پیارے یوٹیوبر! جانوروں کو عزت دو


گزشتہ دنوں لاہور کے ایک یوٹیوبر نے ویڈیو بنانے کے لیے عجیب کام کیا کہ ایک پریشر ہارن لیا اور سوئے ہوئے کتوں کو جگانے کا بیڑہ اٹھایا۔ کتے کے پاس جا کر پریشر ہارن بجایا جاتا تو کتے کے چودہ طبق روشن ہو جاتے اور ماجرا سمجھنے سے پہلے جدھر راہ ملتی دوڑ لگا دیتا۔ جب کچھ سمجھ میں آتا تو کتا دور جا کر احتجاجاً بھونکتا تاکہ بھرم قائم رہے۔ موصوف یوٹیوبر کھل کھلا کر ہنستے اور نیا شکار ڈھونڈنے کو روانہ ہو جاتے۔ عوام نے اس حرکت پر شدید احتجاج کیا اور پیغام ریکارڈ کیے تو جناب نے وڈیو چینل سے ہٹا دی اور وڈیو پیغام میں معذرت کی اور آئندہ ایسی حرکت سے اجتناب کا وعدہ کیا۔

چلئے ان کا معاملہ کسی نتیجے پر پہنچا مگر جاننے کی ضرورت ہے کہ ایسا مواد بنانے کی ضرورت کیوں پیش آئی تو تھوڑی ریسرچ کے بعد پتا چلا کہ اگر آپ کا یوٹیوب چینل ہے تو آپ کو مواد ڈھونڈنے اور اس کی پروموشن پر بہت محنت کرنی پڑتی ہے کیونکہ ڈیجیٹل فورم پر مقابلہ بہت سخت ہے۔ لہذا پرینک متعارف کروائے گئے جو کہ ویوز حاصل کرنے کا آسان ذریعہ ہے یعنی اگر آپ سڑک پر اچھے بھلے موڈ میں جا رہے ہیں اور ایک اجنبی آپ سے آ کر الجھنا شروع کر دیتا ہے۔

لازمی بات ہے آپ غصہ کریں گے اور مارنے کی کوشش بھی کریں گے تب جا کر قلعی کھلتی ہے کہ شوٹنگ ہو رہی ہے۔ آپ کو کیمرہ میں دیکھ کر ہاتھ ہلانے کا کہا جاتا ہے تب اپنے آپ کو چغد محسوس کر رہے ہوتے ہیں۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ یوٹیوبرز کے مطابق لوگوں کی فرمائش ہوتی ہے۔ لوگ ایسا مواد دیکھنا پسند کرتے ہیں یعنی کامیڈی کا معیار بھی اس حد تک گر چکا ہے۔ انسانوں کو تنگ کرنے کے بعد اب باری جانوروں کی آ گئی ہے۔ ابتدا یوں ہوئی کہ کتا سویا ہوا ہوتا ہے اور شیر کی ڈمی اس کے چہرے کے سامنے رکھ دی جاتی ہے، ساتھ میں ٹیپ ریکارڈر منسلک ہوتا ہے۔

شیر کی دھاڑ جب بجائی جاتی ہے تو کتے کی دوڑ دیکھنے والی ہوتی ہے۔ پاکستان میں ہی نہیں دوسرے ممالک میں بھی ایسے تجربات کیے گئے ہیں۔ مگر سوال اپنی جگہ عوام یہ سب کیوں دیکھنا چاہتے ہیں؟ ایسا ہی آپ کے ساتھ ہو تو پھر کیا تاثرات ہوں گے؟ آپ روڈ پہ اپنے خیالات میں مگن جا رہے ہوں اور کان کے قریب ٹرک کا ہارن بجے تو آدھا بندہ تو وہیں فنا ہو جاتا ہے۔ اب انسان کو اللہ نے زبان دی ہے تو وہ احتجاج کر سکتا ہے۔ جانور بے چارا کیا کرے؟

تمام مذاہب میں جانوروں سے حسن سلوک کا حکم دیا گیا ہے تو میری گزارش ہے کہ اگر آپ کسی کے ساتھ بھلا نہیں کر سکتے تو برا بھی نا کریں۔ لطف اٹھانے کی بجائے اس حرکت پر آواز اٹھائیں۔ اگر ایسا نہیں کر سکتے تو جب ایسی وڈیو دیکھیں تو رپورٹ کا آپشن بھی ہوتا ہے اسے استعمال کریں۔ انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کے حقوق بھی ادا کریں، اگر اس کی سکت نہیں تو کم از کم تنگ تو نا کریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).