’کشف‘ اور ’محبتیں چاہتیں‘ کے اداکار جنید خان کا انٹرویو: ’ٹیلیوژن پر مردوں کے لیے شوہر، باپ، بھائی، بیٹے، کزن کے کردار ہی بچتے ہیں‘

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

جنید خان
BBC
اداکار جنید خان کا کہنا ہے کہ ’میرے اور حرا کے ایک ساتھ کام کرنے سے ڈرامہ ہدایتکار کے لیے آسانی ہوتی ہے کہ وہ ہمارے کرداروں کو مکمل طور پر ابھار سکتا ہے جبکہ پروڈیوسر کو یہ فائدہ ہوتا ہے کہ یہ دونوں دوست ہیں اس لیے سیٹ پر کوئی لڑائی نہیں ہو گی۔‘

بی بی سی کے لیے صحافی براق شبیر کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکار جنید خان نے ڈراموں میں اپنی ساتھی اداکارہ حرا مانی کے ساتھ سکرین کیمسٹری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر شائقین کو ہماری جوڑی پسند آتی ہے کبھی کبھی کچھ ایسے تبصرے میں ہوتے ہیں کہ اب سکرین پر ان دونوں اداکاروں کو الگ الگ نئی جوڑی میں نظر آنا چاہیے۔

جنید خان کا حرا مانی کے ساتھ ’ہم ٹی وی‘ پر نشر ہونے والا ڈرامہ ’کشف‘ حال ہی میں اختتام پزیر ہوا ہے جبکہ اس جوڑی کے دوسرے ڈرامے ’محبتیں چاہتیں‘ کی دو اقساط نشر ہو چکی ہیں۔ محبتیں چاہتیں بھی ہم ٹی وی پر نشر ہو رہا ہے۔

کشف میں دونوں اداکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھا کر خوب داد سمیٹی ہے۔

کشف کی مقبولیت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے اور حرا کو اس بارے میں ایک دوسرے کا اندازہ ہے، اس لیے ہماری توجہ پرفارمنس اور اداکاری پر مرکوز رہی۔

جنید خان ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ کام کے متعلق کہتے ہیں کہ ‘میں (ساتھی اداکاراؤں سے) پوچھتا ہوں آپ کو میرے ساتھ کام کرنے میں کیسے اور کس حد تک آسانی ہے۔ جب وہ مجھے بتا دیتی ہیں تو مجھے اندازہ ہو جاتا ہے کہ کسی کردار کو نبھاتے ہوئے آپ کو کس حد تک اور کس پیرائے میں اداکاری کرنی ہے۔’

یہ بھی پڑھیے

’پہلے کہتے ہیں یہ تو بس روتی رہتی ہیں، جب رلاتی ہوں تو برداشت نہیں ہوتا‘

’اگر میں بیٹیوں کا باپ نہ ہوتا تو شاید اتنا پراگریسیو نہ ہوتا‘

وہ ملاقات جس نے سونیا حسین کو ’سراب‘ میں کام کرنے پر آمادہ کیا

جنید خان اپنی ساتھی اداکارہ حرا مانی کے ساتھ دوستی پر بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہم ایک دوسرے کے اچھے دوست ہیں اور آن سکرین ایک دوسرے کے ساتھ اتنے پرسکون ہیں کہ میں اور حرا اکثر اس بات پر ہنستے ہیں کہ جب ہمیں کسی نئے ڈرامے کے لیے کال آتی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ آپ کے ساتھ جنید یا حرا ہیں تو ہم انھیں منع ہی نہیں کر پاتے۔

وہ کہتے ہیں کہ مجھے خوشی ہے کہ شائقین کو ہماری آن سکرین جوڑی پسند ہے اور وہ اب تک بور نہیں ہوئے۔

کشف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کی سٹوری مختلف تھی۔ ’اس میں خوابوں کی فلاسفی پر بات کی ہے اور اس کے فیملی معاملات اور تعلقات پر اثرات کی بات کی گئی۔‘

ٹی وی سکرین پر مرد اداکار کے لیے مارجن کم ہے

جنید خان کا کہنا تھا کہ چھوٹی سکرین پر مرد اداکاروں کے لیے کام کا مارجن بہت کم ہے، ٹیلی ویژن کیونکہ ایک خواتین کا میڈیم ہے لہذا اس کا مرکزی کردار ایک خاتون ہی ہوتی ہے، فلم میں مرد اداکار کے لیے کام کا مارجن زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر کہانی ایک خاتون خانہ یا اس سے جڑے مرد کردار اور خیالات کے گرد گھومتی ہے اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ٹی وی کے بنیادی شائقین خواتین ہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا اس لحاظ سے کسی بھی ڈرامے کی کہانی میں مرد کے لیے شوہر، باپ، بھائی، بیٹے، کزن کے کردار ہی بچتے ہیں، کیونکہ آخرکار یہ بھی ایک کاروبار ہے لہذا پروڈیوسر بھی کہانی کو پھیلا نہیں سکتا اور انھیں کرداروں تک محدود ہو جاتا ہے۔ اس لیے مرد اداکاروں کے لیے زیادہ کرداروں میں کام کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کام سے بریک بہت کم لیتا ہوں اور زیادہ توجہ اپنے کام پر رکھتا ہوں، مختلف کرداروں کو پڑھتا ہوں، میں برانڈ بلڈنگ ایکسرسائز میں نہیں ہوں، میں اپنے آپ کو صرف برانڈز کے لیے مختص نہیں رکھتا ہوں۔میں سال میں ایک ڈرامہ کرنے پر یقین نہیں رکھتا۔

ٹی وی میرے لیے اظہار کا ذریعہ ہے

وہ کہتے ہیں کہ ٹی وی میرے لیے اظہار کا ایک ذریعہ ہے اور میں اس کو مزید کھوج رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے میں بہت کم ہی ایسے کردار نکلتے ہیں جو منفرد ہوتے ہیں۔ ایسا ہی ایک کردار حانیہ آیا تھا، میں ایسے کرداروں کی تلاش میں رہتا ہوں، میں نے اس ڈرامے کے ڈائریکٹر قاسم علی مرید کے ساتھ بیٹھ کر اس کردار کو بنایا اور قاسم کا شکریہ کہ اس نے اسے ایسے ہی قبول کیا حالانکہ ایک وقت میں اس کردار کے متعلق کہا گیا تھا کہ اس کو ایسے نہیں دکھنا چاہیے، اس کی باڈی لینگوئج ایسی نہیں ہونی چاہیے۔

کوئی بھی کردار ہدایت کار اور ٹیم کے ساتھ مل کر ہی بنتے ہیں۔ میں نے بہت سے کردار کیے جو گم ہو جاتے ہیں۔

فلم کا تجربہ بہت اچھا رہا

جنید خان

BBC

سلور سکرین یعنی بڑے پردے کی بات کرتے ہوئے اداکار جنید خان کا کہنا تھا کہ فلم کا تجربہ بہت اچھا تھا۔

جنید خان کی پہلی فلم ‘کہے دل جگر’ جو کورونا کے باعث ریلیز ہونے میں تاخیر کا شکار ہوئی ہے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ فلم کا زاویہ مختلف ہے، بڑا پردہ ہے تو آپ کی پوری باڈی لینگوئج تبدیل ہو جاتی ہے، کام کرنے کا زیادہ مارجن بنتا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ فلم کے لیے بہت عرصے سے ایک اچھے سکرپٹ اور ٹیم کی تلاش تھی، لہذا جلال رومی جو اس فلم کے ہدایت کار ہیں میں نے ان کے ساتھ پہلے کچھ میوزک ویڈیوز میں کام کیا ہے لہذا ہم دونوں ایک دوسرے کے کام کرنے کے طریقہ سے واقف ہیں۔

فلم کی کہانی کامران باری نے لکھی ہے، ساتھی اداکارہ منشا کے ساتھ پہلے بھی کام کیا ہے اس لیے ایک اچھی ٹیم بن گئی۔

فلم کے لیے کچھ چیزیں ایسی تھیں جو پہلے کبھی سکرین پر نہیں آئی تھیں جیسا کہ میں نے سکرین پر کبھی ڈانس نہیں کیا۔

میرے متعلق انڈسٹری میں رائے اتنے سیریس انسان کی ہے کہ کسی ایوارڈ شو پر بھی کبھی میں نے ڈانس وغیرہ نہیں کیا، لیکن اس فلم میں کیا۔

فلم کی کہانی اچھی ہے، اس فلم میں کالج لائف کے ساتھ ساتھ منشیات کے استعمال سے متعلق سماجی پیغام بھی ہے۔ مجھے اس فلم کی شوٹنگ کے دوران مزہ آیا۔ فلم کی کامیابی کا دارامدار شائقین پر ہے کہ وہ اسے کیسے پسند کرتے ہیں لیکن مجھے بہت مزہ آیا۔

فلم میں کردار کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے فلم میں کردار کا فیصلہ کرنے پر بہت دباؤ لیا، مجھے ماضی میں بہت سے دوستوں نے کہا کہ فلم میں یہ کردار کر لو، وہ کر لو، باقی سب بھی کر رہے ہیں لیکن ٹی وی سکرین سے میرا جو تاثر بن گیا تھا اس نے فلم کے کردار کو چننے میں مجھ پر کافی دباؤ ڈالا۔

مجھے اپنے حساب سے اچھے کردار اور اچھی ٹیم کے ساتھ فلم کرنی تھی۔ اس فیصلے میں شاید میں غلط بھی تھا۔میں نے اس میں کافی وقت لگایا اور دل سے کام کیا ہے۔ امید ہے کہ شائقین کو یہ فلم پسند آئی گی لیکن اگر انھیں پسند نہیں آتی تو مجھے کوئی افسوس نہیں ہو گا، کیونکہ میں نے اس میں اپنا کام مکمل کیا ہے اور دل سے کیا ہے۔

جنید خان

BBC

میرا نیا گانا زندگی کی اہمیت پر ہے

جنید خان نے اپنے کیرئیر کا آغاز میوزک سے کیا تھا اور اس وقت بھی جنید خان اپنے ایک سولو گانے پر کام کر رہے ہیں۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے میرے ارد گرد سے جو خیالات اور مشاہدات حاصل ہوتے ہیں انھیں کو لے کر لکھتا اور گاتا ہوں۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ بہت عرصے سے زندگی کے بارے میں جاننے اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ‘ہم اکثر اوقات زندگی کو بہت مشکل اور کٹھن بنا دیتے ہیں، زندگی میں بہت پریشانیاں لیتے ہیں، ہمیں زندگی کو خوشی سے جینا چاہیے۔’

ان کا کہنا تھا کہ میرا آنے والا گانا بھی زندگی ے متعلق ہے، یہ گانا زندگی کی خوبصورتی اور اہمیت کے متعلق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس گانے میں میرے ساتھ پاکستان کے نامور گٹارسٹ فراز انور ہیں امید ہے جب آئے گا تو شائقین کو پسند آئے گا۔

اپنے آنے والے پراجیکٹس کے متعلق بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ مستقبل میں ٹی وی چینل جیو انٹرٹینمنٹ کے لیے ‘خدا محبت ہے’ کہ نام سے بڑا پراجیکٹ آ رہا ہے جس کی ہدایت کاری، ڈائریکٹر وجاحت حسین نے کی ہے۔ میں ان کے ساتھ ماضی میں بھی کام کر چکا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈرامہ پیار اور عشق کی کہانی ہے، یہ ملتان کے درباروں اور حولیوں میں شوٹ ہوا ہے۔

اس کی کاسٹ میں فیروز خان، اقرا عزیز، روبینہ اشرف، حنا بیاد سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 16578 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp