حرام اجزا پرمشتمل کورونا ویکسین کا مسلمانوں کے لیے استعمال جائز قرار
دبئی میں اماراتی فتوی کونسل نے کورونا وائرس کی حرام اجزا پرمشتمل ویکسین کا مسلمانوں کے لیے استعمال جائزقراردے دیا۔
متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل نے کورونا وائرس کی حرام اجزا پرمشتمل ویکسین کا مسلمانوں کے لیے استعمال جائز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حرام اجزاء پر مشتمل ویکسینز کے استعمال کی اسلام میں ممانعت ہے لیکن اگر وبا کے خلاف کوئی متبادل موجود نہ ہو تو پھرایسی ویکسین استعمال کی جا سکتی ہے۔ دیگرممالک کی طرح اب متحدہ عرب امارت میں بھی شہریوں کو کورونا وائرس کی ویکسین مفت لگانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
فتوی کونسل نے کہا کہ کووِڈ-19 ایک وبائی مرض ہے اوریہ ایک فرد سے دوسرے فرد میں منتقل ہوسکتا ہے، اس سے ہزاروں افراد کی زندگیوں کو خطرہ ہے اور اس غرض سے وبائی امراض کے وقت ایسی ادویہ کا استعمال جائز ہے تاکہ کسی بھی ایک متاثرہ شخص سے پورا معاشرہ ہی دوچار نہ ہوجائے۔
دوسری جانب امریکا کی دوا ساز کمپنیوں نے تیار کردی کورونا ویکسینز میں سؤر کے گوشت سے بنی مصنوعات کو شامل کرنے کے بیان کو مسترد کر دیا ہے۔


