عدم مساوات: رہاست مدینہ سے ناروے تک؟


نئے پاکستان کی بات ابھی ختم نہیں ہوئی۔ اگرچہ دھیمے لہجے میں ہی سہی، مگر اب بھی گاہے یہ بات سنائی دیتی ہے۔ ںئے پاکستان کے نام پر کبھی ہم رہاست مدینہ کے قیام کی قسم کھاتے ہیں۔ اور کبھی سویڈن و ناروے جیسی مساوات اور انصاف کا دعوی کرتے ہیں۔ ان نیک خواہشات اور بلند عزائم کے باوجود مگر تلخ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے ہاں دن بدن امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھتا جا رہا ہے۔ معاشی عدم مساوات میں اس تیز رفتاری سے اضافہ ہو رہا ہے کہ یہ ہمارے وقت کا سب سے بڑا معاشرتی اورمعاشی مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔

معاشی و سماجی عدم مساوات کی گونا گوں وجوہات ہیں۔ یہ مسئلہ انتہائی سست رفتار معاشی ترقی اور طبقاتی تقسیم سے جڑا ہے۔ اس مئسلے سے عام آدمی متاثر ہوتا ہے۔ یہ معاشرتی عدم اطمینان اور بدامنی کو فروغ دیتا ہے۔ اس سے لوگوں میں مایوسی اور بے چینی بڑھتی ہے۔

عدم مساوات کو لے کر اب سوال کسی مشرقی یا مغربی ماڈل کے انتخاب کا نہیں ہے۔ یا عوام کو اس بات پر قائل کرنے کی ضرورت نہیں ہے کہ دنیا میں کون سا معاشی و سیاسی نظام مثالی ہے؟ یا کس نظام کی کیا برکات اور حاصلات ہیں؟ اب صورت حال اس مراحلے سے آگے گزر چکی ہے۔ اب اصل مسئلہ معاملات کی درستگی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا ہے۔ غریب عوام کو اپنی غربت اور بے چارگی کے خاتمے سے دلچسپی ہے۔ ان کواب اس بات پر قائل کرنے کی مزید ضرورت نہیں ہے کہ وہ پسماندگی اور نا انصافی کا شکا ر ہیں۔ اور ان کی زندگیوں میں حقیقی اور خوشگوار تبدیلی کے لیے معاشی و سماجی انصاف کی ضرورت ہے۔ اس کام کے لیے آپ ریاست مدینہ کا ماڈل پیش کریں یا سویڈن و ناروے کے قصے بیان کریں، اس سے عوام کو چنداں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ہماری یہ دنیا بحیثیت مجموعی عدم مساوات کی شکار ہے۔ کوئی نظام مثالی نہیں، اور کسی بھی ملک کا نظام مکمل اور بے داغ نہیں ہے۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ ہمارے اس معاشی عدم مساوات اور سماجی نا انصافی کے دور میں کچھ ممالک میں عوام کو وہ زندگی میسر ہے، جس کو ہم ماڈل قراردیکر اپنے عوام کے لیے اس کی خواہش کر سکتے ہیں۔ ان ممالک میں ڈنمارک، فن لینڈ، آئس لینڈ، ناروے اور سویڈن جیسے ممالک سرفہرست ہیں۔ ان ممالک میں کسی حد تک وہ معاشی وسماجی مساوات موجود ہے، جس کا دوسرے ممالک خواب دیکھ سکتے ہیں۔ لہذا یہ قدرتی بات ہے کہ پاکستان جیسے تیسری دنیا کے غریب ممالک ہی نہیں بلکہ ترقی یافتہ دنیا کے امیر ترین ممالک بھی اپنے ہاں زیادہ مساوی معاشرے کی تشکیل کے لیے ان ممالک کے معاشی و سماجی ڈھانچوں اور نظام سے رہنمائی لے سکتے ہیں۔

عدم مساوات کے باب میں قابل رشک اقدامات کرنے کے باوجود یہ بات بھی نہیں ہے کہ ان ممالک میں بسنے والے انسانوں کے تمام مسائل حل ہو چکے ہیں۔ سکینڈے نیویا کے یہ ممالک مخلوط معیشتوں والے جمہوری ممالک ہیں، جو زیادہ تر سماجی جمہوریت کے تصورات کے زیر اثر ہیں۔ وہ کلاسیکی معنوں میں کوئی سوشلسٹ ممالک نہیں ہیں۔ وہ مرکزی سطح پر منصوبہ بند معیشت کی بجائے آزادمالی منڈیوں سے جڑے ہیں، حالانکہ ریاست معیشت کے نظم و نسق میں اسٹریٹجک کردار ادا کرتی ہے، اور ملک کے معاشی بندوبست میں مداخلت کرتی ہے۔ ان ممالک کے پاس سرمایہ دارانہ مروجہ قانون رائج ہیں جو ذاتی و نجی ملکیت کو تحفظ دیتے ہیں۔ کارپوریٹ املاک کی حفاظت کرتے ہیں۔ نجی معاہدوں اور لین دین کے معاملات کو نافذ کرنے کے سخت قوانین موجود ہیں۔

ان ممالک کی کہانی کامیابی کی کہانی ہے، جو یہ ثابت کرتی ہے کہ سرمایہ دارانہ ممالک میں بھی خاطر خواہ فلاحی ریاستیں ممکن ہیں، اگرچہ اس قسم کی فلاحی ریاستوں کے قیام سے طبقاتی تقسیم مکمل طور پر ختم نہیں ہوتی۔ لیکن غربت، بے روزگاری اور بے گھری جیسے سگنین مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

کسی بھی ملک میں معاشی وسماجی عدم مساوات کی ایک بڑی وجہ آمدنی کی عدم مساوات ہے۔ پاکستان میں آمدنی کی تقسیم میں نا انصافی کا معاملہ عیاں ہے۔ یہ اتنا صاف دکھائی دیتا ہے کہ اس کے لیے اعداد و شمار کے گورکھ دھندے میں پڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس عدم مساوات کا اظہار ہماری روز مرہ زندگی میں نمایاں ہے۔ ہماری گلیوں، محلوں اور سڑکوں پر اس کا اظہار عام ہے۔ آمدنی میں یہ عدم مساوات غربت زدہ لوگوں کے رہن سہن اور طرز زندگی سے واضح طور پر چھلکتا ہے

سماجی و معاشی عدم مساوات کی دوسری بڑی اور اہم وجہ کسی بھی ملک میں دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ہوتی ہے۔ دولت کی یہ غیر منصفانہ تقسیم صرف تیسری دنیا کے غریب اور پسماندہ ممالک میں ہی نہیں، ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک میں بھی ہے۔ البتہ فرق یہ ہے کہ تیسری دنیا کے غریب ممالک میں یہ تقسیم سر عام دکھائی دیتی ہے۔ لیکن اگر اعدا و شمار کی روشنی میں دیکھا جائے تو سکنڈے نیویا کے کچھ ممالک کی نسبت امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک میں یہ تقسیم صاف دکھائی دے گی۔

معاشی و سماجی عدم مساوات کا اظہار مختلف ممالک کے اندر عومی فلاح و بہبود اورانسانی ترقی کے اشاریوں سے بھی ہوتا ہے۔ اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹوں میں دنیا میں انسانی ترقیاتی انڈیکس میں ناروے اور ڈنمارک شاندار کارکردگی والے پہلے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

عدم مساوات کا کرپشن اور بد عنوانی سے بہت گہرا تعلق ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے تیار کردہ بدعنوانی کے سالانہ انڈیکس کے مطابق، ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے اور سویڈن دنیا ان کے چھ ممالک میں شامل ہیں جن میں سب سے کم ترین بدعنوانی ہے۔ بد عنوانی کے ان اعداد و شمار کا دوسرے ممالک سے تقابل کیا جائے تو برطانیہ دسویں، امریکہ 18 ویں نمبر پر ہے۔

آزادی اظہار رائے کا بھی عدم مساوات سے گہرا تعلق ہوتا ہے۔ جہاں ذرائع ابلاغ آزاد ہوں وہاں لوٹ گھسوٹ اور نا انصافی تیزی سے بے نقاب ہوتی ہے۔ اس نظر سے دیکھا جائے توآزادی صحافت کے عالمی اشاریہ میں یہ ممالک ہر سال سب سے اوپر کی پوزیشن حاصل کرتے ہیں۔

معاشی ترقی اور خوشحالی کے لحاظ سے ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک کے برابر ہونے کے علاوہ ان ممالک کا کارہائے نمایاں فلاحی ریاستوں کا قیام ہے۔ ان ریاستوں میں مفت تعلیم، مفت علاج، روزگار کی ضمانت، جمہوری اور شہری آزدیوں کی ضمانت نے شہریوں کے ریاست پر اعتماد کو بڑھایا ہے۔ یہ فلاحی معاشرے بھاری ٹیکسوں پر چلتے ہیں۔ یہ ٹیکس ادا کرنے والے لوگ اپنی امدنی کا بہت بڑا حصہ ریاست کے حوالے کرنے کے باوجود پر مسرت زندگی گزارتے ہیں۔

ہر ملک و قوم کی کچھ اپنی خصوصیات اور نفسیاتی کردار ہوتا ہے۔ اس لیے کسی ایک ملک کے کامیاب نظام کوہوبہو دوسرے ملک میں نافذ کرنے کے یکساں نتائج نہیں نکل سکتے۔ لیکن کچھ ایسے عناصر ضرور ہیں، جن کی حیثیت یونیورسل اور یکساں ہوتی ہے۔ پاکستان ان ممالک سے جن چیزوں میں سبق سیکھ سکتا ہے وہ اظہار اور میڈیا کی آزادی، کریپشن کا خاتمہ اور شفاف نظام ہے، جس میں عوام کے بنیادی حقوق اور شہری آزادیوں کو مکمل تحفظ حاصل ہو، اور یہ چیزیں سماجی و معاشی عدم مساوات کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).