جواد احمد کا ‘کسانا’ بھارت میں مقبول


پاکستانی گلوکار جواد احمد۔
پاکستانی گلوکار جواد احمد کا بھارتی کسانوں کی حمایت میں ریلیز کیا گیا گانا ‘کسانا’ بھارت میں وائرل ہو گیا ہے۔

اس گانے کی ریلیز پر بھارتی کسانوں نے جواد احمد کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ بھارت میں حکومت کی پالیسیوں کے خلاف کئی ہفتوں سے جاری مظاہروں کے دوران جواد احمد کا گانا ‘کسانا’ مسلسل بجایا جا رہا ہے۔ تین منٹ کے دورانیے پر مشتمل اس گانے میں جواد احمد نے معاشرے کے لیے کسانوں کی خدمات کو سراہا ہے اور کسانوں کا ساتھ دینے کی بات کی ہے۔

جواد احمد نے ‘کسانا’ دسمبر 2020 میں ریلیز کیا تھا اور اسے یوٹیوب پر اب تک ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں۔ جواد احمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے ’کسانا’ بھارتی کسانوں کی تحریک سے متاثر ہو کر تیار کیا تھا۔ وہ اپنے گانے کو بھارتی کسانوں کے نام کرتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں جواد احمد کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں کسانوں کے حق کے لیے آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔

‘کسانا’ کے بھارتی سوشل میڈیا پر بھی چرچے ہیں اور صارفین گانے کی تعریف کے ساتھ ساتھ اسے شیئر بھی کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر پر متعدد بھارتی صارفین نے کسانوں کے لیے خصوصی گانا بنانے پر جواد احمد کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ بھارت میں ستمبر 2020 سے نئے زرعی قوانین کے خلاف کسان سراپا احتجاج ہیں اور اب تک مظاہروں کے دوران مختلف واقعات میں 70 کسان ہلاک ہو چکے ہیں۔

بالی وڈ کے اسٹارز دلجیت دوسانج، پریانکا چوپڑا اور سوارا بھاسکر بھی بھارتی کسانوں کے مظاہروں میں شرکت کر چکے ہیں لیکن کسی بھارتی گلوکار نے کسانوں کے لیے کوئی گانا تیار نہیں کیا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa