میں خواجہ سرا ہوں: بالی وڈ اداکارہ ایلن پیج کا انکشاف


بالی وڈ اداکارہ ایلن پیج (فائل فوٹو)

ہالی وڈ فلم ‘جونو’ کے لیے آسکر ایوارڈ کی نامزدگی پانے والی اور نیٹ فلکس سپر ہیروز سیریز ‘امبریلا اکیڈمی’ میں کام کرنے والی اداکارہ ایلن پیج نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خواجہ سرا ہیں۔

یہ انکشاف انہوں نے منگل کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ایک دل گرفتہ تحریر کے ساتھ کیا۔

پوسٹ کے ذریعے انہوں نے اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ انہوں نے اپنے نام ایلن پیج کا پہلا حصہ تبدیل کرتے ہوئے نیا نام ‘ایلیٹ پیج’ رکھ لیا ہے۔

انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ میں تحریر کیا ہے کہ خواجہ سرا ہونے پر ان کے جو احساسات ہیں اُنہیں وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتیں۔

اُن کے بقول، “میرے لیے یہ بیان کرنا قابلِ ذکر احساس ہے کہ میں خواجہ سرا ہوں۔”

تینتیس سالہ پیج کو 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘جونو’ میں نو عمر حاملہ کے کردار پر اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

سن 2010 میں پیج کو سائنس فکشن تھرلر فلم ‘انسیپشن’ میں شاندار اداکاری کی بدولت شہرت ملی۔

فی الوقت وہ نیٹ فلکس کی سپر ہیرو سیریز ‘امبریلا اکیڈمی’ میں کام کر رہی ہیں۔

اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں پیج نے لکھا ہے کہ ان کے لیے ‘عورت’ کے بجائے ‘مرد’ کا صیغہ استعمال کریں۔

پیج نے خواجہ سرا ہونے پر جہاں خوشی کا اظہار کیا وہیں اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس بات سے خوف زدہ ہیں کہ انہیں آئندہ کن حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور اس انکشاف کے بعد کس حد تک اُن کا استحقاق مجروح ہو گا۔

اُن کے بقول، “مجھے ڈر ہے کہ لوگ میرا مزاق اڑائیں گے، مجھے نفرت سے دیکھا جائے گا، لوگ مجھ پر لطیفے بنائیں گے اور شاید مجھے تشدد بھی برداشت کرنا پڑے۔”

انہوں نے اپنی پوسٹ میں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اُن تمام خواجہ سراؤں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے جو ہر روز کسی نہ کسی طریقے سے ہراساں کیے جاتے ہیں، جو خود سے نفرت کرنے، بدسلوکی اور تشدد کے خطرے سے نمٹتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ “میں اکثر ایسے خواجہ سراؤں کو دیکھتا ہوں جنہیں تشدد کا سامنا ہوتا ہے، میں اُن سے پیار کرتا ہوں اور اس دنیا کو اُن کے لیے بہتر بنانے کی غرض سے ہر ممکن کوشش کروں گا۔”

پیج کو سوشل میڈیا پر اپنی حمایت کے مسلسل پیغامات بھی موصول ہو رہے ہیں۔

اداکارہ لینا ڈنہم نے لکھا ہے کہ آپ بہت پیارے اور قابل ستائش ہیں۔

دوسری جانب نیٹ فلکس کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ “ہمیں اپنے سپر ہیرو پر فخر ہے۔ ہم آپ سے بہت پیار کرتے ہیں اور سیزن تھری میں آپ کی واپسی کے بے چینی سے منتظر ہیں۔”

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa