کالا بکرا اور قومی سلامتی


\"\"

پاکستانی بھائیو، سی پیک شاہراہوں کی سلامتی کا کیا پلان ہے؟
چینی بھائیو۔ ہم اس کے لئے پورا ایک ڈویژن بنانے کا سوچ رہے ہیں۔ بلیک بکرا فورس۔ سی پیک سڑکوں پر ہر پچاس کلومیٹر کے بعد ایک کالا بکرا فارم ہو گا جہاں روزانہ کالا بکرا قربان کیا جائے گا اور سی پیک تمام آفات و بلیات اور دہشت گردوں سے سو فیصد محفوظ رہے گی۔

زرداری صاحب، آپ کی صدارت کے پانچ سال مکمل ہوتے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ جنرل کیانی مارشل لا لگا دیں گے۔ آپ نے اپنے تحفظ کا کچھ بندوبست کیا ہے؟
پریشان مت ہوں۔ ہم مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ فول پروف تحفظ کی ضمانت مل چکی ہے۔ پیر صاحب کے حکم پر ایوان صدر میں روز ایک کالا بکرا قربان کیا جاتا ہے۔

\"\"عمران خان کے دھرنوں اور پنکچروں کے باوجود مرکزی حکومت اتنی مستحکم کیوں ہے؟
میاں صاحب روز کالے بکرے کی قربانی دیتے ہیں اور حکومت کو مزید بھاری کرنے کے لئے ناشتے میں اسی کے سری پائے کھا جاتے ہیں۔

وزیر داخلہ صاحب، ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد تو تلور پر رکھی گئی ہے۔ جب تک تلور دستیاب ہیں، ہمارے دوست ہمارا ساتھ دیتے رہیں گے۔ ہماری داخلہ پالیسی میں ہمارے تحفظ کا کیا بندوبست کیا گیا ہے؟
صحافی صاحب۔ ہم نے داخلی سلامتی کے لئے کثیر فنڈ مختص کر دیے ہیں۔ ملک بھر میں ہر تھانے میں کالے بکروں کی فارمنگ کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ ہر تھانیدار کو پابند کیا گیا ہے کہ صبح خود بکرے کے گلے پر چھری پھیرے تاکہ تھانے کی حدود سے سٹریٹ کرائم سے لے کر دہشت گردی تک کا خاتمہ ہو جائے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کالا بکرا ہماری سلامتی کا ضامن ہے اور اس کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

\"\"

وزیر دفاع صاحب۔ بھارت کے عزائم خطرناک لگ رہے ہیں۔ کل پرسوں ہی لائن آف کنٹرول پر بچوں کی وین کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ آپ نے شہریوں کے تحفظ کی خاطر کیا اقدامات اٹھائے ہیں؟
آپ مطمئن رہیں۔ ہم غافل نہیں ہیں۔ ہم نے ہنگامی بنیادوں پر کالے بکروں کی ایک بڑی تعداد کو سرحدوں پر بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔

پی آئی اے کے چیئرمین صاحب۔ جہازوں کے حادثات کی خبریں تواتر سے آ رہی ہیں۔ گزشتہ ہفتے دس دن میں ہی پہلے چترال سے اسلام آباد جانے والا جہاز گرا۔ پھر ملتان سے کراچی جانے والے جہاز کو ٹیک آف سے عین پہلے انجن کی خرابی کا شکار ہو کر رکنا پڑا۔ اب لاہور سے کوالالمپور جانے والی فلائیٹ کے ہائیڈرالک پائپ پھٹ گئے اور اس کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی۔ آپ مسافروں کے تحفظ کے لئے کیا کر رہے ہیں؟
ہم جہاز کے عین پہلو میں رن وے پر ہی کالے بکرے قربان کر رہے ہیں۔

\"\"

رکو رکو۔ میچ سے پہلے انضمام الحق اور مصباح الحق چھریاں لہراتے پچ کی طرف کیوں آ رہے ہیں؟
وہ اپنی جیت کو یقینی بنا رہے ہیں۔ پیچھے پیچھے وہاب ریاض کالا بکرا لا رہا ہے۔ پچ پر قربانی کریں گے۔

اگر کالے بکرے ہمارے تحفظ میں ناکام رہے تو ہم کیا کریں گے؟
ہم اپنا سب سے مہلک اور خفیہ ہتھیار استعمال کر دیں گے۔ کالی بھینس۔


Facebook Comments HS

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1544 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar