آپ زندگی سے کیا چاہتے ہیں؟



ڈیریک سیورز کی تصنیف Anything You Want کا ترجمہ اور تلخیص۔

یہ کتاب میرے دس سالہ تجربے کا نچوڑ ہے۔ واقعہ یہ ہے کہ میرا ایک مشغلہ اتفاقی طور پر ایک بڑے کاروبار میں تبدیل ہو گیا۔ میں نے اس تجربے سے بہت کچھ سیکھا اور تربیت کے کئی مراحل سے گزرا۔ اس ضمن میں مجھ سے بہت سی غلطیاں بھی ہوئیں۔ میرا کام کرنے کا اپنا طریقہ ہے۔ اور میری کامیابی اسی کی مرہون منت ہے۔ کام کرنے کے بہت سے طریقے ہو سکتے ہیں۔ میں اپنے طریق کار کی مخالفت میں بھی دلائل دے سکتا ہوں۔ اہم یہ کہ آپ کا کام کرنے کا کیا طریقہ ہے؟ اور اس سے بھی بڑھ کر یہ کہ آپ کیا چاہتے ہیں؟

دنیا میں اکثر لوگ یہ نہیں جانتے کہ وہ اپنی زندگی سے کیا چاہتے ہیں۔ وہ حالات کے تحت اپنے پیشے کا انتخاب کرتے ہیں اور طے شدہ اصولوں کے مطابق کام کرتے رہتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ کاروبار کا مقصد صرف پیسہ کمانا نہیں۔ یہ تو خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا ایک ذریعہ ہے۔ آپ کی کمپنی ایک ایسا پلیٹ فارم ثابت ہو سکتی ہے جہاں آپ اپنی مرضی سے ایک بہترین زندگی کا نقشہ تیار کریں۔ کامیابی مستقل مزاجی، بہترین کی جستجو اور جدت پسندی کی مرہون منت ہے۔ یہ ان چیزوں کی مسلسل تشہیر کا نام نہیں جو دنیا میں اپنا مقام کھو چکی ہوں۔

کسی بزنس کا آغاز ایک آئیڈیا سے ہوتا ہے۔ ایک کاروباری منصوبہ تیار کرنے کے لیے چند گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔ ایک بہترین منصوبہ چند منٹوں میں تیار ہو جاتا ہے۔ آپ کو پہلی نظر میں اس کی افادیت کا اندازہ ہو جاتا ہے۔ لیکن جب تک آپ کام شروع نہیں کرتے آپ کو لوگوں کی حقیقی ضروریات کا علم نہیں ہوتا۔

میں آن لائن اپنی سی ڈی بیچنا چاہتا تھا۔ مجھے کمپیوٹر پروگرامنگ کا بالکل علم نہیں تھا۔ لیکن ضرورت انسان کی سب سے بڑی استاد ہوتی ہے۔ میں نے ایک ٹیکسٹ بک سے کچھ مثالیں نقل کیں۔ بہت سی کوششوں کے بعد میں نے اس کی بنیادی تربیت حاصل کر لی۔ میں نے اپنے موسیقار دوستوں کو اپنی ویب سائٹ پر خریداری کے بٹن کے بارے میں بتایا۔ کچھ نے یہ خواہش ظاہر کر دی کہ میں ان کی سی ڈی بھی آن لائن فروخت کروں۔

مجھے احساس ہوا کہ اتفاقی طور پر میں ایک کاروبار کا آغاز کر چکا ہوں۔ میں بطور کل وقتی موسیقار پہلے ہی ایک آئیڈیل زندگی گزار رہا تھا۔ سو میں نے کاروبار کو وسعت دینے کی بجائے اسے محدود رکھنے کی کوشش کی۔ اس سے پہلے میں بارہ سال مختلف پروجیکٹس پر کام کرتا رہا۔ لیکن زندگی میں پہلی بار ایسی چیز بنائی جو ایک ہٹ سانگ کی طرح مقبول ہو گئی۔

مجھے خوشی ہے کہ میرے پاس سرمایہ کار نہیں تھے۔ پیسے کے بغیر کاروبار کرنے کا ایک فائدہ ہے : آپ کے پاس ضائع کرنے کو کچھ نہیں ہوتا۔ آپ پیسوں کے بغیر بھی لوگوں کی مدد کر سکتے ہیں۔ مجھے اپنے کسٹمرز اور اپنے علاوہ کسی کو خوش نہیں کرنا تھا۔ میری کل توجہ اپنے کسٹمرز کی ضروریات اور بہتری کی طرف تھی۔

فطری طور پر کوئی کسٹمر یہ نہیں چاہے گا کہ آپ کا کاروبار پھیلے۔ اس کی خواہش بس یہ ہوگی کہ آپ کی کل توجہ اس کی جانب رہے۔ کاروبار کو بڑھانے کا بہترین طریقہ یہ کہ آپ اپنے موجودہ کسٹمرز کا بہترین خیال رکھیں۔ پھر وہ ساری دنیا میں آپ کی تشہیر کر دیں گے۔ اگر آپ کچھ کرنا چاہتے ہیں تو انتظار مت کریں۔ آج ہی اپنے مجموعی منصوبے کے ایک فیصد سے شروع کر دیں اور دوڑ میں شامل ہو جائیں۔ آپ ان سب لوگوں سے آگے نکل جائیں گے جو ہر وقت کسی معجزے کی تلاش میں رہتے ہیں۔

جوں جوں آپ کا کاروبار فروغ پائے گا آپ کے ارد گرد طفیلیوں کا رش لگ جائے گا۔ وہ سبز باغ دکھا کر آپ کی دولت ہتھیانا چاہیں گے۔ وہ آپ کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھیں گے اور ممکنہ آفات سے آپ کو ڈرائیں گے۔ ان کی باتوں میں ہرگز نہ آئیں۔ آپ ہر کسی کو خوش نہیں کر سکتے۔ جو آپ ہیں یا جو آپ نہیں ہیں لوگوں کو فخر سے اپنے بارے میں بتائیں۔ یہ دنیا بہت بڑی ہے۔ آپ سو میں سے ننانوے چیزیں چھوڑ سکتے ہیں۔ لیکن جس ایک چیز کا انتخاب کریں دل و جان سے اسے اپنی زندگی کا مقصد بنا لیں۔

میں نے ایک اچھا گلوکار بننے کے لیے پندرہ سال ریاضت کی ہے۔ جب کوئی مجھے پہلی بار سنتا ہے تو وہ یہی سمجھتا ہے کہ مجھ میں یہ ہنر فطری طور پر موجود ہے۔ ضروری یہ نہیں کہ آپ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ضروری یہ ہے کہ آپ کیا بننا چاہتے ہیں۔ جہاں تک میرا تعلق ہے مجھے تنہائی میں بیٹھ کر سوچنا، لکھنا اور نئی چیزیں بنانا پسند ہے۔ مجھے کاروباری سودے بازی اور انتظام سازی میں دلچسپی نہیں۔ سو اس کے لیے میں نے اوروں کو رکھا ہوا تھا۔ اور وہ یہ کام شوق سے کرتے تھے۔

لیکن یہاں مجھ سے ایک غلطی ہوئی۔ میں نے ملازمین پر اندھا اعتبار کرنا شروع کر دیا۔ اور سارا کنٹرول ان کے حوالے کر دیا۔ معاملات اتنے خراب ہوئے کہ ایک دن مایوس ہو کر میں نے تمام عملے کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ مگر کام کے تسلسل کی خاطر مجھے خود پیچھے ہٹنا پڑا۔ میں نے کمپنی کو خیر باد کہہ دیا۔ سبق یہ حاصل ہوا کہ جب آپ کسی کو کام کی ذمہ داری سونپیں تو اس سے مکمل بے خبر نہ ہو جائیں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ ایک دن معاملات آپ کے قابو سے باہر ہو جائیں۔ آپ پچاسی کی بجائے پانچ ملازمین کے ساتھ بھی کام کر سکتے ہیں۔ اور جہاں تک میرا تعلق ہے تو مجھے اکیلے کام کرنا ہی پسند ہے۔

کاروبار چلانا ایک آرٹ ہے۔ آپ کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ آپ نئی نئی چیزیں تخلیق کر سکتے ہیں۔ آپ دنیا کو متاثر کر سکتے ہیں۔ اور اپنے کام سے لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔

فرحان خالد

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

فرحان خالد

فرحان خالد تعلیمی اعتبار سے انجنیئر ہیں. ایک دہائی سے سافٹ ویئر انڈسٹری سے منسلک ہیں. بچپن سے انہیں مصوری، رائٹنگ اور کتابیں پڑھنے کا شوق ہے. ادب اور آرٹ کے شیدائی ہیں.

farhan-khalid has 38 posts and counting.See all posts by farhan-khalid