر میں ہفتے کو انتقال کر گئے۔

اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے شان کونری نے سب سے پہلے ہالی وڈ کی فلموں میں جیمز بانڈ کا کردار نبھا کر شہرت حاصل کی اور چار دہائیوں تک سلور اسکرین پر راج کرتے رہے۔

شان کونری کا انتقال بہاماس میں ہوا وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ کونری کے لواحقین میں دو بیٹے اور اہلیہ شامل ہیں۔

رواں برس اگست میں کونری نے اپنی 90 ویں سال گرہ منائی تھی۔

شان کونری کا فلمی سفر سات دہائیوں پر مشتمل تھا اور انہیں 1988 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دی ان ٹچ ایبلز’ میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر آسکر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

ان کی دیگر مشہور فلموں میں دی ہنٹ فار گریٹ اکتوبر، ‘ہائی لینڈر’، ‘انڈیانا جونز اینڈ ‘دی لاسٹ کروسیڈ’ اور ‘دی راک’ شامل ہیں۔

شان کونری کے بیٹے کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں موجود ان کے والد کے پرستاروں کے لیے یہ غم کا دن ہے۔

کونری کی ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے اُن کی آخری رسومات میں خاندان کے افراد اور قریبی دوست شریک ہوں گے۔ تاہم وبا ختم ہونے کے بعد اُن کی یاد میں تقریب منعقد کی جائے گی۔

فلمی شائقین نے سوشل میڈیا پر شان کونری کے اداکاری کے جوہر کی تعریف کی اور اپنے فن سے دنیا بھر کے لوگوں کو محظوظ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

حالیہ فلموں میں جیمز بانڈ کا کردار نبھانے والے ڈینئل کریگ کا کہنا ہے کہ سر شان کونری عظیم اداکار تھے۔

کریگ کے بقول کونری کو جیمز بانڈ کے کردار کی طرح ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ڈینئل کا مزید کہنا تھا کہ کونری فن کاروں اور فلم سازوں کو ہمیشہ متاثر کرتے رہیں گے۔

بھارت کے معروف میوزک ڈائریکٹر اے آر رحمان نے بھی شان کونری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اُنہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

جیمز بانڈ فلموں کے پروڈیوسرز مائیکل ولسن اور باربرا بروکولی کا کہنا ہے کہ کونری کی وفات کی خبر کے بعد وہ صدمے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اصل جیمز بانڈ کے طور پر یاد رکھیں جائیں گے۔

رواں برس اگست میں کونری نے اپنی 90ویں سال گرہ منائی تھی۔ (فائل فوٹو)

شان کونری کے فلمی سفر میں ان کی پہلی اہم فلم ‘نو روڈ بیک’ تھی۔ جو کہ سن 1957 میں ریلیز ہوئی۔

شان کونری سن 1962 میں ریلیز ہونے والی جیمز بانڈ سیریز کی پہلی فلم ‘ڈاکٹر نو’ میں جلوہ گر ہوئے۔ جس کے بعد انہوں نے سیریز کی دیگر چھ فلموں میں اداکاری کی۔

کونری کو ان فلموں میں عالمی شہرت یافتہ افسانوی برطانوی سیکریٹ ایجنٹ 007 کا کردار نبھانے والا بہترین اداکار سمجھا جاتا تھا۔ ان کے علاوہ راجر مور نے بھی یہ کردار ادا کیا تھا۔

کونری نے جیمز بانڈ سیریز کی جن فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان میں ‘ڈاکٹر نو’، ‘فرام رشیا وِد لو’، ‘گولڈ فنگر’، ‘تھنڈر بال’ بھی شامل ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa